تعاون برائے اخراجات اردو ویب سال دہم

دوستو! اردو ویب کے قیام کو پورے دس برس ہونے والے ہیں! ۔۔۔ توقف! ۔۔۔ اور یہ طویل سفر احباب کے تعاون باہمی کے بغیر اگر ناممکن نہ بھی ہوتا تو بے مصرف ضرور ہوتا۔ دس برسوں پر محیط سرد و گرم قصے تو فقط اس سفر کی ابتدا ہیں اور بقول ڈاکٹر اقبال، "مجھ کو جانا ہے بہت اونچا حد پرواز سے!" :) :) :)

سابقہ دستور کے مطابق ایک دفعہ پھر وہ موقع آ گیا ہے جب اردو ویب کے زیر اہتمام چل رہی تمام خدمات کو جاری رکھنے نیز ان کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے تمام محبان اردو اور بالخصوص محفلین کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اردو ویب کے سالانہ اخراجات کی مد میں اپنا تعاون پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں۔ ہماری ترجیح ہوتی ہے کہ تھوڑا تھوڑا کر کے زیادہ سے زیادہ احباب اس کا حصہ بنیں لیکن یہ روایت رہی ہے کہ بعض احباب اچانک خطیر رقم دے کر ہدف کو آن واحد میں پورا کرا دیتے ہیں اور جو احباب کسی سبب چند روز بعد اپنا تعاون پیش کرنے کا پر خلوص ارادہ رکھتے ہیں ان کو اپنا ارادہ اگلے برس تک کے لئے ملتوی کرنا پڑ جاتا ہے۔ :)

امسال وسائل اور خدمات کی دستیابی کے حوالے سے اردو ویب کی کارکردگی تسلی بخش رہی۔ اسٹیٹک فائلوں، کیش، اور بڑھتے ہوئے ڈیٹا بیس کے چلتے چند دفعہ ڈسک کے حوالے سے معمولی مسائل سامنے آئے جن کے دائمی سد باب کے لیے چند طریقہائے کار زیر غور ہیں۔ پچھلے برس اردو ویب کی ہوسٹنگ کو دو حصوں میں منقسم کر دیا گیا تھا۔ ایک عدد بڑا سرور جو کہ لنوڈ پر ہوسٹیڈ ہے اس میں لیمپ اسٹیک LAMP Stack (لینکس، اپاچے، مائی ایس کیو ایل، اور پی ایچ پی) کو برتا گیا ہے اور ایک عدد چھوٹا سرور ڈیجیٹل اوشئین پر ہوسٹیڈ ہے جس میں ڈاکر کنٹینر کی مدد سے مختلف ایپلیکیشن انوائرنمنٹ مرتب ہیں۔ لنوڈ سرور پر فی الحال اردو محفل، سیارہ، فونٹ سرور، ڈاؤن لوڈ سینٹر، اور اردو انسائکلو پیڈیا وغیرہ جیسی خدمات ہوسٹیڈ ہیں۔ جبکہ بیشتر اسٹیٹک فائلیں مثلاً لائبریری کی اسکین فائلیں، سر ورق اور الف عین چاچو کی برقی کتب گوگل ڈرائیو میں منتقل کر دی گئی ہیں اور انھیں ریورس پراکسی کی مدد سے فراہم کرایا جا رہا ہے۔ اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری فی الحال ایک خارجی سرور پر ہوسٹیڈ ہے جسے ڈیجیٹل اوشئین پر منتقل کرنے کا ارادہ ہے۔ آنے والے وقتوں میں محفل اور اردو انسائکلوپیڈیا سمیت تمام اردو ویب خدمات کو علیحدہ کنٹینرس کی صورت ڈیجیٹل اوشئین کی طرف منتقل کرنے کا ارادہ ہے۔ فی الحال ڈیجیٹل اوشئین سرور تجرباتی نوعیت کے پروجیکٹس میں استعمال ہو رہا ہے مثلاً اردو ویب لغت اور ٹائپوگرافی سے متعلق آلات وغیرہ۔ :)

برادرم سید ذیشان صاحب کا تیار کردہ عروض سرور بھی اردو ویب کی خدمات کا حصہ بن چکا ہے، لیکن فی الحال اس کی ہوسٹنگ کا ذمہ موصوف نے خود لے رکھا ہے۔ البتہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ کسی طرح سی شارپ میں لکھے گئے اس کوڈ کو ونڈوز پلیٹ فارم سے نکال کر لینکس سرور پر چلایا جا سکے تو اسے بھی اردو ویب کی ہوسٹنگ کے ساتھ ایک کنٹینر کی شکل میں جوڑا جا سکے گا۔ مائکرو سافٹ نے ڈاٹ نیٹ فریم ورک کو کراس پلیٹ فارم بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے یہ معاملہ اب بعید از امکان نہیں رہا۔ :)

مجموعی طور پر یہ سال کافی حوصلہ افزا اور نفع بخش رہا۔ ابتدائی ایام میں عروض کے چرچے رہے اور پچھلے کچھ عرصہ سے ٹائپوگرافی کے زمروں میں کافی ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے جبکہ ادبی زمرے ہمیشہ کی طرح سدا بہار رہے۔ البتہ عدم پیشوائی کے چلتے اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری کی پیش رفت قابل ذکر نہ رہی۔ لائبریری کی ذیل میں پس پردہ لغت پروجیکٹ پر کچھ کام ہوا اور ایک عدد ریسرچ پیپر جوئنٹ کانفرینس آن ڈیجیٹل لائبریریز 2015 کی پروسیڈنگس میں منظور ہو گیا ہے جسے اگلے ہفتے پریزینٹ کرنا ہے۔ :)

واضح رہے کہ مذکورہ رقم میں محض اردو ویب کی ہوسٹنگ اور ڈومین نیم رجسٹریشن کے اخراجات شامل ہیں۔ ان کے علاوہ اردو ویب کے تحت استعمال ہونے والے سافٹوئیرز و لائبریریز کی لائسنس فیس کی مد میں بھی کافی اخراجات آتے ہیں جن کے لئے احباب سے تعاون کی درخواست نہیں کی گئی ہے۔ اردو ویب کے زیر اہتمام کئی ڈومین نیم اب گوڈیڈی سے گوگل ڈومینس کی طرف منتقل کر دیے گئے ہیں۔ :)

اس دفعہ مجموعی طور پر 400 ڈالر کا ہدف ہے۔ عطیات کی ادائیگی کے لیے احباب کریڈٹ کارڈ یا پے پال کا استعمال کر سکتے ہیں۔ :)

پے پال یا کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کا ربط۔

جو احباب امریکہ میں مقیم ہوں اور وہ رقم براہ راست ہمارے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر سکیں وہ ہم سے ذاتی مراسلت کر لیں تاکہ متعلقہ تفصیلات فراہم کی جا سکیں۔ اس طرح پے پال کی اضافی ٹرانزیکشن فیس بچائی جا سکے گی۔ نیز پاکستان میں مقیم احباب اپنے عطیات کے لیے ہم سے ذاتی مکالمے میں رابطہ کر لیں تو ان کو ادائیگی کا کوئی متبادل ذریعہ بتا دیا جائے گا۔ :)

واضح رہے کہ یہ رضاکارانہ تعاون اردو کی خدمت کے نام پر طلب کیا جاتا ہے اور اس کے عوض احباب کو اردو محفل میں کوئی برتری یا امتیاز نہیں حاصل ہوتا ہے۔ ٹھیک اسی طرح تعاون نہ کر پانے والے احباب کی حیثیت میں چنداں فرق نہیں پڑتا۔ بیشتر احباب اس بات کو پسند نہیں کرتے کہ ان کا نام تعاون فرمانے والوں کی فہرست میں نمایاں کیا جائے اس لئے ہم عموماً تمام معاونین کے ناموں کو صیغہ راز میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ احباب سے درخواست ہے کہ سو ڈالر سے زیادہ رقم کسی حال میں بطور تعاون پیش نہ کریں تاکہ دیگر احباب کو بھی موقع مل سکے۔ :)

محفل کی سالگرہ ہر لمحہ قریب سے قریب تر ہو رہی ہے لہٰذا احباب اس حوالے سے بھی کمربستہ ہو لیں۔ گذشتہ برس تکنیکی، ادبی، اور دیگر عمومی سرگرمیوں سے پر رہا اور محفل پر عمومی طور پر خاصی رونق رہی، نیز یہ کہ اردو ویب کے قیام کو ایک دہائی مکمل ہونے والی ہے لہٰذا امید ہے کہ احباب بڑھ کر سامنے آئیں گے اور اس دفعہ جشن سالگرہ کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔ دیکھتے ہیں کہ احباب کے پاس اس سفر کے دس برس والے پڑاؤ پر جشن منانے کے لیے کیا کچھ ہے! :) :) :)
 

arifkarim

معطل
visa electron سے مالی تعاون کیسے کیا جاسکتا ہے؟ جبکہ میرے پاس پے پال اور کریڈٹ کارڈ کی سہولت نہیں ہے :)
میری محدود معلومات کے مطابق تو ویزا الیکٹران کو آن لائن ادائیگیوں کیلئے استعمال ہی نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اسمیں CVV2 سیکیورٹی کوڈ کا فقدان ہونے کے سبب کوئی بھی آن لائن دوکاندار اسے قبول کرنے سے کتراتا ہے۔
بہرحال اپنے بینک سے چیک کر لیں کہ انہوں نے یہ کارڈ کریڈٹ کیلئے ایشو کیا ہے یا ڈیبٹ کیلئے ۔ اگر یہ ایک کریڈٹ کارڈ ہے تو اسکے پیچھے CVV2 کوڈ موجود ہوگا۔ یوں آپ محفل کے ہوسٹنگ اخراجات کی مد میں ادائیگی باآسانی کر سکتے ہیں۔ بصورت دیگر جیسا کہ آپ اوپر لکھ چکے ہیں کہ آپکے پاس کوئی کریڈٹ کارڈ نہیں تو آرام سے بیٹھ کر خوش ہو لیں کہ انگور کھٹے ہیں :)
 
یہ ڈیبٹ کارڈ ہے۔ کوئی طریقہ ایسا نہیں ہے کہ ڈیبٹ کارڈ سے رقم پے پال کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو سکے اور وہاں سے ادائیگی ہو سکے؟
 
یہ ڈیبٹ کارڈ ہے۔ کوئی طریقہ ایسا نہیں ہے کہ ڈیبٹ کارڈ سے رقم پے پال کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو سکے اور وہاں سے ادائیگی ہو سکے؟
پہلے عموماً ایسا کیا جاتا تھا کہ گلف میں مقیم احباب اپنے عطیات کسی ایک فرد کے پاس جمع کر لیتے تھے، پھر ان کو یک مشت بھیجنے کی سبیل نکال لی جاتی تھی۔ :) :) :)
 

arifkarim

معطل
پہلے عموماً ایسا کیا جاتا تھا کہ گلف میں مقیم احباب اپنے عطیات کسی ایک فرد کے پاس جمع کر لیتے تھے، پھر ان کو یک مشت بھیجنے کی سبیل نکال لی جاتی تھی۔ :) :) :)
امارات میں تو شمشاد بھائی شاید مقیم تھے۔ آجکل وہ بھی کہیں نظر نہیں آتے۔
 
اردو ویب کے سالانہ اخراجات کی مد میں فراخدلانہ تعاون پر احباب کا بے حد شکریہ نیز ہدف کی تکمیل پر مبارکباد۔ :) :) :)

جن احباب نے تعاون کا وعدہ کر رکھا ہے لیکن رقم کی منتقلی کے مسائل زیر غور ہیں ان سے علیحدہ رابطہ کیا جائے گا اور مناسب سبیل نکالی جائے گی۔ :) :) :)

کل محفل کی دسویں سالگرہ ہے، احباب اس کی پیشگی مبارکباد قبول فرمائیں۔ :) :) :)
 
Top