ایک کاوش برائے اصلاح

محترم اساتذہ ء کرام الف عین
راحیل فاروق سید عاطف علی
اور دیگر اساتذہ ء کرام

رہے دل میں ارماں ہمارے بھی کیا کیا
سہے ہیں یہ قسمت کے مارے بھی کیا کیا

اگر ہم نے جیتی ہیں یادیں تری تو
خبر ہے تجھے کچھ کہ ہارے بھی کیا کیا

تجھے یوں لگے ہے تو تنہا گیا ہے
گئے ساتھ تیرے سہارے بھی کیا کیا

تکبر کہ ایسا بھی اچھا نہیں ہے
ہوئے ہیں یہاں خاک پیارے بھی کیا کیا

سکون و فراغت خوشی اور دل و جاں
کہ صدقے ترے ہیں اُتارے بھی کیا کیا
 
اچھی کاوش ہے، بھائی۔ :):):)
رہے دل میں ارماں ہمارے بھی کیا کیا
سہے ہیں یہ قسمت کے مارے بھی کیا کیا
دوسرے مصرعے میں یہ کا مشار الیہ واضح نہیں۔ ارمان مراد ہیں؟ اگر ہاں تو ارمانوں کا سہنا چہ معنیٰ دارد؟
اگر ہم نے جیتی ہیں یادیں تری تو
خبر ہے تجھے کچھ کہ ہارے بھی کیا کیا
خوب صورت خیال ہے۔ بلکہ بہت خوب صورت!
مگر مصرعِ اولیٰ کو ذرا ادل بدل کر دیکھیے۔ شاید اور بہتر ہو جائے۔
تجھے یوں لگے ہے تو تنہا گیا ہے
گئے ساتھ تیرے سہارے بھی کیا کیا
یہ شعر بھی اچھا ہے مگر پہلے مصرعے کی بنت ناقص ہے۔ اسے مثال کے طور پر یوں کیا جا سکتا ہے:
اکیلا نہیں تُو گیا جانے والے​
تکبر کہ ایسا بھی اچھا نہیں ہے
ہوئے ہیں یہاں خاک پیارے بھی کیا کیا
پہلے مصرعے میں کہ حشو ہے۔ یعنی بھرتی کا ہے۔ دوسرے مصرعے میں پیارے کا لفظ اچھا لگتا ہے مگر اور اچھا لگے اگر مصرعِ اولیٰ میں بھی اس کی کوئی رعایت رکھی جائے۔
سکون و فراغت خوشی اور دل و جاں
کہ صدقے ترے ہیں اُتارے بھی کیا کیا
پہلے مصرعے میں عطف کا شتر گربہ سا ہو گیا ہے۔ کہیں فارسی حرفِ عطف اور کہیں اردو۔ دوسرا مصرع بھی خوب نہیں۔ اس شعر کو بدل دیں تو اچھا۔
 

الف عین

لائبریرین
راحیل فاروق سے متفق ہوں۔
اگر ہم نے جیتی ہیں یادیں تری تو
خبر ہے تجھے کچھ کہ ہارے بھی کیا
کچھ یوں لگتا ہے کہ تری تو ایسی کی تیسی!!!! ’تری تو‘ بدل دو۔ اگر جیت کر پائی ہیں تیری یادیں، یا اس قسم کا کچھ اور مصرع
 
سر راحیل فاروق الف عین بہت بہت شکریہ آپ کی اصلاح کا
کیااب یہ اشعار درست ہیں؟
سر مطلع کےلئے کوئی تجویز؟

نہیں حسن کو بھی ثبات اس جہاں میں
ہوئے ہیں یہاں خاک پیارے بھی کیا کیا

تری چند یادوں کی خاطر اے جاناں
خبر ہے تجھے کچھ کہ ہارے بھی کیا کیا

اکیلا کہاں تو گیا جانے والے
گئے ساتھ تیرے سہارے بھی کیا کیا
 

الف عین

لائبریرین
نہیں حسن کو بھی ثبات اس جہاں میں
ہوئے ہیں یہاں خاک پیارے بھی کیا کیا
۔۔دوسرے مصرع کا بیانیہ اچھا نہیں لگتا

تری چند یادوں کی خاطر اے جاناں
خبر ہے تجھے کچھ کہ ہارے بھی کیا کیا
۔۔ درست ہے۔ اگر ’اے جاناں‘ کی جگہ کچھ اور ہو تو بہتر ہے۔

اکیلا کہاں تو گیا جانے والے
گئے ساتھ تیرے سہارے بھی کیا کیا
۔۔درست

در اصل زمین ایسی چنی گئی ہے کہ قوافی درست فٹ ہونا مشکل ہے۔ مطلع اس لیے اور بھی مشکل ہے
 
سر الف عین کیا اب کچھ بات بن جائے گی۔ آپ نے بالکل ٹھیک کہا بہت ہی مشکل زمین ثابت ہوئی ہے میری لئے- آئندہ کیلئے آسان اور رواں زمین کا انتخاب کیا کروں گا تاکہ شعر آسانی سے نکل سکیں

اُٹھائے ہیں ہم نے خسارے بھی کیا کیا
سہے ہیں ترے غم کے مارے بھی کیا کیا

نہیں حسن کو بھی ثبات اس جہاں میں
ہوئے ہیں جی برباد پیارے بھی کیا کیا

تری چند یادوں کی خاطر ستم گر
خبر ہے تجھے کچھ کہ ہارے بھی کیا کیا
 

الف عین

لائبریرین
اصل میں ’بھی‘ اضافی ہے۔ بھی کے بغیر کچھ درست ہو سکتا ہے۔ ہارے والا شعر تو درست لگتا ہے، لیکن بقیہ دو اشعار نہیں۔
 
Top