ن م راشد مسکراہٹیں

فلک شیر

محفلین
مسکراہٹیں

مُسکراہٹیں ہیں وہ کرم کہ جس کا ریشہ
استوارِ ازل میں ہے
ابد بھی جس کے ایک ایک پل میں ہے
کبھی ہیں سہوِ گفتگو
کبھی اشارۂ خرد، کبھی شرارۂ جنوں
کبھی ہیں رازِ اندروں
وہ مسکراہٹیں بھی ہیں کہ پارہ ہاے ناں بنیں
وہ مسکراہٹیں بھی ہیں کہ برگِ زر فشاں بنیں
کبود رنگ، زرد رنگ، نیل گُوں
کبھی ہیں پیشہ ور کا التہابِ خوں
کبھی ہیں رس، کبھی ہیں مَے
کبھی ہیں کارگر کا رنگِ خَے
کبھی ہیں سنگِ رہ
کبھی ہیں راہ کا نشاں
کبھی ہیں پشتِ پا پہ چور بن کے گامزن
کبھی فریبِ جستجو،
کبھی یہی فراقِ لب، کبھی یہی وصالِ جاں
مگر ہمیشہ سے وہی کرم
کہ جس کا ریشہ استوار ازل میں ہے!

ن م راشد
 
Top