پراجیکٹ‌ کا آغاز!

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،

اس پوسٹ کا مقصد نوری نستعلیق پراجیکٹ‌ کا باضابطہ آغاز کرنا ہے۔ میں اس پوسٹ میں ٹیم ورک کے حوالے سے کچھ تجاویز پیش کروں گا اور آپ دوستوں سے میری درخواست ہوگی کہ اس سلسلے سے یہاں اپنی آراء سے آگاہ کرتے رہیں۔ اس کے علاوہ میں اپنی معلومات کے مطابق اس موجودہ سٹیٹس کے بارے میں لکھوں گا جس کو ڈیویلپمنٹ کا نقطہ آغاز بنایا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ میں کچھ جگہ آپ دوستوں کے ساتھ ذاتی پیغامات میں کی گئی گفتگو کا حوالہ بھی دوں گا۔ چونکہ یہ پرائیویٹ فورم ہے، اس لیے اس میں کوئی ہرج نہیں ہونا چاہیے۔ اگر آپ میں سے کسی دوست کو کسی بات پر اعتراض ہو تو مجھے فوراً اس کے بارے میں بتائیں۔ یہاں میں ایک مرتبہ پھر یہ گزارش کرنا چاہوں گا کہ اس پراجیکٹ کے سلسلے میں فی الحال رازداری سے کام لیں، لیکن آپس میں انشاءاللہ کھل کر گفتگو ہوگی۔

میں نے کچھ عرصے سے آپ سب دوستوں سے وقتاً فوقتاً ذاتی پیغامات کے ذریعے اور ٹیلی فون پر فونٹ ڈیویلپمنٹ کے سلسلے میں عمومی گفتگو کرتا آیا ہوں اور اسی دوران نوری نستعلیق فونٹ کے سلسلے میں بھی بات ہوتی رہی ہے۔ اس فونٹ کا ذکر میں نے پہلی مرتبہ محسن کی زبانی سنا تھا۔ ظہور سولنگی نے نوری نستعلیق فونٹ‌کے ذریعے کچھ پی ڈی ایف بھی فراہم کی تھیں۔ نوری نستعلیق فونٹ‌ محسن کا برین چائلڈ تھا جسے بعد میں شعیب نواز اور ظہور سولنگی نے پایہ تکمیل تک پہنچایا تھا لیکن یہ فونٹ مکمل ہونے کے باوجود کبھی جاری نہیں ہوا۔ اس فونٹ کے اجراء میں تاخیر اور اس کو ہمیشہ کے لیے سرد خانے میں ڈالنے کا ذمہ دار جو بھی تھا، یہ نہایت افسوس کا مقام ہے۔ میں اس کی تفصیل میں جا کر اپنا اور آپ کا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا۔ مختصر اتنا کہ اتنی محنت ضائع چلی گئی اور اس سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچا۔ بہرحال میں اس کا مثبت پہلو یہ دیکھتا ہوں کہ اب ہم خود سے اس فونٹ کو تیار کریں گے جس سے نہ صرف ہمیں نوری نستعلیق فونٹ دستیاب ہو جائے گا بلکہ اس طرح نئے پراجیکٹس کے آئیڈیا بھی جنم لے سکتے ہیں۔ مجھے اس پراجیکٹ کی کامیابی کی قوی امید اس لیے بھی ہے کہ ہم نے جو ٹیم اکٹھی کی ہے اس میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو ٹائپوگرافی کے میدان میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

ذیل میں میں ان پیج کے لگیچرز کو اوپن ٹائپ کے سانچے میں ڈھالنے کی ان کاوشوں کا ذکر کر رہا ہوں جن کا مجھے علم ہے۔

- جیسا کہ میں اوپر ذکر کر چکا ہوں، محسن حجازی اور ان کے مرکز فضیلت کے رفقاء کار نے پاک نوری نستعلیق فونٹ تشکیل دیا۔ پاک نوری نستعلیق کے لیے نستعلیق نما فونٹ کے سورس کو استعمال کیا گیا۔ میری ذاتی رائے میں نستعلیق نما کا نوری نستعلیق کے ساتھ استعمال مخمل میں ٹاٹ کے پیوند کے مترادف ہے۔ جو الفاظ ان پیج کے لگیچرز میں نہیں ملتے، وہ نستعلیق نما میں ظاہر ہوتے ہیں۔ حتی کہ کسی حرف پر اعراب لگانے سے بھی وہ لفظ نستعلیق نما میں ظاہر ہونے لگتا ہے۔

- جواد نے جوہر نستعلیق فونٹ کو بنیاد بنا کر اس میں ان پیج کے لگیچر شامل کرنے کا آغاز کیا اور اسے امبر نستعلیق کا نام دیا، لیکن اس فونٹ‌ کو انہوں نے بوجوہ ریلیز نہیں کیا۔ اس کی وجہ شاید اس فونٹ‌ کی پرفارمنس پرابلمز تھیں۔ میری معلومات کے مطابق وہ اسی طرز کے ایک اور فونٹ پر کام کر رہے ہیں جس میں نوری نستعلیق کی بجائے کسی اور طرز کے ترسیمے شامل کیے جا رہے ہیں۔

- آج سے کافی عرصہ قبل فاروق بھائی سے میری بات ہوئی تھی تو انہوں نے بھی ذکر کیا تھا کہ وہ اپنے زیر انتظام ان پیج کے ترسیموں کو اوپن ٹائپ کی ٹیبلز میں فٹ کروا رہے ہیں۔ اس کے کرنٹ سٹیٹس کے بارے میں وہ خود زیادہ بہتر بتا سکیں گے۔

میں آپ سب دوستوں کے ساتھ رابطے کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ ہمیں نوری نستعلیق فونٹ‌ ڈیویلپمنٹ‌ کے سلسلے میں اسی ٹریک پر چلنا چاہیے جو کہ محسن اور ان کے رفقاء کار نے اپنایا تھا۔ اسی لیے میری تجویز ہے کہ محسن ہی اس پراجیکٹ کے ٹیکنیکل لیڈ بنیں۔ محسن کے ذہن میں پہلے سے اس پراجیکٹ کا ورک فلو موجود ہے۔ وہ اب اس ورک فلو کے بارے میں یہاں بات کر سکتے ہیں جس کو بنیاد بنا کر اس پراجیکٹ کی پلاننگ کی جا سکتی ہے۔

ہمارے سامنے پہلا ایشو ایک ایسے سانچے کی ضرورت ہے جسے بنیاد بنا کر نوری نستعلیق کے ترسیموں کو اوپن ٹائپ کے سانچے میں ڈھالا جا سکے، یعنی ہمیں کسی نستعلیق فونٹ کا سورس درکار ہے۔ محسن یہاں پاک نستعلیق کا سورس فراہم کر دیں گے۔ پاک نستعلیق کی اشکال اگرچہ تسلی بخش نہیں ہیں لیکن اس کا وولٹ‌ ورک کم حجم کا ہے۔ اس کے علاوہ عارف کریم ذکر کر رہے تھے کہ وہ جوہر نستعلیق کا سورس حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان سے بھی گزارش ہے کہ وہ اسے یہاں فراہم کریں۔ ان کے کہنے کے مطابق جوہر نستعلیق کے وولٹ ورک میں اشکال نقطوں کے بغیر شامل کی گئی ہیں۔ وہ ایک مرتبہ جوہر نستعلیق یہاں فراہم کر دیں تو باقی دوست اس کا جائزہ لے سکیں گے۔ یہ فیصلہ بھی آپ دوستوں کو کرنا ہے کہ کس نستعلیق فونٹ‌ کو نوری نستعلیق فونٹ کی بنیاد کے طور پر استعمال کیا جائے۔

محسن نے ذکر کیا تھا کہ نوری نستعلیق کے ترسیموں کو اوپن ٹائپ ٹیبلز میں فٹ کرنے کے لیے پہلے انہیں ٹائپ کرنا اور پھر کسی پروگرام سے ان کے لک اپ جنریٹ کروانا ضروری ہیں۔ بعد میں ان look ups کو اس فونٹ کے سورس میں شامل کر دیا جائے گا جسے اس کے فال بیک طور پر استعمال کیا جائے گا۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا کہ ہمیں 20،000 کے قریب ترسیمے ٹائپ کرنے کی ضرورت پڑے گی۔ کرلپ کی سائٹ پر ان ترسیموں کی سافٹ کاپی موجود ہے جن میں 18،000 ترسیمے ٹائپ کیے گئے ہیں۔ پہلے اس کا جائزہ لینا مناسب ہوگا کہ اس کے استعمال سے ہمارے کام میں کتنی بچت ہو سکتی ہے۔ میں محسن سے درخواست کروں گا کہ مزید تکنیکی تفاصیل اور ورک فلو کے بارے میں اپنے ارشادات پیش کریں۔

جہاں تک ٹیم ورک کا تعلق ہے تو میں اس پراجیکٹ‌ کی عمومی نگرانی کروں گا اور اس کے انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال کروں گا۔ مجھے پروگرامنگ میں بھی معمولی مہارت حاصل ہے۔ اگر کوئی ٹول وغیرہ لکھنے کی ضرورت پیش آجائے تو میں بخوشی یہ کام کرنے کو تیار ہوں گا۔ جیسا کہ میں اوپر عرض کر چکا ہوں، اس پراجیکٹ کے ٹیکنیکل لیڈ محسن حجازی ہوں گے اور ان کی رہنمائی میں باقی سب دوست کام کریں گے۔

آپ سب دوستوں کو اس پرائیویٹ‌ فورم پر اٹیچمنٹ پوسٹ کرنے کی سہولت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ میں ایل ایف ٹی پی فائل سپیس کا بندوبست بھی کر دوں گا جو کہ پاسورڈ‌ پروٹیکٹڈ ہوگی جہاں بڑے سائز کی فائلیں رکھی جا سکیں گی۔

فی الحال تو میرے ذہن میں یہی باتیں آ رہی ہیں۔ کسی اور بات کا خیال آیا تو اس کے بارے میں بھی یہاں عرض کر دوں گا۔ اب میدان آپ دوستوں کے ہاتھ میں ہے۔

والسلام
 

arifkarim

معطل
بہت خوب۔۔۔۔ میری رائے بھی یہی ہے کہ سب سے پہلے ایک ایسے کیریکٹر بیس فانٹ‌ کا بندو بست کیا جائے جو تیز رفتار بھی ہو اور جسکی اشکال نوری نستعلیق سے قریب ترین ہوں۔ اسکیلئے خاکسار نے کچھ عرصہ قبل ایک تھریڈ مشہور نستعلیقی فانٹس کا موازنہ کے نام سے پوسٹ کیا تھا۔ اس میں‌ اب تک کے تمام مشہور نستعلیق فانٹس کا قریب سے جائزہ لیا گیا تھا:http://www.urduweb.org/mehfil/showthread.php?t=11680

یہاں‌پر فانٹس ٹیسٹنگ کے دوران جو باتیں میں نے نوٹ کی تھی وہ یہ تھیں:

1۔ جوہرنستعلیق میں نقطوں اور اعراب کا نظام دوسرے فانٹس کے مقابلے میں ناقابل شکست ہے۔ دوسرا اسکی اشکال انپیج کے نوری کیریکٹر سے مشابہت رکھتی ہیں، مگر اس میں حروف کے جڑاؤ کی‌ اشکال اتنی کم ہیں کہ اکثر‌ الفاظ جو کہ فانٹ کے 1700 لگچرز میں‌نہ ہوں، وہ انتہائی بد صورت نظر آتے ہیں۔ باقی اسکی اسپیڈ نئے یونیسکرائب پر قابل قبول ہے۔

2۔ فجر نستعلیق کی اشکال بھی نوری نستعلیق سے مشابہت رکھتی ہیں اور اکثر الفاظ جوہر نستعلیق سے بھی بہتر ہیں، مگر اس میں بھی باقی فانٹس کی طرح نقطوں اور اعراب کے مسائل ہیں۔ اور تیسرا ہمارے پاس اسکا وولٹ ورک بھی نہیں۔

3۔ پاک نستعلیق کو بیس فانٹ کے طور پر استعمال کرنا شاید مستقبل میں مسئلہ بن جائے۔ وہ اسلئے کہ اسکی اشکال نوری نستعلیق سے کوسوں‌دور ہیں۔ دوسرا نقطے اتنی غلط جگہ لگتے ہیں کہ لفظ کا کچھ کا کچھ بن جاتا ہے۔ میری اطلاعات کے مطابق سولنگی بھائی اور جواد نے شروع شروع میں پاک نستعلیق کو ہی بیس بنایا تھا۔ مگر پتہ نہیں‌اس کے وولٹ میں‌ کوئی مسئلہ تھا یا کوئی اور بات تھی کہ دونوں چند ہزار لیگچرز ڈالنے کے بعد ہی فیل ہوگئے!

اسکے بعد جواد بھائی نے جوہر نستعلیق پر کام کیا اور اس میں 20000 لگچرز شامل کئے۔ امبر نستعلیق کے نام سے۔ مگر یہ فانٹ بھی ادھورا ہی رہا کیونکہ یہ فانٹ بہت سے ایسے الفاظ نہیں‌لکھ سکتا تھا جو کہ لگچرز میں نہ ہوں (پتہ نہیں کیوں؟

بعد میں‌ اسی جوہر نستعلیق پر پاک ڈیٹا نے 1700 لگچرز سے بڑھا کر 22000 لگچرز شامل کئے اور اسے جوہر نستعلیق پرہ کے نام سے جاری کیا۔ یہ فانٹ آج کل جیو ٹی والے استعمال کر رہے ہیں۔ یہ فانٹ بیشک انپیج کے نوری نستعلیق کی اوپن ٹائپ شکل ہے، مگر اس میں بھی وہی مسئلہ ہے کہ جو لفظ لگچر میں نہ ہو جیسا کہ انگلش یا عربی کے نامعلوم الفاظ تو وہ انتہائی بد صورت نظر آتے ہیں۔ دوسرا اگر کسی لگچر پر کوئی اعراب لگا دیا جائے تو وہ لگچر ٹوٹتا ہی نہیں یعنی کیریکٹر بیس فانٹ کو استعمال نہیں کرتا!

پاک نوری نستعلیق میں، ظہور سولنگی بھائی نے نستعلیق نما کے اندر تقریبا 19000 لگچرز شامل کئے تھے اور انکے پاس اسکا سورس بھی ہے۔ اب ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ آیا پھر نئے سرے سے ان لگچرز کو اکٹھا کر کے دوبارہ ڈالنے کا کٹھن کام کیا جائے یا دوسروں کی محنت سے کام چلایا جائے؟ اگر ہم یہ کہیں کہ پاک نوری نستعلیق کو استعمال کرنا غیر قانونی ہوگا تو پھر پاک نستعلیق کو بیس بنانا بھی غیر قانونی ہوگا کیونکہ وہ بھی مرکزفضیلت کی امانت ہے۔ اسی طرح جوہر نستعلیق پر بھی کام کرنا غیر قانونی ہوگا کیونکہ وہ پاک ڈیٹا کی ملکیت ہے اور اس میں‌ انپیج کے لگچرز شامل کر کے یا تو ہم جواد بھائی ہی کے امبر نستعلیق کو دوبارہ بنا رہے ہونگے یا پاک ڈیٹا کے جوہر نستعلیق پرو کی ایک کاپی خود ڈیزائن کر رہے ہونگے، جو کہ بالکل بھی انپج کے نوری نستعلیق کا مقابلہ نہیں کر سکتا :grin: :(

اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے مجھے ہنسی بھی آرہی اور رونا بھی۔ ہر کوئی اتنی محنت کر رہا ہے پر کوئی پروفیشنل رزلٹ ہی نہیں نکل رہا۔ یا تو ہماری قسمت خراب ہے یا نیت خراب ہے۔ جو بھی ہے، آخر میں میری یہی رائے ہے سب سے پہلے ایک پروفیشنل کیریکٹر بیس نوری نستعلیق فانٹ کا انتظام کیا جائے، ان فانٹس کو ملاکر: انپیج کا نوری کیریکٹر + جوہر نستعلیق + فجر نوری نستعلیق + پاک نستعلیق + عماد نستعلیق
فجر نوری نستعلیق اور نوری کیریکٹر سے بہتر اشکال اٹھائی جاسکتی ہیں
عماد نستعلیق سے کشیدہ فیوچرز سیکھے جاکستے ہیں
پاک نستعلیق سے کم سے کم اشکال پر فانٹ کو تیز رکھنی کی ٹکنیکس حاصل کی جاسکتی ہے وغیرہ

اگر جوہر نستعلیق میں سے 1700 لگچرز نکال کر انکی جگہ حروف کے جڑاؤ کی مزید اشکال شامل کر دی جائیں اور اسکے لئے فجر، پاک اور نوری کیریکٹر سے مدد لی جائے تو مجھے یقین ہے کہ ایک بہترین کیریکٹر بیس فانٹ ‌بن سکتا ہے۔ بعد میں انپیج 3 کے فانٹس میں سے کشیدہ لگچرز عماد نستعلیق کی طرح شامل کرکے اس کو اور بہتر کیا جا سکتا ہے۔

آپ پوچھیں گے آخر جوہر نستعلیق ہی کیوں؟ تو اسکا سب سے آسان جواب یہ ہے کہ جوہر نستعلیق میں 20000+ لگچرز ڈالنے کا کامیاب تجربہ جواد بھائی اور پاک ڈیٹا والے کر چکے ہیں۔ باقی کسی اور نستعلیق فانٹ میں ‌یہ کام ممکن نہیں‌ ہوسکا اسلئے یہ خطرہ لاحق ہو سکتا ہے کہ کسی اور فانٹ پر کام کرکے محنت رائگاں نہ چلی جائے! دوسرا ان تمام فانٹس کی خوبیوں‌ کو ایک ہی فانٹ میں یکجا کر کے ہم اس فانٹ کو ایک نیا نام دے سکتے ہیں، اس طرح ہم کسی دوسرے کے فانٹ کی ہو بہو کاپی بھی نہیں‌کر رہے ہونگے!

اب اگر آپ یہ کہیں کہ ایک نئے نستعلیق کیریکٹر بیس فانٹ کی کوئی ضرورت نہیں اور موجودہ فانٹس سے ہی کام چلایا جائے تو اسکا مطلب یہی ہوگا کہ ہم پھر امبر نستعلیق، جوہر نستعلیق پرو اور پاک نوری نستعلیق کی طرح ایک ''گزارہ فانٹ'' بنانا چاہتے ہیں۔ جو کہ ایک حد تک قابل استعمال تو ہوگا مگر مستقبل کیلئے ایک مستقل حل نہ ہوگا! اور یہ بھی ہو سکتا ہے ک ہمیں پھر یہ کام دوبارہ سے کرنا پڑے!
 

شاکرالقادری

لائبریرین
میرا خیال ہے کہ جس فانت کو بھی بیس بنایا جائے اس کی اشکال کا نوری سے مماثل ہونا ضروری ہے
دوسرے یہ کہ دوحرفی اور تین حرفی الفاظ بڑی آسانی سے درست صورت میں اور نقاط کی صحیح جاگزینی کے ساتھ حرفی بنیاد پر بنائے گئے فونٹس کے ذریعہ ظاہر ہو سکتی ہیں لہذا دوحرفی اور تین حرفی ترسیموں کو فونٹ میں ڈالنے کی ضرورت نہیں ہوگی
ایسا کرنے سے شاید ہم درست نتائج کے ساتھ ساتھ ترسیموں کی تعداد کو کم کرکے فونٹ کے حجم میں نمایاں کمی لا سکتے ہیں
بلکہ اس سے بھی آگے ۔۔۔ یہ کہ جس فونٹ کو بنیاد بنایا جائے اسی میں ان پیج کے ترسیموں کو لکھا جائے اور صرف وہی ترسیمے اس فونٹ میں ڈالے جائیں جن کی اشکال وہ فونٹ اپنے حروف کے ذریعہ درست طور پر نہ لکھ سکتا ہو
اس طرح شاید ہم ترسیموں کی تعداد بہت حد تک کم کر نے کے باوجود بہتر نتائج لے سکیں
 

نبیل

تکنیکی معاون
عارف، فی الحال تو میں آپ کی پوسٹ پڑھ کر چکرا گیا ہوں۔ باقی دوستوں کو شاید بہتر سمجھ آئے گی کہ آپ کیا کہنا چاہتے ہیں۔
پاک نستعلیق مرکز فضیلت کی ملکیت ضرور ہے لیکن اسے انکرپٹ نہیں کیا گیا۔ اس کا سورس ttx کے ذریعے جنریٹ کیا جا سکتا ہے اور اس کی وولٹ ٹیبلز حاصل کی جا سکتی ہیں۔
کسی بھی پراجیکٹ پر کام کرنے سے پہلے اس کے سکوپ کا تعین کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ہمیں ایک مرتبہ فیصلہ کر لینا چاہیے کہ ہمارا مقصد نوری نستعلیق فونٹ کی تیاری ہے اور ہمیں اس کے لیے ایسا روڈ میپ تیار کرنا چاہیے جس کا حصول حقیقت میں ممکن ہو۔ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر ہم اس پراجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچا پاتے ہیں تو ہم ایسے اور کئی پراجیکٹس کرنے کے لائق ہو جائیں گے۔

جہاں تک رہا یہ سوال کہ کونسے نستعلیق فونٹ کو نوری نستعلیق کے سانچے کے طور پر استعمال کیا جائے تو میں اس سلسلے میں اپنی کوئی مرضی نہیں ٹھونس رہا۔ میں نے صرف یہ تجویز پیش کی تھی کہ کسی نستعلیق فونٹ کا سورس ڈھونڈھنے کی بجائے اسی پر گزارا کیا جائے جو کچھ موجود ہے۔

میں اس تمام معاملے کو اس نظر سے دیکھ رہا ہوں کہ ایک مرتبہ ہم کسی قابل استعمال نوری نستعلیق فونٹ کو تیار کر پاتے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہوگا کہ اس کی خامیوں کو کبھی دور نہیں کیا جائے گا۔ میں اس سلسلے میں progressive improvement پر یقین رکھتا ہوں۔ ہمیں نوری نستعلیق فونٹ کی تیاری کے دوران ایسا فریم ورک بھی تیار کر لینا چاہیے جس کے ذریعے ایسے نئے ترسیموں کا اس فونٹ میں شامل کیا جانا ممکن ہو جو کہ اس میں سے پہلے سے موجود نہ ہوں۔ یقیناً ترسیموں پر مبنی فونٹ کبھی بھی اردو کے تمام الفاظ کا احاطہ نہیں کر سکے گا، اور یہ ہمارا گول بھی نہیں ہے۔ اور نہ ہی نوری نستعلیق فونٹ کی تیاری سے یہ مراد ہے کہ آئندہ کیریکٹر بیسڈ نستعلیق فونٹس کی تیاری پر کام رک جائے گا۔

ایک مرتبہ ہم ترسیموں کو ٹائپ کرکے ان کے لک اپ جنریٹ کرنے اور ان لک اپس کو کیریکٹر بیسڈ فونٹ میں merge کرنے کا کام سیکھ جاتے ہیں تو اس کے بعد یہ علم ہمارے لیے نہایت کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر کیریکٹر بیسڈ فونٹ کی بہتر شکل سامنے آجاتی ہے تو نوری نستعلیق میں اس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اور اگر نیا ترسیمہ دستیاب ہو جاتا ہے تو اس کا لک اپ بھی اس فونٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

بہتر ہوگا کہ پاک نوری نستعلیق فونٹ کو بھول جائیں۔ اسے دانستہ طور پر سرد خانے میں ڈالا گیا اور اس کے وعدے کرکے سب کا وقت برباد کیا گیا۔ اب ہم خود سے یہ فونٹ تیار کر رہے ہیں۔ جہاں تک غیر قانونی کام کا تعلق ہے بہتر ہوگا کہ جسے اس پراجیکٹ کے غیر قانونی پہلوؤں پر اعتراض ہے وہ اس سے ابھی علیحدگی کا اعلان کر دے بجائے اس کے کہ بعد میں اس وجہ سے مسئلہ کھڑا کیا جائے، اور اس کے بعد اس بات کو نہ دہرایا جائے۔ پیریڈ۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
میں عارف کی پوسٹ کا جواب ہی لکھ رہا تھا کہ اس کے دوران شاکرالقادری صاحب نے پوسٹ کر دیا۔
میں آنے والے دنوں میں کافی مصروف ہو جاؤں گا، اسی لیے چاہتا ہوں کہ ہم اپنے مقصد کا تعین کر لیں اور اس کام کا آغاز کر دیں۔
میں ایک مرتبہ یہی گزارش کروں گا کہ فی الوقت نوری نستعلیق فونٹ کی تیاری پر توجہ دیں۔ ایک مرتبہ ہم اس پراجیکٹ کو کامیابی سے مکمل کر لیں تو انشاءاللہ اس جیسے کئی پراجیکٹس پر کام کرنے کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔
 

شاکرالقادری

لائبریرین
میں عارف کی پوسٹ کا جواب ہی لکھ رہا تھا کہ اس کے دوران شاکرالقادری صاحب نے پوسٹ کر دیا۔
میں آنے والے دنوں میں کافی مصروف ہو جاؤں گا، اسی لیے چاہتا ہوں کہ ہم اپنے مقصد کا تعین کر لیں اور اس کام کا آغاز کر دیں۔
میں ایک مرتبہ یہی گزارش کروں گا کہ فی الوقت نوری نستعلیق فونٹ کی تیاری پر توجہ دیں۔ ایک مرتبہ ہم اس پراجیکٹ کو کامیابی سے مکمل کر لیں تو انشاءاللہ اس جیسے کئی پراجیکٹس پر کام کرنے کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔

تو نبیل ! خشت اول کے طور پر کیا میں نوری نستعلیق کے ترسیموں کو ٹائپ کرنا شروع کردوں ۔۔۔
گو کہ اٹھارہ ہزار کی تعداد میں ترسیمے پہلے سے تائپ شدہ دستیاب ہیں لیکن باقی ماندہ ترسیمے جو کہ ان پیج کے نوری میں موجود ہیں اور کرلپ کی فہرست میں شامل نہیں ان کا تعین کس طرح کیا جائے گا تاکہ صروف وہی ترسیمے ٹائپ کر لیے جائیں
اس سلسلہ میں کوئی ر ہنمائی کریں
 

arifkarim

معطل
عارف، فی الحال تو میں آپ کی پوسٹ پڑھ کر چکرا گیا ہوں۔ باقی دوستوں کو شاید بہتر سمجھ آئے گی کہ آپ کیا کہنا چاہتے ہیں۔
۔

بھائی جان، میں نے اپنی پوسٹ میں اب تک کی نوری نستعلیق کو اوپن ٹائپ بنانے کی کاوشوں ک ذکر کیا تھا۔ اور اس سلسلے میں پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں بھی بتایا تھا۔ غیر قانونی والی بات تو میں نے محض اس لئے کی تھی آج کل پاکستان میں سائبر کرائم ایکٹ کام کر رہا ہے۔ اگر ہم موجودہ کسی فانٹس میں انپیج کے ترسیمے ڈال کر اسے ریلیز کرتے ہیں تو ہو سکتا ہے بعد میں خطرناک مسائل نہ پیدا ہوجائیں۔ مجھے ذاتی طور پر قانونی یا غیر قانونی کام سے کوئی غرض نہیں۔ میری نظر میں اردو کی خدمت کیلئے ہر ممکن قدم اٹھانا جائز ہے۔ :) خیر میں آج ہی آپ کو فون کر کے ساری بات سمجھا دوں۔ آپ پلیز میری پوسٹ کا برا نہ منائیے گا۔ میں نے جو کچھ لکھا تھا، وہ یقینا اردو کی تاریخ میں ایک کڑوا سچ تھا!
 

arifkarim

معطل
تو نبیل ! خشت اول کے طور پر کیا میں نوری نستعلیق کے ترسیموں کو ٹائپ کرنا شروع کردوں ۔۔۔
گو کہ اٹھارہ ہزار کی تعداد میں ترسیمے پہلے سے تائپ شدہ دستیاب ہیں لیکن باقی ماندہ ترسیمے جو کہ ان پیج کے نوری میں موجود ہیں اور کرلپ کی فہرست میں شامل نہیں ان کا تعین کس طرح کیا جائے گا تاکہ صروف وہی ترسیمے ٹائپ کر لیے جائیں
اس سلسلہ میں کوئی ر ہنمائی کریں

بالکل اسی پرابلم کے بارے میں میں کل ہی سوچ رہا تھا۔ میرا خیال میں پہلے کم سے کم ان 18000 لگچرز کو استعمال کرکے ایک سانچا تو کھڑا کیا جائے۔ اسکے بعد باقی ماندہ 4000 لگچرز کے بارے میں جواد بھائی بتلا دیں گے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
محسن سے میری ابھی فون پر بات ہوئی ہے اور وہ شاید پیر کو ہی فورم پر آ سکیں گے۔ کچھ دنوں سے ان کے گھر کے انٹرنیٹ کنکشن میں پرابلم ہے۔
محسن کا کہنا بھی یہی ہے کہ فی الحال انہی 18000 ترسیمہ جات کو پراسیس کرکے ایک بنیادی ڈھانچہ کھڑا کیا جانا چاہیے جسے بعد میں بہتر بھی بنایا جا سکے۔ ان ترسیمہ جات کو پراسیس کرنے کے لیے ایک پروگرام لکھنے کی ضرورت پیش آئے گی جو فونٹ کے سورس میں گلفس کو حروف تہجی کے اعتبار سے سورٹ کرے گا۔ محسن کے ذہن میں اس کے لیے الگورتھم موجود ہے۔ اس الگورتھم پر مبنی پروگرام لکھنے کے لیے میں یا محسن کام کر لیں گے۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا اس سے بعد میں فونٹ کو maintain کرنے میں مدد ملے گی۔
 

arifkarim

معطل
شکریہ، پہلا مرحلہ تو حل ہوا۔ یعنی لک اپس حروف تہجی کے حساب سے جنریٹ ہونگے، بالکل اسی ترتیب پر جیسا کہ کرلپ والوں کی فائل ہے۔ ایک بار اس بات کا تعین ہو جائے کہ یہ لک اپس ڈیپینڈنٹ ہونگے یا انڈیپنڈینٹ، پھر سورس فائل اور لگیچرز کا بھی انتظام کرتے ہیں :)
 

نبیل

تکنیکی معاون
میری فاروق بھائی اور جواد سے بھی گزارش ہے کہ وہ بھی اس سلسلے میں ہمیں اپنی رائے سے نوازتے رہیں۔ ابھی تک صرف عارف، میں اور شاکرالقادری باتیں کر رہے ہیں۔ :)
کیا علوی امجد صاحب سے کسی کا رابطہ ہوا ہے؟
 

arifkarim

معطل
میری فاروق بھائی اور جواد سے بھی گزارش ہے کہ وہ بھی اس سلسلے میں ہمیں اپنی رائے سے نوازتے رہیں۔ ابھی تک صرف عارف، میں اور شاکرالقادری باتیں کر رہے ہیں۔ :)
کیا علوی امجد صاحب سے کسی کا رابطہ ہوا ہے؟

جی علوی امجد بھائی سے رابطہ ہوگیا ہے۔ آپ انسے فون پر بات کر سکتے ہیں۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
میری علوی امجد سے فون پر بات ہو گئی ہے اور وہ بھی اس پراجیکٹ کا سن کر بہت خوش ہوئے ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ وہ جلد ہی یہاں آ کر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
 

علوی امجد

محفلین
بہت شکریہ آپ نے مجھے اس قابل سمجھا کہ اس پراجیکٹ میں آپ لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرسکوں۔

نوری نستعلیق فانٹ بنانا کوئی بہت ہی غیر معمولی کام نہیں ہے۔ صرف صحیح طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔ وہ بھی اتنے تجربات کے بعد اب زیادہ مشکل نہیں ہے۔
انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم ایک مکمل نوری نستعلیق فانٹ سے کے ساتھ اس محفل پر موجود نہ ہوں۔
 

arifkarim

معطل
بہت شکریہ آپ نے مجھے اس قابل سمجھا کہ اس پراجیکٹ میں آپ لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرسکوں۔

نوری نستعلیق فانٹ بنانا کوئی بہت ہی غیر معمولی کام نہیں ہے۔ صرف صحیح طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔ وہ بھی اتنے تجربات کے بعد اب زیادہ مشکل نہیں ہے۔
انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم ایک مکمل نوری نستعلیق فانٹ سے کے ساتھ اس محفل پر موجود نہ ہوں۔

آپ کا ساتھ رہا تو یہ دن شاید صرف چند گھنٹوں میں بدل جائیں۔ آپ کی آمد کا بہت شکریہ!
 
Top