عبد الحمید صدیقی المتخلص بہ نظر لکھنوی ایک ایسی شخصیت کا نام ہے جس نے ادبی و علمی طور پر تونگر و توانا ہونے کے باوجود ساری زندگی صرف رزقِ حلال کمانے، اولاد کی صحیح خطوط پر تربیت دینے اور شاعری کے ذریعے دلی جذبات کا اظہار کرنے میں خاموشی سے گزار دی۔ نہ زیادہ مشاعروں میں شرکت کی، نہ زیادہ چھپنے...