امریکی مصنوعات اور ڈالر کا بائیکاٹ کیا جائے

بےباک

محفلین
امریکی مصنوعات اور ڈالر کا بائیکاٹ کیا جائے:مہاتیر محمد

ملائشیا کے سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ''لوگوں کو ضرور کچھ کرگزرنا چاہئے.....اگر وہ کوکا کولا نہیں پئیں گے تو مر نہیں جائیں گے''.
ملائشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے فلسطینیوں پر ریاستی دہشت گردی کے مرتکب اسرائیل کی پشت پناہی کرنے پر کوکاکولا سمیت امریکا کی تمام مصنوعات اور اس کی کرنسی ڈالر کے عالمی سطح پر بائیکاٹ کی اپیل کی ہے.

مہاتیر محمد نے سوموار کو نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت بیشتر ممالک کی حکومتیں دنیا کی واحد سپر پاور امریکا کی آلہ کار بنی ہوئی ہیں اور ممکن ہے وہ اس تحریک کی حمایت نہ کریں،اس لئے عوام اپنے طور پر''فلسطین کو بچانے کے لئے ''کردار ادا کر سکتے ہیں.

واضح رہے کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد دو عشرے سے زیادہ عرصہ تک ملائشیا کے وزیر اعظم رہے ہیں اور اس وقت وہ مسلم دنیا کی ایک توانا آواز تھے.ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے لوگوں کو امریکا کے خلاف غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی حمایت کرنے پر کارروائی کرنی چاہئے.

انہوں نے کہا کہ ''اگر آپ امریکی کرنسی کو قبول کرنا چھوڑ دیں تو امریکا تجارت کر سکے گا اور نہ دولت بنا سکے گا، وہ بہت غریب ہوجائے گا اور وہ لوگوں کو ہلاک کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ ہتھیاروں کی تیاری اور پیداوار بھی بند کر دے گا''.

ان کا مزید کہنا تھا کہ ''ہمیں امریکا سے ہتھیار نہیں خرید کرنے چاہئیں ،اگر ہمارے پاس جہاز ہوں تو ہم اسی طرح کے ہتھیار روس سے خرید سکتے ہیں''.''لوگوں کو ضرور کچھ کرگزرنا چاہئے.....اگر وہ کوکا کولا نہیں پئیں گے تو مر نہیں جائیں گے''.ان کا مزید کہنا تھا.

ڈاکٹر مہاتیر محمد نے نیوز کانفرنس کے دوران غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لئے قرارداد کو ویٹو کرنے پرامریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا.2003ء میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہونےو الے ملائشیا کے سابق وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی کوئی توقع نہیں کہ بارک اوباما کے بیس جنوری کو اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکا کی خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی رونما ہوگی.

انہوں نے کہا:''میرا نہیں خیال کہ امریکا کی اسرائیل کے بارے میں پالیسی میں کوئی تبدیلی آئے گی،جیسا کہ آپ جانتے ہیں اوباما حمایت حاصل کرنے کی غرض سے اسرائیل گئے تھے کیونکہ امریکا میں بڑی تعداد میں یہودی ووٹر موجود ہیں''.

ملائشیا کے سابق وزیراعظم نے امریکا کے سبکدوش ہونے والے صدر''لنگڑی بطخ''صدر بش کو اپنے تئیں ایک بدترین شخص قرار دیا اور کہا کہ بارک اوباما ان جیسے ایک برے شخص کی موجودگی میں ایک اچھا انتخاب ہیں.

ڈاکٹر مہاتیر محمد نے امریکا کے منتخب صدر بارک اوباما کے نام ایک کھلا خط بھی لکھا ہے جس میں ان سے کہا ہے کہ وہ ''اسرائیلی قاتلوں'' کی حمایت کرنا بند کر دیں اور امریکا کا ''غار کے آدمی'' کا رویہ بھی تبدیل کریں''
دعاؤں کا طالب: بےباک
 
Top