ایڈمنسٹریٹر کراچی، 3 ایم سیز کا چارج ایم کیوایم کو مل جائے گا، سندھ حکومت جامعات کا کنٹرول مجھے دینے پر رضا مند، گورنر سندھ

26 نومبر ، 2022

کراچی (منہاج الرب ، سہیل افضل ،عظیم ثمر) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نےکہاہےکہ پیپلز پارٹی نے سندھ کی سرکاری جامعات کا کنٹرول واپس گورنر کو دینے پر رضا مندی ظاہر کر دی ،سندھ حکومت سے اچھا رابطہ ہے ، مسائل حل کرنے میں صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کر رہی ہے ،ایڈمنسٹریٹر کراچی کا عہدہ اور 3ڈی ایم سی کا چارج بھی ایم کیو ایم کو مل جائے گا ،میرا مقصد سیاسی پارٹیوں اور مختلف مسالک کے درمیان نفرت کو ختم کر کے ہم آہنگی اور محبت پیدا کرنا ہے ،کراچی میں تعلیم،صحت کے مسائل حل کرنا پہلی ترجیح ہے ،بچوں اور نوجوانوں کے لئے کھیل کے میدان آباد کرنا اور شہر قائد کا کلین اینڈ گرین امیج سامنے لانا میں نے اپنا مقصد بنایا ہے ،میرے پاس اختیارات نہیں لیکن جو اختیارات رکھتے ہیں ان سے کام لیا جاسکتا ہے، عوامی رابطہ بڑھانے کے لئے 1366 کی سروس شروع کی جا رہی ہے ،گورنر ہاؤ س میں نوجوانوں کے لئے جلد آئی ٹی سینٹر کام کرنا شروع کر دے گا ،مجھے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی مکمل سرپرستی حاصل ہے،میرا نام تجویز کرنے والوں میں عامر خان بھی شامل ہیں ،فاروق ستار جلد پارٹی میں ہو نگے،ترقی کے لئے مضبوط بلدیاتی نظام ضروری ہے ۔ جنگ اور دی نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نےکہا کہ سی پی ایل سی کا کنٹرول گورنر کے پاس آجائے گا،پی پی پی اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت بھی گورنر کے چانسلرکے اختیارات کی بحالی شامل ہے، بلاول بھٹو بھی اس کی منظوری دے چکے ہیں ،ایم کیو ایم اور پی پی پی معاہدے کے تحت کے ایم سی ایڈمنسٹریٹر کا عہدہ اور اس کے ساتھ ڈسٹرکٹ ایسٹ، سینٹرل اور کورنگی کا کنٹرول بھی ایم کیو ایم کو مل جائے گا تاہم یہ اس وقت ممکن ہے جب الیکشن ملتوی ہو تے ہیں ،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لئے مضبوط بلدیاتی نظام ضروری ہے کسی بھی شہر کی ترقی کے لئے یہ لازم و ملزوم ہیں ،ان کی بھی خواہش ہے کہ جلد از جلد الیکشن ہوں تاہم حلقہ بندیاں درست کرنا اور بلدیاتی الیکشن سے پہلے میونسپل کارپوریشن کے اختیارات کی بحالی بھی ضروری ہے ،اس طرح میں نہیں چاہتا کہ الیکشن میں خون خرابہ ہو، سیکورٹی کی ذمہ داری بھی ضروری ہے ،سندھ کے گورنر نے کہا کہ میری دوسری ترجیح صحت ہے اس لئے میں عباسی شہید اسپتال گیا ،آصف زرداری سے ملاقات میں بھی میں نے عباسی شہید اسپتال ٹھیک کرنے کاکہا انہوں نے اس پر رضا مندی کے ساتھ فوری احکامات جاری کئے اب جلد اس کے اچھے نتائج آئیں گے،ایک اور بڑا مسئلہ شہر میں کھیلوں کے میدان نہ ہونے کا ہے اس لئے نوجوان چھالیہ گٹکا اور منشیات کی طرف جارہے ہیں اس پر بھی کام شروع کر دیا ہے ،ایڈمنسٹریٹر اور وزیر بلدیات سے 4،4 ملاقاتیں ہو چکی ہیں ،اس سلسلے میں سندھ حکومت تعاون کر رہی ہے ،میری ایک اور ترجیح گرین اور کلین کراچی ہے اس مقصد کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ ملکر کام شروع کیا ہے ،ایئر پورٹ سے باہر نکلتے ہی سامنے والی عمارات کی تزئین و آرائش کا کام جلد شروع ہو جائے گا ،یہ شہر کھنڈرات کا شہر بن چکا ہے اس کا امیج بدلیں گے ،جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ کریں گے ،اس طرح کے کئی اور پروجیکٹ ہیں ،ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میں صوبے کی تمام سیاسی پارٹیوں میں پائی جانے والی نفرت ختم کرنے کا ایجنڈا لیکر آیا ہوں، اس لئے تمام سیاسی جماعتوں سے مل رہا ہوں ،مسالک میں ہم آہنگی کے لئے تمام مسالک کے مدارس جا رہا ہوں ،میرا مقصد محبت اور ہم آہنگی کو پروان چڑھانا ہے ،اسی مقصد کے لئے دسمبر میں گورنر ہاؤس میں سندھ کلچر ڈے منایا جائے گا، گورنر شپ کے مسئلے پر ایم کیو ایم میں اختلافات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میرا نام خواجہ اظہار اور عامر خان نے پیش کیا ، گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے 44 میں 39 افراد شریک تھے ،جو نہیں آسکے وہ شہر سے باہر تھے ،اس طرح پوری رابطہ کمیٹی میرے پیچھے کھڑی ہے ،میری سر پرستی کر رہی ہے ،ہم پارٹی کو اکٹھا کریں گے فاروق ستار جلد پارٹی میں ہونگے ، انہوں نے کہا کہ میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے رابطے میں ہوں ،بزنس کمیونٹی سے میرا رابطہ ہے ،28 ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے مل چکا ہوں ، بھٹو کے بعد پہلی مرتبہ کوئی آئینی سربراہ لیاقت آباد مارکیٹ گیا اور عوام سے براہ راست رابطہ کیا ،ایک سوال پر ان کا موقف تھا کہ ریاست کے خلاف کوئی بیانیہ قابل قبول نہیں ہونا چاہئے ،آئینی عہدے پر عوامی بحث ملک کے مفاد میں نہیں ،مجھے کام کرنے کے لئے اچھے لوگ مل گئے ہیں آنے والے دنوں میں اس کے نتائج سامنے آئیں گے، کامران خان نے کہا کہ نعرے لگانے کی بجائے عملی کام پر میری توجہ ہے ہم نے گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان نہیں کیا لیکن کراچی کے نوجوانوں کو روز گار کے قابل بنانے کے لئے جلد گورنر ہاؤس میں آئی ٹی ٹریننگ سینٹر کام شروع کر دے گااس کے ہم نے کچھ کمرے مختص کر دیئے ہیں۔

نوٹ : اِس خبر کو روزنامہ جنگ سے لیا گیا ہے
 
Top