ضرب المثل اشعار - عنیقہ ناز

گفتگو ہو کہ تحریر ، اسی وقت مزہ دیتی ہے جب اس میں تشبیہات، استعارات، روزمرہ، محاورے، کہاوتیں اور ضرب الامثال روانی سے اور مناسب مقامات پہ استعمال کئیے جائیں۔ ورنہ پھر اچھی بھلی بات بھی واعظ کا وعظ لگنے لگتی ہے۔ دور حاضر کا ایک اہم مسئلہ یہ بھی ہے کہ لوگ اپنی گفتگو میں الفاظ کامحدود علم رکھنے کی وجہ سے انہیں کئ طرح سے استعمال نہیں کر پاتے جبکہ باقی چیزیں تو جیسے ختم ہی ہو گئ ہیں۔ اس لئے گفتگو سننے کا مزہ جاتا رہا اور اب ہر ایک اپنی لگی بندھی سناتا ہے۔
مجھے یاد ہے ایک تحریر میں، میں نے مولوی مدن کی مثال استعمال کی تو ایک طبقہ بڑا ناراض ہوا کہ مولوی صاحب کا مذاق اڑایا ہے آپ نے۔ حالانکہ یہ اردو کا ایک محاورہ ہے وہ بات کہاں مولوی مدن کی سی۔ اور یہ جس شعر سے آیا ہے وہ آپکو نیچے ملے گا۔
آپ خود حساب لگا سکتے ہیں کہ سارا دن میں آپ کتنی طرح کے الفاظ استعمال کرتے ہیں، کتنے محاورے یا استعارے یا اشعار سے اسکی زینت کرتے ہیں۔
ایک کتاب ہاتھ لگی جس کا نام ہے اردو کے ضرب المثل اشعار اسکی تالیف کی ہے جناب محمد شمس الحق نے اور اسے چھاپا ہے ادارہ ء یادگار غالب نے کراچی سے۔
ضرب المثل اشعار یعنی ایسے اشعار جنکی شہرت ایسی بڑھی کہ مثال کے لئے استعمال ہونے لگے۔ اس کتاب میں ان اشعار کی تعداد تقریباً ہزار کے قریب ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ کتاب کے حصے کر دئیے گئے ہیں۔ پہلے حصے میں وہ سارے اشعار ہیں جنکے شعراء کے نام معلوم ہیں، دوسرے حصے میں وہ جو ایک سے زائد شعراء سے منسلک کئے جاتے ہیں، تیسرے میں جنکے خالق کا نام معلوم نہیں اور آخیر میں وہ جن کا ایک ہی مصرعہ معلوم ہے۔​
اب یہاں اس کتاب سے میں نے چند شعر نکالے ہیں۔ بہت زیادہ مشہور اشعار کو شامل نہیں کیا۔ جب تک آپ اس کتاب کو نہیں خرید پاتے اس انتخاب سے محظوظ ہوں۔​
در پے ہے عیب جُو ترے، حاتم تو غم نہ کر دشمن ہے عیب جُو تو خدا عیب پوش ہے شاہ حاتم​
فکر معاش، عشق بتاں، یاد رفتگاں اس زندگی میں اب کوئ کیا کیا کیا کرے سودا​
جو کہ ظالم ہو وہ ہرگز پھولتا پھلتا نہیں سبز ہوتے کھیت دیکھا ہے کبھو شمشیر کا سودا​
دن کٹا، جس طرح کٹا لیکن رات کٹتی نظر نہیں آتی سید محمد اثر​
تدبیر میرے عشق کی کیا فائدہ طبیب اب جان ہی کے ساتھ یہ آزار جائے گا میر تقی میر​
اب تو جاتے ہیں بت کدے سے میر پھر ملیں گے اگر خدا لایا میر تقی میر​
میرے سنگ مزار پر فرہاد رکھ کے تیشہ کہے ہے، یا استاد میر تقی میر​
شرط سلیقہ ہے ہر اک امر میں عیب بھی کرنے کو ہنر چاہئیے میر تقی میر​
بہت کچھ ہے کرو میر بس کہ اللہ بس اور باقی ہوس میر تقی میر​
مر گیا کوہ کن اسی غم میں آنکھ اوجھل، پہاڑ اوجھل ہے میر تقی میر​
یا تنگ نہ کر ناصح ناداں، مجھے اتنا یا چل کے دکھا دے ، دہن ایسا، کمر ایسی مہتاب رائے تاباں​
ٹوٹا کعبہ کون سی جائے غم ہے شیخ کچھ قصر دل نہیں کہ بنایا نہ جائے گا قائم چاند پوری​
کی فرشتوں کی راہ ابر نے بند جو گنہ کیجئیے ثواب ہے آج میر سوز​
ہشیار یار جانی، یہ دشت ہے ٹھگوں کا یہاں ٹک نگاہ چوکی اور مال دوستوں کا نظیر اکبر آبادی​
پڑے بھنکتے ہیں لاکھوں دانا، کروڑوں پنڈت، ہزاروں سیانے​
جو خوب دیکھا تو یار آخر، خدا کی باتیں خدا ہی جانے نظیر اکبر آبادی​
ٹک ساتھ ہو حسرت دل مرحوم سے نکلے عاشق کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے فدوی عظیم آبادی​
رکھ نہ آنسو سے وصل کی امید کھاری پانی سے دال گلتی نہیں قدرت اللہ قدرت​
بلبل نے آشیانہ چمن سے اٹھالیا پھر اس چمن میں بوم بسے یا ہما رہے مصحفی​
ہزار شیخ نے داڑھی بڑھائ سن کی سی مگر وہ بات کہاں مولوی مدن کی سی انشا​
اے خال رخ یار تجھے ٹھیک بناتا جا چھوڑ دیا حافظ قرآن سمجھ کر شاہ نصیر​
آئے بھی لوگ، بیٹھے بھی، اٹھ بھی کھڑے ہوئے​
میں جا ہی ڈھونڈھتا تیری محفل میں رہ گیا آتش​
لگے منہ بھی چڑانے دیتے دیتے گالیاں صاحب​
زباں بگڑی تو بگڑی تھی، خبر لیجئیے دہن بگڑا آتش​
مشاق درد عشق جگر بھی ہے، دل بھی ہے کھاءوں کدھر کی چوٹ، بچاءوں کدھر کی چوٹ آتش​
فصل بہار آئ، پیو صوفیو شراب بس ہو چکی نماز، مصلّا اٹھائیے آتش​
زاہد شراب پینے سے کافر ہوا میں کیوں کیا ڈیڑھ چلو پانی میں ایمان بہہ گیا ذوق​
ان دنوں گرچہ دکن میں ہے بڑی قدر سخن کون جائے ذوق پر دلی کی گلیاں چھوڑ کر ذوق​
اسی لئے تو قتل عاشقاں سے منع کرتے ہیں اکیلے پھر رہے ہو یوسف بے کاررواں ہو کر خواجہ وزیر​
بلبل کے کاروبار پہ ہیں خندہ ہائے گل کہتے ہیں جس کو عشق خلل ہے دماغ کا غالب​
غالب برا نہ مان جو واعظ برا کہے ایسا بھی کوئ ہے کہ سب اچھا کہیں جسے غالب​
دیا ہے خلق کو بھی تا اسے نظر نہ لگے بنا ہے عیش تجمل حسین خاں کے لئے غالب​
جانتا ہوں ثواب طاعت و زہد پر طبیعت ادھر نہیں آتی غالب​
گو واں نہیں ، پہ واں کے نکالے ہوئے تو ہیں کعبے سے ان بتوں کو نسبت ہے دور کی غالب​
دام و در اپنے پاس کہاں چیل کے گھونسلے میں ماس کہاں غالب​
کوچہ ء عشق کی راہیں کوئ ہم سے پوچھے خضر کیا جانیں غریب، اگلے زمانے والے وزیر علی صبا​
اذاں دی کعبے میں، ناقوس دیر میں پھونکا کہاں کہاں ترا عاشق تجھے پکار آیا محمد رضا برق​
الجھا ہے پاءوں یار کا زلف دراز میں لو آپ اپنے دام میں صیاد آ گیا مومن​
شب ہجر میں کیا ہجوم بلا ہے زباں تھک گئ مرحبا کہتے کہتے مومن​
لگا رہا ہوں مضامین نو کے انبار خبر کرو میرے خرمن کے خوشہ چینوں کو میر انیس​
نسیم دہلوی، ہم موجد باب فصاحت ہیں کوئ اردو کو کیا سمجھے گا جیسا ہم سمجھتے ہیں اصغر علی خاں فہیم​
وہ شیفتہ کہ دھوم ہے حضرت کے زہد کی میں کیا کہوں کہ رات مجھے کس کے گھر ملے شیفتہ​
ہر چند سیر کی ہے بہت تم نے شیفتہ پر مے کدے میں بھی کبھی تشریف لائیے شیفتہ​
فسانے اپنی محبت کے سچ ہیں، پر کچھ کچھ بڑھا بھی دیتے ہیں ہم زیب داستاں کے لئے شیفتہ​
کیا لطف، جو غیر پردہ کھولے جادو وہ جو سر چڑھ کے بولے دیا شنکر نسیم​
دینا وہ اسکا ساغر مے یاد ہےنظام منہ پھیر کر اُدھر کو، ادھر کو بڑھا کے ہاتھ نظام رام پوری​
گرہ سے کچھ نہیں جاتا، پی بھی لے زاہد ملے جو مفت تو قاضی کو بھی حرام نہیں امیر مینائ​
وہ جب چلے تو قیامت بپا تھی چار طرف ٹہر گئے تو زمانے کو انقلاب نہ تھا داغ​
دی موء ذن نے شب وصل اذاں پچھلی رات ہائے کم بخت کو کس وقت خدا یاد آیا داغ​
سب لوگ جدھر وہ ہیں ادھر دیکھ رہے ہیں ہم دیکھنے والوں کی نظر دیکھ رہے ہیں داغ​
پان بن بن کے مری جان کہاں جاتے ہیں یہ مرے قتل کے سامان کہاں جاتے ہیں ظہیر الدین ظہیر​
ہم نہ کہتے تھے کہ حالی چپ رہو راست گوئ میں ہے رسوائ بہت حالی​
دیکھا کئے وہ مست نگاہوں سے بار بار جب تک شراب آئے کئ دور ہو گئے شاد عظیم آبادی​
خلاف شرع شیخ تھوکتا بھی نہیں مگر اندھیرے اجالے میں چوکتا بھی نہیں اکبر الہ آبادی​
دیکھ آءو مریض فرقت کو رسم دنیا بھی ہے، ثواب بھی ہے حسن بریلوی​
تمہیں چاہوں، تمہارے چاہنے والوں کو بھی چاہوں​
مرا دل پھیر دو، مجھ سے یہ جھگڑا ہو نہیں سکتا مضطر خیر آبادی​
افسوس، بے شمار سخن ہائے گفتنی خوف فساد خلق سے نا گفتہ رہ گئے آزاد انصاری​
توڑ کر عہد کرم نا آشنا ہو جائیے بندہ پرور جائیے، اچھا ، خفا ہو جائیے حسرت موہانی​
یہ دستور زباں بندی ہے کیسا تیری محفل میں یہاں تو بات کرنے کو ترستی ہے زباں میری اقبال​
اقبال بڑا اپدیشک ہے ، من باتوں میں موہ لیتا ہے گفتار کا یہ غازی تو بنا، کردار کا غازی بن نہ سکا اقبال​
کچھ سمجھ کر ہی ہوا ہوں موج دریا کا حریف ورنہ میں بھی جانتا ہوں کہ عافیت ساحل میں ہے وحشت کلکتوی​
اپنے مرکز کی طرف مائل پرواز تھا حسن بھولتا ہی نہیں عالم تیری انگڑائ کا عزیز لکھنوی​
بڑی احتیاط طلب ہے وہ ۔ جو شراب ساغر دل میں ہے​
جو چھلک گئ تو چھلک گئ، جو بھری رہی تو بھری رہی بینظیر شاہ​
دیکھ کر ہر درو دیوار کو حیراں ہونا وہ میرا پہلے پہل داخل زنداں ہونا عزیز لکھنوی​
چتونوں سے ملتا ہے کچھ سراغ باطن کا چال سے تو کافر پہ سادگی برستی ہے یگانہ چنگیزی​
وہ آئے بزم میں اتنا تو برق نے دیکھا پھر اسکے بعد چراغوں میں روشنی نہ رہی مہاراج بہادر برق​
ہر تمنا دل سے رخصت ہو گئ اب تو آجا اب تو خلوت ہو گئ عزیز الحسن مجذوب​
اب یاد رفتگاں کی بھی ہمت نہیں رہی یاروں نے کتنی دور بسائ ہیں بستیاں فراق گو رکھپوری​
داور حشر میرا نامہ ء اعمال نہ دیکھ اس میں کچھ پردہ نشینوں کے بھی نام آتے ہیں محمد دین تاثیر​

امید وصل نے دھوکے دئیے ہیں اس قدر حسرت​
کہ اس کافر کی 'ہاں' بھی اب 'نہیں' معلوم ہوتی ہے چراغ حسن حسرت​

اعتراف اپنی خطاءووں کا میں کرتا ہی چلوں جانے کس کس کو ملے میری سزا میرے بعد کرار نوری​
وہ لوگ جن سے تری بزم میں تھے ہنگامے گئے تو کیاتری بزم خیال سے بھی گئے عزیز حامد مدنی​
ایک محبت کافی ہے باقی عمر اضافی ہے محبوب خزاں​
مری نمازہ جنازہ پڑھی ہے غیروں نے مرے تھےجن کے لئے، وہ رہے وضو کرتے آتش​
ایسی ضد کا کیا ٹھکانا، اپنا مذہب چھوڑ کر میں ہوا کافر تو وہ کافر مسلماں ہو گیا​
محبت میں لٹتے ہیں دین اور ایماں بڑا تیر مارا جوانی لٹا دی​
پاپوش میں لگائ کرن آفتاب کی جو بات کی، خدا کی قسم لاجواب کی

مضمون بشکریہ
عنیقہ ناز
ربط
http://anqasha.blogspot.com/2011/10/blog-post_20.html
 

قیصرانی

لائبریرین
میں آپ کا مطلب نہیں سمجھا
عنیقہ ناز مرحومہ اردو بلاگر تھیں۔ ابھی کچھ ماہ قبل ہی ایک حادثے میں سر پر چوٹ لگنے سے ان کی وفات ہوئی ہے۔ ان کی تحاریر بہت وسیع تناظر کی حامل ہوتی تھیں۔ اللہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے
 
عنیقہ ناز مرحومہ اردو بلاگر تھیں۔ ابھی کچھ ماہ قبل ہی ایک حادثے میں سر پر چوٹ لگنے سے ان کی وفات ہوئی ہے۔ ان کی تحاریر بہت وسیع تناظر کی حامل ہوتی تھیں۔ اللہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے

انا للہ و انا الیہ راجعون
بہت افسوس ہوا سن کر تحریر سے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ مرحومہ کا مطالعہ بہت وسیع تھا
 
بہت اچھا لکھتی تھیں عنیقہ ناز مرحومہ
افسوس کہ میں ان کے بلاگ پر ان کی وفات کے بعد ہی پہنچا تھا کیونکہ مجھے بلاگز سے کچھ دلچسپی نہیں تھی
 
بہت اچھا لکھتی تھیں عنیقہ ناز مرحومہ
افسوس کہ میں ان کے بلاگ پر ان کی وفات کے بعد ہی پہنچا تھا کیونکہ مجھے بلاگز سے کچھ دلچسپی نہیں تھی
بلاگز سے بہت اچھا مواد مل جاتا ہے
میں یہاں زیادہ تر بلاگز سے مواد لیتا ہوں
 

قیصرانی

لائبریرین
کتنا اچھا لگا استانی مرحومہ کا نام پڑھ کر۔ :):):)
عثمان بھائی، کہتے ہیں کہ خوش نصیب ہوتے ہیں وہ لوگ جنہیں جانے کے بعد اچھے الفاظ میں یاد کیا جاتا ہے۔ میں کہتا ہوں کہ خوش نصیب ہوتے ہیں وہ شاگرد اور وہ اولاد جو اپنے استاد یا اپنے والدین کے جانے کے بعد ان کے بارے صرف اور صرف کلمہ خیر ہی سنتے ہیں :)
 

عثمان

محفلین
عثمان بھائی، کہتے ہیں کہ خوش نصیب ہوتے ہیں وہ لوگ جنہیں جانے کے بعد اچھے الفاظ میں یاد کیا جاتا ہے۔ میں کہتا ہوں کہ خوش نصیب ہوتے ہیں وہ شاگرد اور وہ اولاد جو اپنے استاد یا اپنے والدین کے جانے کے بعد ان کے بارے صرف اور صرف کلمہ خیر ہی سنتے ہیں :)
شکریہ اور جزاک اللہ قیصرانی بھائی :)
استانی مرحومہ تو میرے دل میں رہتی ہیں۔
خواہش ہے کہ کبھی ان سے خواب میں ملاقات ہو۔
 

عثمان

محفلین
کیا آپ ان کے بارے میں کچھ بتا سکتے ہیں؟

پی ایچ ڈی کیمسٹری تھیں۔ ایک بیٹی کی ماں۔ کچھ عرصہ تدریس سے وابسطہ رہیں۔ بہترین لکھاری تھیں۔ ان کی کئی تحاریر کراچی کے ادبی مجلے دنیا زاد میں شائع ہوتی رہتی تھیں۔ لبرل اور فیمنسٹ انٹلیکچولزم کے باعث کچھ طبقات کسی حد تک متنازع بھی رہیں۔
مزید تعارف ان کا بلاگ کھنگالنے سے مل جائے گا۔ :)
 

الف عین

لائبریرین
یہ تحریر مع اس انتخاب کے برقی کتاب میں شامل کیا جا چکا ہے۔ برقی کتاب کے مرتبین میں عنیقہ ناز کا نام بھی شامل ہے۔
 
Top