اشتہار اور اپیل

خاص اشتہارات
ہر مصیبت سے نجات پائیں
کالے علم اور کالے علم کی کاٹ کے ماہر کالے شاہ المعروف سائیں لفنگا شاہ کا اعلان
دنیا میں ہر مصیبت کا حل موجود ہے چاہے وہ کالے علم کے اثرات ہوں، یا کالے دھن کے۔ ایک رات کے عمل سے آپ کے اوپر کالا علم کرنے والے کا منہ کالا اور اگر کالا دھن اکھٹا کر کرکے اپنا منہ کالا کر چکے ہیں توشرطیہ ایک ہفتے میں آپ کا منہ اور دھن چٹا سفید۔کالا دھندا کرنے والوں کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی آنکھ میں دھول جھونکنے یا رام کرنے کے تیر بہدف نسخے ۔مخالفین اور رقیبوں کو کالے پانی کی سزائیں دلوانے کے کامیاب گر۔سرکاری محکموں کی کالی بھیڑوں کا گارنٹی شدہ تحفظ۔ کالی راتوں کی شرمناک وارداتوں پر پردہ ڈالنے کے حیرت انگیز ہنر۔ کالے کرتوت میڈیا سے چھپانے کےمؤثر عملیات اور کالا من کسی پر ظاہر نہ ہونے کے آزمودہ تعویذات۔امتحان میں ناکامی ، محبت میں ناکامی ، دھرنوں کے مقاصد میں ناکامی یا دھرنا بازوں کو منتشر کرنے میں ناکامی ۔ہر ناکامی کو کامیابی میں بدلنے کا کام بذریعہ عملیات و تعویذات و جنات وچکریات کیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ سائیں لفنگا سرکار کے قبضے میں جنات کا پورا ریوڑ ہےجو سائیں سرکار کے حکم سے کسی بھی دھرنے کو چشم زدن میں کامیاب یا تہس نہس کر سکتا ہے۔ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر۔ جنات سے دشمنوں کی ٹانگیں تڑوائیں۔اسمبلیاں تڑوائیں . ٹیکنوکریٹس کی حکومت بنوائیں۔اپنے حق میں حکومت بنوائیں ، عوام کو بے وقوف بنائیں ، قرضہ معاف کروائیں۔خالص دودھ حاصل کریں ، رقم ڈبل کروائیں ، یا کوئی بھی دو نمبر کام کروائیں۔ہر کام آپ کی مرضی کے مطابق ہوگا۔ وزیراعظم تک آپ کے قدموں میں ، سنگدل شوہر منٹوں میں موم ، ساس کی روانگی اگلے جہان ، دولت کی دیوی آپ پر مہربان ۔ بجلی چور آپ کی دسترس میں ۔انعام کی رقم آپ کے کھیسے میں ۔شہرت کی لونڈی اور کھایا پیا آپ کا ہضم۔
نوٹ
" ہر کام بغیر لالچ اور نذرانے کے کیا جاتا ہے البتہ جنات کے قیام وخوردونوش پرکافی خرچہ اٹھ جاتا ہے۔"( عاقل را اشارہ کافی است )
اشتہاری
" سائیں لفنگا سرکار ۔ بھنگ پورہ۔"


فلمی اشتہار
بے ڈھنگ پروڈکشن کا ایک اور دھماکہ
کامیاب رومانی فلموں سجن کرارا ، پیار تے اچار ، گوگو ماہی اور قتل و غارت سے بھرپور شاہکاروں جٹ دا لٹھ اور جٹ دا لنگوٹا کے بعد اب پیش ہے نئی دھماکا خیز فلم " ناممکن "۔
ایک ایسے پُر عزم ، انتھک اور باہمت نوجوان کی کہانی جسے دیکھ کر آپ کی عقل دنگ رہ جائے گی۔ سب سے پہلے اس نے اپنا شناختی کارڈ بنوایا ،پھر ڈومیسائل اور پاسپورٹ بھی بنوالیا ۔حیرت انگیز طور پر اس نے مکان کا نقشہ بھی منظور کروالیا۔ بے جرم پکڑا گیا تو پولیس نے اسے مفت رہا کردیا۔ ناقابل یقین کامیابیاں حاصل کرکے اس نے ٹیلیفون ، پھر بجلی اور پھر گیس کے میٹر بھی لگوا لیے۔ہر روزکارمیں سی این جی ڈلواتا رہا۔ ڈریکولا سے زیادہ خوفناک اور حیرت انگیز فلم ،جس کے ہر سین پر آپ بے اختیار کہہ اٹھیں گے نا ممکن ، ناممکن !صبر و ہمت کے لازوال مظاہرے، علاوہ ازیں ایسے ایسےشرمناک ڈانس کہ جنہیں دیکھ کر آپ کو شرم نہ آئے تو پیسے واپس۔
جلد ہی دیکھیے اس سرکٹ کے بہترین سینماؤں میں " ناممکن "
نوٹ
" کسی دوسرے ملک کی فلم کا چربہ ثابت کرنے والے کو ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا ۔"
عاجزانہ پیشکش "بے ڈھنگ پروڈکشن ۔ فلم نگر ۔"
اپیل
میرا بیٹا روزانہ شام کو میری گاڑی لے کر اپنے دوستوں کے ساتھ گھومنے پھرنے کے لیےجاتا ہے۔ بچے کے دوستوں سے اپیل ہے کہ وہ اس کے ساتھ گھومنے پھرنے ضرور جایا کریں مگر گاڑی میں اپنی لپ سٹک اور نیل پالش چھوڑ کر نہ جایا کریں۔ شکریہ
اپیل کنندہ
" ایک باپ۔ "


ڈیرہ عاشقاں
تلاش گمشدہ

مجھے کسی کا زیورات سے بھراہوا بکس ملا ہے۔ مجھے تلاش کرکے اپنا بکس لے جائیں ۔ نیز
کسی کی مرغی غلطی سے میرے گھر آگئی ہے۔ نشانی بتا کر اس کی کھال وصول فرمالیں۔
منجانب
" نام نہیں لکھا۔ "


اشتہار گمشدگی
میرا تھیلاگم ہو گیا ہے جس میں ٹیلیفون ، گیس اور بجلی کے بلز کے علاوہ بیگم کی جاری کردہ خریداری کی لسٹ اور قرض خواہوں کے نوٹس وغیرہ موجود ہیں۔ جسے ملے وہی رکھ لے!
منجانب
" نام نہیں لکھا۔ "


دیہاڑیاں لگائیں
ہمیں اپنے دھرنے کامیاب بنانے کے لئے کثیر تعداد میں دیہاڑی دار درکار ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر معقول معاوضہ دیا جائے گا۔ کھانا پینا بذمہ کمپنی۔ امیدوار براہ راست ڈی چوک تشریف لائیں ۔خود بھی آئیں دوستوں کو بھی لائیں۔
المشتہر
دھرنے باز۔ اسلام آباد۔
 
آخری تدوین:
Top