آرزو ترک نہ کرتا تو یہ گھر کٹ جاتا (شاہد ذکی)

مزمل حسین

محفلین
آرزو ترک نہ کرتا تو یہ گھر کٹ جاتا
میں اگر شاخ بچاتا تو شجر کٹ جاتا

تیری آواز سے جانا ہے کہ دشمن نہیں تُو
ورنہ اس تیرہ شبی میں ترا سر کٹ جاتا

ورنہ پانی کا یہ پنجرہ تو کوئی شے ہی نہ تھا
کھلے ہوتے مرے بازو تو بھنور کٹ جاتا

یوں نہیں تھا کہ مجھے تابِ تب و تاب نہ تھی
میں اگر دیکھتا رہتا تو گہر کٹ جاتا

شاخِ گل سے تبر و تیر بنا بیٹھا ہوں
اس سے اچھا تھا مرا دستِ ہنر کٹ جاتا

میرے اندر ہی کہیں تیغِ نفَس چلتی تھی
جڑ بھی جاتا تو بدن بارِ دگر کٹ جاتا

یہ مرا دل یہ مری راہ کا پتھر شاہد
میرے رستے میں نہ آتا تو سفر کٹ جاتا

(شاہد ذکی)
 
Top