کراچی میں ٹماٹر 250 روپے فی کلو تک پہنچ گیا

جاسم محمد

محفلین
کراچی میں ٹماٹر 250 روپے فی کلو تک پہنچ گیا
207966_8562533_updates.jpg

— فائل فوٹو

کراچی میں ٹماٹرکی قیمت ایک بار پھر 50 روپے اضافے کے ساتھ ٹماٹر 250 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

پاکستان فروٹ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ منڈی میں ٹماٹر 180 سے 200 روپے تک فروخت ہوا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق منڈی میں ٹماٹر کی گاڑیوں کی آمد کم ہے جب کہ موسم سرد ہونےپر بلوچستان سے لال ٹماٹر کی سپلائی کم ہوئی ہے ۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سندھ میں ٹماٹر کی فصل ابھی تیار ہورہی ہے اور صورتحال واضح ہونے میں مزید 15 روز لگیں گے۔
 

جاسم محمد

محفلین
مارکیٹ میں ٹماٹر300 روپے کلو، مشیر خزانہ کہتے ہیں 17روپے کلو
11 نومبر ، 2019
جاوید مصباح -اردو نیوز، اسلام آباد

ملک بھر میں ایک بار پھر ٹماٹر کی قیمت کو پر لگ گئے، لاہور میں تین سو روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، پشاور اور کراچی میں قیمت دو سو روپے تک پہنچ گئی، جبکہ اسلام آباد میں بھی ٹماٹر ڈھائی سو روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔
ٹماٹر کے علاوہ دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی خاصا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس پر سفید پوش طبقہ ہی نہیں اپر مڈل کلاس کے لوگ بھی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے سبزی خریدنے کے لیے بازار کا رخ کرنے والے اسلام آباد کے رہائشی محمد مقبول نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ارادہ تو یہی تھا کہ بھنڈی اور ٹماٹر خرید کر لے جاؤں گا لیکن اب لگتا ہے کہ صرف بھنڈی ہی خریدنا پڑے گی اگرچہ اس کی قیمت بھی زیادہ ہے، لیکن ٹماٹر تو اب عام لوگوں کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں۔‘
مزید پڑھیں

’اسلام آباد میں ویسے بھی دوسرے شہروں کی نسبت قیمتیں زیادہ ہوتی ہیں لیکن اس بار تو حد ہی ہو گئی ہے، گوشت اور دالیں وغیرہ تو خواب بن چکی ہیں، صرف سبزی ہی تھی ہمارے لیے، اب اسے خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔‘
ایک اور شہری احمد جمال نے بتایا کہ ’آب پارہ مارکیٹ کی تمام ہی سبزی کی دکانیں پھر چکا ہوں لیکن کوئی بھی رعایت کرنے کو تیار نہیں۔‘
دوسری جانب دکان داروں کا کہنا ہے کہ ہم تو خود مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں، پیچھے سے ہی چیزیں مہنگی آ رہی ہیں، جس کی وجہ سے ہماری دکان داری شدید متاثر ہو رہی ہے۔‘
اس حوالے سے سبزی کے تاجر محمد اجمل نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’قیمتیں بڑھنے کی بنیادی وجہ باربرداری کے اخراجات ہیں کیونکہ اس حوالے سے کوئی واضح ضابطہ موجود نہیں ہے، ڈیلرز کے کرائے ہزاروں میں نہیں بلکہ لاکھوں روپے ہیں جن کا اثر قیمتوں پر بھی پڑتا ہے لاہور، کراچی، بدین بہت دور واقع ہیں اور زیادہ تر سبزیاں وہیں سے آتی ہے۔
’دکان دار کبھی کوئی چیز مہنگی بیچنا نہیں چاہتا بلکہ اس کی تو کوشش ہوتی ہے کہ ایک آدھ روپے کے منافع سے ہی چیز فروخت کر دے، تاہم اگر اسے چیز ملے ہی مہنگی تو اس کو سستا کیسے فروخت کیا جا سکتا ہے؟‘
5609a2d31a82c.jpg

سبزی ڈیلر سجاول کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ سیزن کی وجہ سے ہے، فوٹو: سوشل میڈیا

اسی بارے میں ایک سبزی ڈیلر سجاول کا کہنا تھا کہ یہ سب سیزن کی وجہ سے ہو رہا ہے، اس وقت پنجاب کے ٹماٹر اور دوسری سبزیوں کا سیزن ختم ہو چکا ہے، اور سوات کا ٹماٹر اسلام آباد آ رہا ہے، جبکہ کراچی اور بدین کا سیزن ابھی شروع نہیں ہوا، جب چیز کی پیداوار اور رسائی ہی کم ہو تو قیمت بڑھتی ہی ہے اور ایسا ہی ہو رہا ہے۔
انہوں نے قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ سیاست کو قرار دیا اور کہا کہ پورا ملک جانتا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنا چل رہا ہے اس لیے دوسرے شہروں سے ڈیلرز مال بھجواتے ہوئے ہچکچاتے ہیں کیونکہ ان کے ذہن میں خدشہ ہوتا ہے کہ اگر کوئی بدمزگی ہو گئی تو مال کہیں ضائع نہ ہو جائے، اسی طرح اسلام آباد کا مقامی ڈیلر بھی زیادہ مقدار میں مال منگوانے سے گریز کر رہا ہے۔
سبزیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے جب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’آج ٹماٹر کا سرکاری ریٹ 162 روپے فی کلو ہے اور تھوڑے بہت فرق کے ساتھ تمام ہی سیکٹرز میں فروخت ہو رہا ہے، تاہم مہنگے داموں فروخت پر کچھ سیکٹرز میں انتظامیہ نے کارروائی بھی کی ہے اور مختلف دکان داروں کو 60 ہزار روپے کے جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔‘
8dd4e824551a139f27fead13d6c0eb32.jpg

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق ٹماٹر کا سرکاری ریٹ 162 روپے فی کلو ہے، فوٹو: سوشل میڈیا

جب ان سے پوچھا گیا کہ کشمیر ہائی وے پر جاری دھرنے کی وجہ سے بھی قیمتوں پر کوئی اثر پڑا ہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے، اگر ایسا ہوتا تو لاہور یا کراچی میں قیمتیں مختلف ہوتیں، اس کی بنیادی وجہ پیداوار، طلب اور رسد ہے۔
’اگر عوام کہیں دیکھیں کہ سرکاری ریٹ سے زیادہ پر اشیا فروخت ہو رہی ہیں تو وہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت ڈال سکتے ہیں، جبکہ فون کر کے یا آفس آ کر بھی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے‘
حمزہ شفقات نے مزید بتایا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے ’درست دام‘ کے نام سے ایک ایپلی کیشن بھی متعارف کروائی ہے، جس پر جا کر سبزی سمیت دیگر اشیا کا آرڈر دیا جا سکتا ہے اور سرکاری ریٹ پر بغیر سروس چارجز اشیا پہنچا دی جاتی ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ٹماٹر کی بڑھتی قیمت پر بحث ہو رہی ہے۔
افراہ کامران نامی صارف نے ٹویٹ کیا کہ ’یہ ہوتی ہے تبدیلی!!!
’ایک کلو ٹماٹر میں اب دو امریکی ڈالرز ملتے ہیں۔‘

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا ایک کلپ بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹماٹر تو 17 روپے کلو ہیں۔
ایم اویس کیانی نام کے صارف نے مشیر خزانہ کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا دعویٰ، کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں، کراچی کی منڈی میں ٹماٹر 17 روپے فی کلو ہیں۔‘

شیروز اقبال نے ٹویٹ کی کہ ‘ آج کسی نے ہمارے مشیر خزانہ سے ٹماٹر کی قیمت کے حوالے سے دریافت کیا اور انہوں نے جواب دیا کہ 17 روپے کلو۔ آپ کے کسی رشتہ دار نے 17 روپے کا کلو لگایا ہوا ہے ویسے مارکیٹ میں 300 کا لکھا ہوا ہے۔‘ ثاقب راجا نامی صارف نے مشیر خزانہ کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ یہ ہمارے مشیر خزانہ ہیں اور عالم یہ ہے پاکستانی 300 روپے فی کلو ٹماٹر خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ یہ 17 روپے کلو قیمت بتا رہے ہیں ۔ آفرین ہے بھئی۔‘
 

سید عاطف علی

لائبریرین
ارے ! یہ تو انڈیا کا ایجنڈا پورا ہو رہا ہے کہ لال ٹماٹر کو ترسے گا پاکستان ۔ :)
ویسے ٹماٹر کے ریٹ تو اوپر نیچے ہوتے رہتے ہیں زیادہ آگیا تو سستا کم پڑ گیا تو مہنگا۔ اس کی مارکیٹ سپلائی ایک سی نہیں رہتی۔
 

فاخر

محفلین
ارے ! یہ تو انڈیا کا ایجنڈا پورا ہو رہا ہے کہ لال ٹماٹر کو ترسے گا پاکستان ۔ :)
ویسے ٹماٹر کے ریٹ تو اوپر نیچے ہوتے رہتے ہیں زیادہ آگیا تو سستا کم پڑ گیا تو مہنگا۔ اس کی مارکیٹ سپلائی ایک سی نہیں رہتی۔
لگتا ہے کہ آپ بھارتی چینل ’’آج تک ،زی نیوز ،اے بی پی نیوز،وغیرہ وغیرہ خوب دیکھتے ہیں ؟ :LOL: ویسے یہ سچ ہے کہ :’ بھارتی میڈیا نے اپنی عزت نفس کو ’’اعلیٰ حضرت‘‘ کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے۔(اعلیٰ حضرت سے آپ بریلی نہ پہنچ جائیں)
 

سید عاطف علی

لائبریرین
لگتا ہے کہ آپ بھارتی چینل ’’آج تک ،زی نیوز ،اے بی پی نیوز،وغیرہ وغیرہ خوب دیکھتے ہیں ؟ :LOL: ویسے یہ سچ ہے کہ :’ بھارتی میڈیا نے اپنی عزت نفس کو ’’اعلیٰ حضرت‘‘ کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے۔(اعلیٰ حضرت سے آپ بریلی نہ پہنچ جائیں)
ارے بھئی دوست ! جہاں دیکھو سوشل میڈیا کا دور دورہ ہے یہ اسی کی دین ہے ۔ ویسے میں تو کوئی پاکستان کا چینل بھی کم ہی دیکھتا ہوں :)
 
Top