انٹیل ، مائیکروسافٹ کی آمدنی میں اضافہ ،گوگل کی آمدنی توقعات سے کم

گوگل نے سنہ دو ہزار گیارہ کے آخری تین ماہ میں آمدنی میں ستائیس فیصد اضافے کا اعلان کیا تاہم یہ اضافہ بھی وال سٹریٹ کی توقعات پر پورا نہیں اترا جس کی وجہ سے گوگل کمپنی کے حصص کی قیمت گر گئی ہے۔گوگل کے حصص کی قیمت دس فیصد کمی کے بعد پانچ سو پچھہتر ڈالر تک پہنچ گئی۔
گوگل نے تین ماہ کے اس عرصے میں دس اعشاریہ چھ ارب ڈالر کی آمدنی ظاہر کی اور اس کا مجموعی منافع چھ اعشاریہ چار فیصد بڑھ کر دو اعشاریہ سات ارب ڈالر رہا۔
گوگل کے چیف ایگزیکٹو لیری پیج کا کہنا تھا کہ گوگل نے ایک بہترین تہائی کے ساتھ ایک بہترین سال کا اختتام کیا۔ انہوں نے کہا ’میں اینڈروئڈ، جی میل اور گوگل پلس کی ترقی کے بارے میں بہت پرامید ہوں۔ آج دنیا بھر میں ان کے نو کروڑ صارفین ہیں جو کہ صرف تین ماہ پہلے اعلان کی گئی تعداد سے دگنے ہیں‘۔
دوسری ٹیکنالوجی کمپنیوں نے بھی اسی عرصے کے نتائج شائع کیے جن میں مائیکروسافٹ اور انٹیل شامل ہیں۔
مائیکروسافٹ نےاسی تہائی میں چھ اعشاریہ چھ دو ارب ڈالر کا منافع کمایا جس سے اس کمپنی کے دی جانے والی مصنوعات اور خدمات کی طلب ظاہر ہوتی ہے۔
دنیا کی الیکٹرونک چپس بنانے کی سب سے بڑی کمپنی انٹیل نے بھی توقعات سے بہتر یعنی آمدنی میں چھ فیصد اضافے کے ساتھ تین اعشاریہ تین چھ ارب ڈالر کمائے جبکہ تھائی لینڈ میں سیلاب کی وجہ سے ان کے کارخانوں میں کام بھی رکا رہا۔
 
Top