امریکہ کے وسط مُدّتی انتخابات: ایوان بالا میں ڈیموکریٹس کی کامیابی اہم کیوں ہے!

علی وقار

محفلین
انتھونی زرکر
بی بی سی، شمالی امریکہ

امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلِکن پارٹی کی کامیابی کے چراغ گُل ہونے کی بات اب سرکاری نتائج کے ذریعے ثابت ہوچکی ہے۔ ڈیموکریٹس نے سینیٹ پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا ہے۔ یہاں ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سینیٹ میں برتری کی کیا اہمیت ہے۔

کروڑوں امریکیوں کے انتخابات میں ووٹنگ کے چار دن بعد، ہفتہ کو رات گئے ریاست نواڈا میں کیتھرین کورٹیز مستو کی تھوڑے سے ووٹوں سے کامیابی نے بالآخر قومی سیاسی جنگ میں فیصلہ کن نتیجہ پیش کردیا۔

امریکی کانگریس کے ایوان بالا یعنی سینیٹ میں ریببلکن پارٹی کی 49 نشستوں کے مقابلے میں ڈیموکریٹس کو 50 نشستیں حاصل ہو گئی ہیں۔ اور اگر ریپبلکن جارجیا میں سینیٹ کی نشست جیت جاتی ہے تو اس صورت میں بھی دونوں پارٹیوں کی برابر کی تعداد یعنی پچاس پچاس نشستیں ہو جائیں گی، اس صورت میں نائب صدر کاملا ہیرِس بلحاظِ عہدہ، ٹائی بریکنگ ووٹ ڈال سکیں گی جو موجودہ حالات میں سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی برتری کی اہم ضمانت ہے۔

یقیناً یہی صورت حال پچھلے دو برسوں سے چلی آرہی تھی اور اس سے صدر جو بائیڈن کے لیے مزید دو سال وفاقی عدالتوں میں اپنی پسند کے ججوں کو نامزد کرنے اور اپنی انتظامیہ کو بڑے پیمانے پر جس طرح سے وہ مناسب سمجھتے ہیں چلانے کی راہ برقرار رہے گی۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر سپریم کورٹ کی کوئی نشست غیر متوقع طور پر کسی جج کی ریٹائرمنٹ یا موت کی وجہ سے خالی ہو جاتی ہے تو ریپبلکن پارٹی مسٹر بائیڈن کی پسند کو روکنے کے قابل نہیں ہوگی۔ ڈیموکریٹس کو یاد ہے کہ کس طرح 2016 میں اس وقت کے سینیٹ کی اکثریت کے ری پبلکن رہنما مچ میک کونل نے براک اوباما کے نامزد امیدوار جج کے معاملے کی سینیٹ میں سماعت کو روکے رکھا تھا۔

ریاست نواڈا میں ڈیمٹوکریٹس کی کامیابی کا مطلب ہے کہ 6 دسمبر کو جارجیا سینیٹ کا رن آف چیمبر کے کنٹرول کا تعین کرنے کے لیے اب کوئی اہم مقابلہ نہیں رہا۔ تاہم مسٹر بائیڈن نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹس کے لیے 51 سیٹیں حاصل کرنا ’بہتر ہے‘۔ ایک نشست سے قطعی اکثریت یعنی 51 ارکان کے ذریعے، یقینی طور پر اکثریت کو سنبھالنا آسان ہوجاتا ہے اور اس سے 2024 میں بھی مدد ملے گی جب پارٹی کو زیادہ خطرے والی نشستوں پر انتخابات لڑنا ہوں گے۔

اس بات کا اب بھی امکان ہے، اگرچہ یقین نہیں ہے، کہ ریپبلکن ایوان نمائندگان میں ایک بہت ہی چھوٹی سی اکثریت حاصل کرلے گی، جس سے صدر کے لیے کئی طرح کے مسائل پیدا ہوں گے اور وہ انھیں تنگ کرتی رہے گی۔

جو بائیڈن کا قانون سازی کا ایجنڈا ختم ہو چکا ہے، اور زیادہ انھیں زیادہ جارحانہ ریپبلکن نگرانی کا سامنا ہے، لیکن اس کے باوجود ان کے لیے امید کی ایک کرن موجود ہے۔ بشرطیکہ وہ اندرونی اختلافات کے باوجود مؤثر طریقے سے حکومت کرنے اور اپنے سیاسی امور چلانے سے قاصر نہیں ہوجاتے۔

تاریخی نظائر کے برخلاف امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج اب بھی سامنے آ رہے ہیں۔

جو بائیڈن کی ڈیموکریٹ پارٹی کے اندر اپنی ساکھ بہتر ہوئی ہے۔ ان کے مشیر اب صدر کے طور پر دوسری مدت کے لیے ان کے ارادے کے بارے میں زیادہ اعتماد سے بات کر رہے ہیں۔ میساچوسٹس کی سینیٹر الزبتھ وارن کی طرح ان کی پارٹی کے لبرل ارکان جو ان کے مخالف رہے ہیں، اب ان کی کامیابی کے گیت گا رہے ہیں، ان کی تعریفیں کر رہے ہیں۔

سینیٹر الزبتھ وارن نے اتوار کو کہا کہ ’یہ جیت جو بائیڈن کی ہے۔ صدر کی قیادت نے ہمیں ایک یکساں موقف پر قائم رکھا، ہر امیدوار کے پاس یہ کہنے کے لیے اب کافی کچھ مواد ہے کہ ڈیموکریٹس کس کے لئے لڑتے ہیں اور ہم عوام کو کیا فراہم کرتے ہیں۔‘

دوسری جانب ان انتخابی نتائج سے ڈونلڈ ٹرمپ کے سیاسی مستقبل کو نقصان پہنچا ہے، اگرچہ یہ بات ابھی حتمی نہں ہے۔

امریکی سینیٹ جیتنے کے اگلے دن سے ہی ایوانِ نمائندگان میں ووٹوں کی گنتی کے جو نتائج آرہے ہیں ان میں روزانہ ری پبلکن پارٹی کوئی نہ کوئی ایک آدھ نشست کھو رہی ہے جس سے ڈیموکریٹس کی نشستوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نتائج کی ان تبدیلیوں کی وجہ سے اب کچھ مخصوص ریپبلکنز اس ناکامی کی ذمہ داری کھل کر ڈونلڈ ٹرمپ پرعائد کر رہے ہیں۔
 
Top