باجوڑ ایجنسی :دہشت گردوں کیخلاف ممکنہ کارروائی ،لوگوں کی نقل مکانی

باجوڑ ایجنسی :دہشت گردوں کیخلاف ممکنہ کارروائی ،لوگوں کی نقل مکانی

15 جولائی 2014 (11:36)

خار، باجوڑ ایجنسی (ما نیٹرنگ ڈیسک )باجوڑایجنسی کی تحصیل لوئی ماموند میں دہشت گردوں کے خلاف ممکنہ کارروائی کے پیش نظر لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا کام آج سے شروع کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں باجوڑایجنسی کی تحصیل لوئی ماموند کے سرحدی علاقے غاخی میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، حملے کے بعد تحصیل کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا اور لوگوں کو گزشتہ روز شام6 بجے تک اپنے گھر خالی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ جس کے بعد سے اب تک 650 خاندان ہیڈکوارٹر خار اور تحصیل واڑ ماموند کے علاقوں میں اپنے رشتے داروں اور دیگر جگہوں پرنقل مکانی کرچکے ہیں۔ پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ سید عبدا لجبار شاہ کے مطابق نقل مکانی کرنےوالوں کے لئے تحصیل لوئی ماموند کی خارجی چیک پوسٹوں صدیق آباد اور عمری پر رجسٹریشن پوائنٹ بنائیں جائیں گے جہاں آج سے لوگوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

http://dailypakistan.com.pk/zarb-e-azb/15-Jul-2014/123167
 
Top