باندھی کمر ہے شہ نے شہادت کے واسطے (سلام از بہادر شاہ ظفر)

حسان خان

لائبریرین
باندھی کمر ہے شہ نے شہادت کے واسطے
اے مجرئی شفاعتِ امت کے واسطے
سر کاٹا اس جنابِ ہدایت مآب کا
بلوا کے گمرہوں نے ہدایت کے واسطے
کھانا اگر ہے زخم تو پانی ہے آبِ تیغ
مہمانِ کربلا کی ضیافت کے واسطے
زین العبا وہ آبروئے دو جہان ہے
دُرِ یتیم بحرِ امامت کے واسطے
جاتا ہے ہائے دھوپ میں پیاسا، برہنہ پا
کوئی نہیں ہے جائے اقامت کے واسطے
کرتے تھے آبِ خنجر و شمشیر سے وضو
شبیر قتل گہ میں عبادت کے واسطے
روحِ نبی و روحِ علی، روحِ فاطمہ
تھی گرد لاش شہ کی حفاظت کے واسطے
شبیر سے یہ عرض کی حُر نے کہ یا امام
آیا ہے یہ غلام بھی خدمت کے واسطے
گر حکم ہو تو پہلے ہوں میں آپ پر فدا
حاضر ہے جان تک مری حضرت کے واسطے
کھو بیٹھے اپنی دولتِ ایمان و دیں لعین
دنیا میں چند روز کی ثروت کے واسطے
اے دل غمِ حسین میں شورابۂ سرشک
شربت ہے تشنگیِ قیامت کے واسطے
رکھو ظفر پہ لطف و عنایت کی تم نظر
شاہا جنابِ شاہِ ولایت کے واسطے
(سراج الدین بہادر شاہ ظفر)
 
عسکری

معطل
یار یہ بہادر شاہ ظفر بھی عجیب بندہ تھا ملک چھنوا بیٹھا پر شاعری میں مست رہا :grin: اوپر جا کر بابر نے اس کی خوب خبر لی ہو گی :laugh:
 
حسان خان

لائبریرین
یار یہ بہادر شاہ ظفر بھی عجیب بندہ تھا ملک چھنوا بیٹھا پر شاعری میں مست رہا :grin: اوپر جا کر بابر نے اس کی خوب خبر لی ہو گی :laugh:

جس کی سلطنت صرف نام کی رہ گئی ہو، وہ شاعری نہ کرے تو کیا کرے :)

ویسے بابر بھی صاحبِ دیوان شاعر تھا، بس فرق یہ ہے کہ بابر قلم کے ساتھ ساتھ اسلحہ چلانا بھی جانتا تھا۔ :)
 
عسکری

معطل
جس کی سلطنت صرف نام کی رہ گئی ہو، وہ شاعری نہ کرے تو کیا کرے :)

ویسے بابر بھی صاحبِ دیوان شاعر تھا، بس فرق یہ ہے کہ بابر قلم کے ساتھ ساتھ اسلحہ چلانا بھی جانتا تھا۔ :)
مطلب ٹائم پاس بادشاہ تھا بس پھر تو ایسا ہونا ہی تھا:mrgreen:
 
یار یہ بہادر شاہ ظفر بھی عجیب بندہ تھا ملک چھنوا بیٹھا پر شاعری میں مست رہا :grin: اوپر جا کر بابر نے اس کی خوب خبر لی ہو گی :laugh:
کیا بات کرتے ہیں آپ بھی!
ایسٹ انڈیا کمپنی 1757 میں انڈیا میں کلی طور پر حکومت سنبھال چکی تھی اور بہادر شاہ ظفر 1775 میں پیدا ہوا۔
1757 کے بعد آنے والے تمام مغل بادشاہوں کی حکومت ٖ قلعہ تک محصور تھی 1857 میں وہ بھی گئی۔
 
الف نظامی

لائبریرین
اے دل غمِ حسین میں شورابۂ سرشک
شربت ہے تشنگیِ قیامت کے واسطے

اللھم صلی علی محمد و علی آل محمد و بارک و سلم
 
سید زبیر

محفلین
سبحان اللہ بہت خوبصورت کلام
باندھی کمر ہے شہ نے شہادت کے واسطے
اے مجرئی شفاعتِ امت کے واسطے
جزاک اللہ
 
سبحان اللہ ۔ ۔ ۔ کیسا روحانی کلام ہے۔ میر صاحب نے صحیح فرمایا تھا کہ ؎
انیؔس عمر بسر کردو خاکساری میں۔
کَہیَں نہ یہ کہ غلامِ ابو تراب نہ تھا۔
 
Top