شاہ نیاز اگرچہ میں سیرِ بتاں دیکھتا ہوں - شاہ نیاز بریلوی

حسان خان

لائبریرین
اگرچہ میں سیرِ بتاں دیکھتا ہوں
ولے جلوۂ حق عیاں دیکھتا ہوں

بنے جس طرح حق پرستی ہوں کرتا
مگر خود پرستی زیاں دیکھتا ہوں

جو رب الحرم ہے صنم بھی وہی ہے
حرم دیر میں ایک ساں دیکھتا ہوں

اِسے برہمن اور اُسے شیخ مانے
یہ آپس کا جھگڑا یہاں دیکھتا ہوں

ازل سے ابد تک جو کثرت ہے پیدا
سو وحدت کا دریا رواں دیکھتا ہوں

نیاز اب کہوں کس سے رازِ حقیقت
یہ عالم سراپا گماں دیکھتا ہوں

بھلا اک غزل اور بھی ایسی کہیو
تجھے میں فصیح البیاں دیکھتا ہوں


(شاہ نیاز بریلوی)
 
Top