آپریشن ضرب عضب،پاکستان نے دہشتگردوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے افغانستان سے مدد مانگ لی

آپریشن ضرب عضب،پاکستان نے دہشتگردوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے افغانستان سے مدد مانگ لی

17 جون 2014 (00:34)

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے شمالی وزیر ستان آپریشن کے دوران دہشتگردوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے افغانستان سے مدد مانگ لی ہے،سرحد سیل کرنے اورکنڑ اور نورستان میں ملا فضل اللہ سمیت پاکستانی طالبان کے ٹھکانوں پر کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ پاکستانی فوج نے شمالی وزیر ستان سے عام لوگوں کو نکالنے کے لئے انتظامات مکمل کر لئے،خصوصی پوائنٹس بھی قائم کر دئیے گئے۔امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے شمالی وزیر ستان میں جاری آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی نقل و حرکت اور ان کا افغانستان کی طرف فرار روکنے کے لئے افغانستان سے مدد مانگ لی ہے۔پاک فوج کے ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کوفرارہونے سے روکنے کیلئے افغان فوج کو وزیرستان سے ملحقہ سرحد سیل کرنے کی درخواست کی گئی ہے، افغان فوج سے کنڑاورنورستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کیلئے بھی کہا ہے۔ ان علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ اور دیگر اہم کمانڈر مقیم ہیں۔تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ افغان حکومت کی جانب سے کیا جواب دیا گیا ہے۔افواج پاکستان کے ترجمان کے مطابق مقامی قبائل کی نقل مکانی کے لیے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے آئی ڈی پیز کے لیے بھی انتظامات کرلیے ہیں،ان کی رجسٹریشن کے لیے سول انتظامیہ نے پوائنٹس بھی بنائے ہیں۔ آئی ڈی پیز کو ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کا کام مقامی انتظامیہ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کر رہی ہے۔ پاک فوج نے جنگ چھوڑ کر ہتھیار ڈالنے والوں کیلئے سرنڈر پوائنٹس بھی قائم کر دیئے ہیں جبکہ علاقے کی مسلسل فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔

http://dailypakistan.com.pk/national/17-Jun-2014/113511
 
Top