آج کے شوہر کو خانہ دار ہونا چاہیے ۔ فرات غضنفر

ام اویس

محفلین
طبقۂ نسواں کو اب ہشیار ہونا چاہیے
آنکھ میں شعلے زباں تلوار ہونا چاہیے
عورتوں کے حق میں سیمینار ہونا چاہیے
جس میں پھر اس بات پر اصرار ہونا چاہیے

مرد دو تو عورتوں کو چار ہونا چاہیے
آج کے شوہر کو خانہ دار ہونا چاہیے

کون اب چاہے ہے کہ شوہر ہو چندے آفتاب
ڈاکٹر انجینیر یا افسر عالی جناب
پڑھ رکھی ہو ہاں مگر بے بی کیر پر ہر کتاب
اور کر رکھی ہو دوسالہ کچن میں ہاؤس جاب

گھر کے سودا سلف میں ہوشیار ہونا چاہیے
آج کے شوہر کو خانہ دار ہونا چاہیے

کیا غضب ہے اے بہن میں تو پکاؤں روٹیاں
اور ٹی وی دیکھتے ہوں عیش سے صاحب وہاں
چیخ کر کیوں نہ کہوں کہ دوڑ کر آؤ میاں
ڈال کر پانی میں سرف ننھے کی دھو دو نیپیاں

آخر ان کو بھی سلیقہ شعار ہونا چاہیے
آج کے شوہر کو خانہ دار ہونا چاہیے

آج ارباب حکومت سے یہ کہنا ہے مجھے
ہوم اکنامکس کالج فار ہسبینڈ کھولیے
خدمتِ بیوی کے سارے گُر انہیں سکھلائیے
یعنی جب بیگم چلیں اپوا کے جلسے کے لیے

ان کا بریک فاسٹ میز پہ تیار ہونا چاہیے
آج کے شوہر کو خانہ دار ہونا چاہیے

اب تو آپس میں کریں گی گفتگو یوں بیویاں
کیا بتاؤں پپو کے ابا کی تم کو خوبیاں
دس منٹ میں وہ پکا لیتے ہیں بیسوں ہانڈیاں
جب کہ تل سکتا نہیں انڈہ بھی شمو کا میاں

اس کو تو ڈئیورس لاکھوں بار ہونا چاہیے
آج کے شوہر کو خانہ دار ہونا چاہیے

آخرش کہنا ہے مجھ کو یہ کہ قصہ مختصر
شوہروں کو اپنے بہنو ! گھر میں رکھو باندھ کر
ماریں نہ گپیں پڑوسن کے میاں سے شام بھر
ان کی ہر مشکوک سر گرمی پہ رکھنے کو نظر

اے بھلی مانس تجھے ریڈار ہونا چاہیے
آج کے شوہر کو خانہ دار ہونا چاہیے​
 
مدیر کی آخری تدوین:
Top