انٹرویو انٹرویو وِد فرحت کیانی

عاطف بٹ

محفلین
ویسے عادت اور خوبیوں میں فرق ہوتا ہے ورنہ میں نے ایک بار ایک سوالنامہ بھرا تھا جس میں اپنی خوبیوں کا ذکر کرنا تھا۔ اس کو ڈھونڈ کر سامنے رکھ لیا کہ چھاپہ مار لوں۔ پھر دیکھا تو آپ نے عادت کی بات کی تھی۔ میں نے یہ سوچ کر کہ پھر بلیو بک آف رُولز کا حوالہ نہ آ جائے، وہ سوالنامہ ایک طرف کر دیا :idontknow:
میں نے جان بوجھ کر عادات کی بات کی تھی تاکہ خوبیوں کا سوال الگ سے پوچھا جاسکے۔ ;)
چلئے، اب کچھ مزید سوالات:

× اپنی تین خوبیاں بتائیے جو آپ کو پسند ہوں۔
× خود میں اگر کوئی خامی دکھائی دیتی ہے تو وہ بھی بتائیے۔
× اگر آپ کو موقع ملے تو پاکستان بھر کا سفر کس طرح کرنا پسند کریں گی: جہاز کے ذریعے، ریل گاڑی کے ذریعے یا عام گاڑی کے ذریعے۔ اس پسند کی وجہ بھی بیان کریں۔
× جس طرح کا اسکول کا واقعہ بتایا ہے ایسا ہی کوئی کالج کا بھی واقعہ ہوجائے۔
× کون سا تہوار آپ کو سب سے زیادہ پسند ہے؟
× پسندیدہ تہوار کیسے مناتی ہیں؟
× اچانک گھر میں مہمان آجائیں تو آپ کا ردعمل کیا ہوتا ہے؟

باقی آئندہ!!! :)
 

نایاب

لائبریرین
بہت شکریہ نایاب بھائی۔ دلچسپ سوالات تھے۔ :)
محترم بہنا سدا خوش ہنستی مسکراتی رہیں آمین
میرے اوٹ پٹانگ سوالوں سے جب اکتا جائیں تو بتا دیجئے گا ۔
بات سے بات تو ویسے ہی نکلتی چلی جاتی ہے ۔
گہ نہ بھی نکلے تو میں لفظ پکڑ چلا لیتا ہوں ۔
اب تو شکریہ بھی مل گیا سو راہ کھلی ہے مزید سوالوں کی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔؟
 

فرحت کیانی

لائبریرین
میں نے جان بوجھ کر عادات کی بات کی تھی تاکہ خوبیوں کا سوال الگ سے پوچھا جاسکے۔ ;)
دونوں باتیں مشکل ہیں۔

× اپنی تین خوبیاں بتائیے جو آپ کو پسند ہوں۔
اتنی خوبیاں ہوتیں تو میں سوالنامے سے چھاپہ مارنے کا سوچتی۔ :roll:
ایک خوبی جو میں نے بڑی مشکل سے ڈھونڈی تھی کسی انٹرویو سے پہلے وہ یہ کہ میں کوئی بھی نیا کام کرنے سے پہلے اپنا ہوم ورک ضرور مکمل کرتی ہوں۔

× خود میں اگر کوئی خامی دکھائی دیتی ہے تو وہ بھی بتائیے۔
یہاں خامیاں کہنا چاہئیے تھا۔
ایک تو وہی کہ کبھی بڑی سے بڑی مشکل برداشت کر لیتی ہوں اور کبھی ایک دم سے رونا آ جاتا ہے۔
اپنے ذاتی کاموں کے حوالے سے کبھی کبھی متلون مزاجی کا شکار ہو جاتی ہوں۔
کئی جگہوں پر چاہنے کے باوجود دوٹوک رویہ اختیارنہیں کر پاتی۔
and the list goes on and on....:openmouthed:


× اگر آپ کو موقع ملے تو پاکستان بھر کا سفر کس طرح کرنا پسند کریں گی: جہاز کے ذریعے، ریل گاڑی کے ذریعے یا عام گاڑی کے ذریعے۔ اس پسند کی وجہ بھی بیان کریں۔
میں کافی حد تک سفر نصیب قسم کی بندی ہوں۔ پاکستان میں بھی بہت زیادہ سفر کیا اور ابھی بھی کرتی ہوں۔ ریل گاڑی سے کبھی سفر کرنے کا موقع نہیں ملا۔ بہت چھوٹی تھی تو پنجاب اور بلوچستان آنے جانا ریل گاڑی میں ہوا تھا شاید۔
مجھے جہاز سے زیادہ بذریعہ سڑک سفر کرنا زیادہ اچھا لگتا ہے کیونکہ اس طرح آپ کو چیزوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

× جس طرح کا اسکول کا واقعہ بتایا ہے ایسا ہی کوئی کالج کا بھی واقعہ ہوجائے۔
کالج میں بھی بہت سے مزیدار واقعات ہوئے۔ ابھی کچھ دیر میں لکھتی ہوں۔

× کون سا تہوار آپ کو سب سے زیادہ پسند ہے؟
عیدین۔
اور ویک اینڈ کا تہوار بھی۔ جمعہ کو میں ایسی:party: ہوتی ہوں اور پیر کو ایسی :crying3:۔ :openmouthed:۔

× پسندیدہ تہوار کیسے مناتی ہیں؟
عید تو کافی اہتمام اور روایتی انداز سے منائی جاتی ہے۔ عید ہم لوگ اپنے آبائی گھر میں مناتے ہیں۔ تو خوب مزہ آتا ہے۔
ویک اینڈ بھی اہتمام سے مناتی ہوں۔ سونے جاگنے کے اوقات میں بھی مزے کر لئے جاتے ہیں ، کوئی خاص ڈش بھی بنا لیتی ہوں ، پورے ہفتے کا پھیلاوا بھی سنبھالنا ہوتا ہے، شاپنگ اور آؤٹنگ کا پروگرام بھی بن جاتا ہے وغیرہ وغیرہ۔

× اچانک گھر میں مہمان آجائیں تو آپ کا ردعمل کیا ہوتا ہے؟
اگر تو ایسے مہمان ہوں جنہوں نے ڈرائنگ روم میں بیٹھنا ہو اور جن سے ہماری ملاقات کا کوئی امکان نہ ہو تو ردِعمل کچھ خاص نہیں ہوتا کیونکہ اس صورت میں صرف ان کی خاطر مدارت کا انتظام کرنا ہوتا ہے۔ اور وہ کر کے فراغت۔ لیکن اگر قریبی ملنے جلنے والے مہمان ہوں تو ایکدم سے پریشانی ہوتی ہے کہ کمپنی بھی دینی پڑے گی لیکن مزہ بہت آتا ہے کہ گپ شپ لگانے کا خوب موقع ملتا ہے۔

:whew:
بہت شکریہ :)۔
 

امن ایمان

محفلین
whew.gif
فرحت یہ والا آئیکون آپ کی پوسٹ میں بڑا پیارا لگتا ہے۔: )
 

فرحت کیانی

لائبریرین
whew.gif
فرحت یہ والا آئیکون آپ کی پوسٹ میں بڑا پیارا لگتا ہے۔: )
شکریہ امن :smile2:۔
جب میں ایک پوسٹ کا جواب لکھ چُکتی ہوں تو مجھے اپنے لئے وہ مصرعہ یاد آتا ہے۔ 'بڑا محنتی ہے بہادر کسان' اور سب سے موزوں مجھے یہی آئیکون لگتا ہے :) ۔
 
عید تو کافی اہتمام اور روایتی انداز سے منائی جاتی ہے۔ عید ہم لوگ اپنے آبائی گھر میں مناتے ہیں۔ تو خوب مزہ آتا ہے۔
ویک اینڈ بھی اہتمام سے مناتی ہوں۔ سونے جاگنے کے اوقات میں بھی مزے کر لئے جاتے ہیں ، کوئی خاص ڈش بھی بنا لیتی ہوں ، پورے ہفتے کا پھیلاوا بھی سنبھالنا ہوتا ہے، شاپنگ اور آؤٹنگ کا پروگرام بھی بن جاتا ہے وغیرہ وغیرہ۔
:zabardast1: جوابات دیے ہیں آپ نے۔
برا نہ مانیں تو یہ پوچھ سکتا ہوں کہ آپ کا آبائی علاقہ کون سا ہے؟؟
 

امن ایمان

محفلین
فرحت پاکستانی معاشرے کا دوسرے ممالک کے معاشروں سےموازنہ میں جو جواب آپ نے لکھا میں اُس سے خود 100فیصد متفق ہوں۔۔۔اور بالکل آپ ہی کے انداز میں سوچتی ہوں۔۔اس بات سے ایک سوال میرے ذہن میں آیا۔۔۔۔

ہ فرحت اگر آپ کو ایک دن کی بادشاہت دی جائے تو سب سے پہلے فوری قدم کس جانب بڑھائیں گی؟مطلب کونسا اصلاحی کام؟(نوٹ:-صدارتی محل سےواپسی کا راستہ بند ہے):-P
ہ اگر الیکشن میں کھڑا ہونے کو کہا جائے (نوٹ:-ایز اے کینڈیڈیٹ:idea2:)تو آپ کس جماعت کی ایم این اے÷ایم پی اے بننا پسند کریں گی؟؟(اس میں بھی بیٹھنا منع ہے،کھڑے تو آپ کو ہونا ہی ہے):-P
ہ فرحت گھر میں آپ کس درجے کی شہریت رکھتی ہیں۔؟؟(بابا،امی اور بھائیوں کی نظر میں):nerd:
ہ فرحت گھر میں اور گھر سے باہر بھی آپ کے اردگرد سیاسی بحث چل رہی ہو تو مقدور بھر حصہ لیتی ہیں؟؟اور اگر بحث آپ کے نظریات کے مخالف چل رہی ہو تب آپ کا ردعمل کیا ہوتا ہے؟
ہ فرحت فوری فیصلے کی قوت رکھتی ہیں یا سوچ بچار میں وقت لیتی ہیں؟
ہ کوئی ایسی غلطی جس سے سیکھا گیا سبق آج بھی یاد ہو۔؟؟

ابھی کے لیے اتنا اس کے بعد کچھ سوال اردو محفل کے بارے میں پوچھوں گی۔۔۔خبردار کسی اور نے اگر وہ سوال پوچھے تو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔:nottalking:
 

محمد وارث

لائبریرین
کچھ سوال میری طرف سے بھی، ہو سکتا ہے کسی نے پہلے ہی پوچھ لیے ہوں:)

آپ کا شاعری سے شغف کیونکر ہوا۔

آپ کے پسندیدہ شاعر

آپ کا پسندیدہ شعر

آپ پسندیدہ کلام میں اپنی پسند کا کلام اب کم کم کیوں پوسٹ کرتی ہیں
 

شمشاد

لائبریرین
جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے وارث بھائی نے پہلی دفعہ کسی کے بھی انٹرویو میں سوال اٹھائے ہیں۔
فرحت کا انٹرویو اس لحاظ سے منفرد ہے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے وارث بھائی نے پہلی دفعہ کسی کے بھی انٹرویو میں سوال اٹھائے ہیں۔
فرحت کا انٹرویو اس لحاظ سے منفرد ہے۔

شمشاد بھائی ایسی بات تو نہیں، چند سال قبل جب یہ سلسلہ چل رہا تھا تو میرے سوالات ہوتے تھے، ہاں حالیہ سلسلوں میں پہلی بار ہیں لیکن وہ کیا کہتے ہیں کہ سلامِ مرد دہقانی خالی از مطلب نیست تو باقی آپ خود سمجھ جائیں :)
 

فرحت کیانی

لائبریرین
× جس طرح کا اسکول کا واقعہ بتایا ہے ایسا ہی کوئی کالج کا بھی واقعہ ہوجائے۔

کالج میں بھی خوب مزب کا وقت گزرا۔ ہم لوگ جب انڈر گریڈ (undergrad) سالِ اول میں تھے تو زیادہ تر کلاسز فائنل ایئر والوں کے ساتھ اکٹھی ہوا کرتی تھیں۔ فائنل امتحان کی ڈیٹ شیٹ آنے سے پہلے تقریباً تمام سلیبس مکمل ہو چکا تھا اور زیادہ تر مضامین کی دہرائی چل رہی تھی تو فائنل ایئر کی باجیوں نے کہا کہ ان دنوں پڑھائی تو اتنی خاص ہوتی نہیں۔ کالج آنے کا مطلب وقت ضائع کرنا ہے۔ بہتر ہو گا سب گھر بیٹھ کر پڑھائی کریں کیونکہ جب وہ سالِ اول میں تھیں تب بھی ایسا ہی ہُوا تھا۔ سب کا متفقہ فیصلہ ہو گیا کہ اب دو ہفتے گھر میں بیٹھ کر پڑھنا ہے۔ میرے اماں ابا تو خیر کبھی چھٹی کرنے نہیں دیتے تھے اس لئے مجھے تو ٹھیک ٹھاک خوشی ہوئی کہ اسی بہانے میرا چھٹیاں کرنے کا شوق بھی پورا ہو جائے گا۔ چھٹیاں بھی کیں اور امتحان کی تیاری بھی مکمل ہو گئی۔ پھر جس دن ڈیٹ شیٹ ملنی تھی۔ اس دن بڑے جوش و خروش سے کالج کا رخ کیا۔ گیٹ سے داخل ہوتے ہی سب سے پہلے سامنا اپنی سہیلی سے ہوا جو بیچاری دھواں دھار روئے جا رہی تھی۔ معلوم ہوا کہ ڈیٹ شیٹ تو نوٹس بورڈ پر لگی ہی ہے ، ساتھ میں ہم سب کے نام بھی نوٹس بورڈ پر لگے ہوئے ہیں کہ ان لوگوں کو ڈیٹ شیٹ پرنسپل صاحبہ اپنے ہاتھوں سے دینا چاہیں گی :sad2: کیونکہ ہماری پوری کلاس ہی خیر سے دو ہفتے سے غائب تھی۔ اب صورتحال کچھ یوں تھی کہ صبح کی اسمبلی کے وقت بھی جیسے کالج نوٹس بورڈ کے سامنے ہی لگی ہوئی تھی۔ ہماری کلاس تو وہاں کھڑے زاروقطار روئے جا رہی تھی اور ساتھ ساتھ ایک دوسرے کو تسلی اور الزام بھی دیئے جا رہے تھے اور باقی کالج کی لڑکیاں ہمیں دیکھنے اور یہ بتانے آ رہی تھیں کہ میم نے کہا ہے کہ ان کو کالج سے پکی چھٹی مل جائے گی :openmouthed: ۔ اسمبلی کے بعد جب ہم لوگ اپنی کلاس میں گئے تو پہلے تو ٹیچرز نے تھوڑا بہت جھاڑا لیکن چونکہ ہماری کلاس پڑھائی میں اچھی تھی تو ساتھ ساتھ حوصلہ بھی دیا کہ کچھ نہیں ہو گا۔ پھر پرنسپل صاحبہ کے سامنے پیشی ہوئی۔ مجھے ابھی بھی یاد کر کے ہنسی آ جاتی ہے کہ ہم سب ایک قطار میں ان کے دفتر کے باہر کھڑے تھے اور پرنسپل پوچھ رہی تھیں ۔۔'آپ کی سرغنہ کون ہے؟'۔ لیکن مجال ہے کہ کوئی ایک لفظ بھی بولا ہو کہ کس نے تجویز دی تھی۔ سب نے معذرت تو کی لیکن سرغنہ کا نام کسی نے نہیں بتایا۔ پھر ٹیچرز کو بھی ترس آ گیا اور انہوں نے بار بار ہماری سفارش اور تعریف کرنا شروع کر دی۔ پرنسپل صاحبہ کو بھی ہمارے معصوم و مسکین چہرے دیکھ کر ہنسی آ گئی اور انہوں نے آئندہ ایسا نہ کرنے کی وارننگ دے کر ہمیں کلاس میں بھیج دیا۔
میری تو خیر بعد میں گھر واپسی پر بھی ٹھیک ٹھاک عزت افزائی ہوئی تھی اور اس کے بعد تو ایسا سمجھئے کہ اتوار کو بھی بڑی مشکل سے چھٹی کرنے کی اجازت ملتی تھی :sad2: :openmouthed: ۔
 

فرحت کیانی

لائبریرین
فرحت پاکستانی معاشرے کا دوسرے ممالک کے معاشروں سےموازنہ میں جو جواب آپ نے لکھا میں اُس سے خود 100فیصد متفق ہوں۔۔۔ اور بالکل آپ ہی کے انداز میں سوچتی ہوں۔۔
یعنی ہمارے خیالات کافی ملتے ہیں اس بارے میں۔ :)
واقعی امن شاید یہ رویہ اتنا عام ہے کہ ہم سب ہی اس کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ پھر ہر معاشرے میں ہر طرح کے لوگ اور عوامل پائے جاتے ہیں۔ بس معاشرتی ترقی کا درجہ مختلف ہوتا ہے۔ کچھ اس کے ابتدائی درجے پر ہیں تو کچھ کافی سیڑھیاں طے کر چکے ہیں۔


اس بات سے ایک سوال میرے ذہن میں آیا۔۔۔ ۔
ہ فرحت اگر آپ کو ایک دن کی بادشاہت دی جائے تو سب سے پہلے فوری قدم کس جانب بڑھائیں گی؟مطلب کونسا اصلاحی کام؟(نوٹ:-صدارتی محل سےواپسی کا راستہ بند ہے):-P
آپ کو معلوم تھا ناں امن کہ میں نے الٹے قدموں یہاں سے واپس لوٹ جانا ہے اسی لئے واپسی کا راستہ پہلے ہی بند کر دیا۔ :roll:
میرا خیال ہے کہ ایک دن کے لئے اختیار ملے تو میں عوام و خواص سب کو صفائی مہم پر لگا دوں گی۔ مجھ سمیت تمام لوگ گھر ، محلے، کالونی، سڑکیں ، بازار، دفتر ہر جگہ کی صفائی کرنے میں حصہ لیں گے۔ پھر اسی کے ساتھ ساتھ میں صدراتی آرڈیننس جاری کر دوں گی کہ ہر گھر کے 5 سال سے اوپر ہر فرد کو ہر ماہ کسی نہ کسی صورت کمیونٹی ورک کے کچھ مخصوص گھنٹے مکمل کرنا ہوں گے۔ اور اس میں بنیادی کام ماحول کو صاف رکھنا ہو گا۔
اگلا قدم میڈیا والوں کی کلاس لینا ہو گا۔ پہلے تو میں ان سب کو اکٹھا کر کے آدھے دن کے لئے ان کے اپنے اپنے پروگرامز دکھاؤں گی اور ان کے گھر والوں کو بھی ان کے ساتھ بٹھاؤں گی۔ اس کے بعد جب ان کی حالت ویسی ہی ہو جائے گی جیسی پروگرامز دیکھ کر ہم لوگوں کی ہوا کرتی ہے تو انہی سے نیا ضابطہ اخلاق بنواؤں گی خصوصاً لباس اور زبان کے استعمال سے متعلق۔
اسی ایک دن میں میرا ایک کام کچھ ایسا کرنا ہو گا جس سے نظامِ تعلیم یکسانیت کی طرف جائے۔ خصوصاً جگہ جگہ گلی محلوں اور گھروں میں کُھلے ہوئے سکولوں کو ایک مخصوص ضابطے کو پورا کرنا ہو گا ورنہ سب بند۔
امن اختیار دینا تھا تو ایک سے زیادہ کا دیتیں ناں تا کہ میں بھی لوگوں پر کوئی رعب شعب ڈال سکتی :daydreaming:۔


ہ اگر الیکشن میں کھڑا ہونے کو کہا جائے (نوٹ:-ایز اے کینڈیڈیٹ:idea2:)تو آپ کس جماعت کی ایم این اے÷ایم پی اے بننا پسند کریں گی؟؟(اس میں بھی بیٹھنا منع ہے،کھڑے تو آپ کو ہونا ہی ہے):-P
ً
یہ تو پچھلے سے بھی زیادہ مشکل ، پیچیدہ اور پریشان کُن صورتحال ہے امن :idontknow:۔
میرا خیال ہے کہ میں موجودہ جماعتوں میں سے شاید کسی کا بھی حصہ نہ بن سکوں۔ بہت سے لوگوں کی طرح مجھے بھی تحریکِ انصاف سے کافی توقعات تھیں لیکن اب مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید اس پارٹی اور خصوصاً اس کے سربراہ عمران خان کو سیاسی طور پر میچور ہونے میں بہت وقت چاہئیے ہو گا۔ حالانکہ ان کے ساتھ شامل کچھ لوگوں سے میں خاصی متاثر ہوں لیکن پھر بھی مجھے اس بات کے امکانات بہت کم نظر آتے ہیں کہ ان کی جماعت یا کسی بھی اور جماعت کی پارلیمنٹ میں نمائندہ بن کر میں کچھ خاص کر سکوں گی اس لئے کوئی پارٹی نہیں۔
میں سوچ رہی ہوں کہ میں اپنی ہی کوئی جماعت نہ بنا لوں چاہے یک رُکنی ہی سہی :party:۔


ہ فرحت گھر میں آپ کس درجے کی شہریت رکھتی ہیں۔؟؟(بابا،امی اور بھائیوں کی نظر میں):nerd:
یہ کیا سوال پوچھ لیا امن ۔۔۔ بچپن میں میرے بھائیوں نے مجھے وزیرِ جنگ کا خطاب دیا ہوا تھا اور اب بھی ان کے خیالات تقریباً ویسے ہی ہیں۔ (ایک طویل سرد آہ :embarrassed: ) :openmouthed: ۔ مذاق برطرف، قطع نظر اس بات کہ میری والدہ سمیت تمام گھر والے میری عقلمندی کے بارے میں اکثر غیر یقینی کا شکار رہتے ہیں ، الحمد اللہ گھر میں شہریت پہلے درجے سے بھی کچھ اوپر ہے۔ :party:



ہ فرحت گھر میں اور گھر سے باہر بھی آپ کے اردگرد سیاسی بحث چل رہی ہو تو مقدور بھر حصہ لیتی ہیں؟؟اور اگر بحث آپ کے نظریات کے مخالف چل رہی ہو تب آپ کا ردعمل کیا ہوتا ہے؟
نہیں امن ، زیادہ حصہ نہیں لیتی۔ پہلے لیا کرتی تھی لیکن اب ہر طرف لوگوں کو ایک سی باتیں ، لڑائی جھگڑے پہ مبنی مباحثہ کرتے دیکھ کر میں شاید اُکتا گئی ہوں۔ اس لئے میں عموماً سننے والوں میں شامل ہو جاتی ہوں۔ بحث میرے نظریات کے خلاف بھی چل رہی ہو تب بھی میں نہ تو حصہ لیتی ہوں اور نہ ہی بُرا مناتی ہوں۔ گزرتے وقت سے دو باتیں یہ بھی سیکھی ہیں کہ ہر کسی کو اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کا حق ہے اور بحث برائے بحث میں حصہ لینا اپنا ہی فشارِ خون بڑھانے کے مترادف ہے۔


ہ فرحت فوری فیصلے کی قوت رکھتی ہیں یا سوچ بچار میں وقت لیتی ہیں؟
حالات و واقعات پر منحصر ہے۔ کبھی کبھی بہت وقت لیتی ہوں فیصلہ کرنے میں اور کبھی فوراً فیصلہ کر لیتی ہوں۔



ہ کوئی ایسی غلطی جس سے سیکھا گیا سبق آج بھی یاد ہو۔؟؟

ایک نہیں بہت سی غلطیاں ہیں۔ اور جو سبق سنگین غلطیوں سے سیکھے جائیں وہ کبھی نہیں بھولتے۔ میں بھی نہیں بُھولی۔


ابھی کے لیے اتنا اس کے بعد کچھ سوال اردو محفل کے بارے میں پوچھوں گی۔۔۔ خبردار کسی اور نے اگر وہ سوال پوچھے تو۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔:nottalking:



بہت شکریہ امن :smile2:۔
 

فرحت کیانی

لائبریرین
محترم بہنا سدا خوش ہنستی مسکراتی رہیں آمین
میرے اوٹ پٹانگ سوالوں سے جب اکتا جائیں تو بتا دیجئے گا ۔
بات سے بات تو ویسے ہی نکلتی چلی جاتی ہے ۔
گہ نہ بھی نکلے تو میں لفظ پکڑ چلا لیتا ہوں ۔
اب تو شکریہ بھی مل گیا سو راہ کھلی ہے مزید سوالوں کی ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔؟
جی بالکل۔
آپ کو اجازت کی ضرورت نہیں ہے نایاب بھائی۔ :)
 

نایاب

لائبریرین
جی بالکل۔
آپ کو اجازت کی ضرورت نہیں ہے نایاب بھائی۔ :)
اللہ تعالی سدا آپ کو اپنی امان میں رکھے آمین
بہت شروع کی بات ہے کہ مجھے @بوچھی اپیا سیدہ شگفتہ بہنا اور آپ بارعب شخصیات محسوس ہوتی تھیں ۔
اک جھجھک سی رہتی تھی ۔ جانے کیا سننا پڑجائے ۔ ویسے بھی خواتین سے گفتگو کرنے میں شرمیلا پن حائل رہتا ہے ۔
یہ تو محترم تعبیر بہنا (اللہ ان کو سدا خوش وآباد رکھے آمین ) نے بہت خلوص سے زبردستی کرتے اراکین محفل سے گفتگو کرنے کی راہ کو آسان بنایا ۔
آپ بحیثیت خاتون پاکستانی خواتین کے لیئے کیسی تعلیم کو مناسب سمجھتی ہیں ۔ جو کہ پاکستانی خواتین کے لیئے اندرون و بیرون ملک زندگی گزارنے کے لیئے مفید ہو ۔۔۔۔۔۔۔؟
کیا آپ یہ سمجھتی ہیں کہ پاکستان کا نظام تعلیم ہر دو اصناف کے لیئے مناسب و مفید ہے ۔۔؟
اگر آپ کو وزیر تعلیم بننے کا موقع ملے تو آپ موجودہ پاکستانی نظام تعلیم میں کس قسم کو ردوبدل کرنا مناسب سمجھیں گی ۔۔۔۔؟
پاکستانی معاشرے میں اک خاتون کیسے اپنی انفرادیت کو قائم رکھتے بلندیوں کو چھو سکتی ہے ۔۔۔؟
 

فرحت کیانی

لائبریرین
کچھ سوال میری طرف سے بھی، ہو سکتا ہے کسی نے پہلے ہی پوچھ لیے ہوں:)
بہت شکریہ وارث۔ :)
یہ سوال کسی نے بھی نہیں پوچھے ابھی تک۔

آپ کا شاعری سے شغف کیونکر ہوا۔
ہمارے گھر میں مطالعہ والا ماحول تو ہمیشہ سے تھا لیکن شاعری سے کسی کو لگاؤ نہیں تھا۔ مجھے بھی چھٹی ساتویں جماعت تک شعروں کی کچھ ایسی خاص سمجھ نہیں آتی تھی لیکن یہ تھا کہ تقاریر وغیرہ کے لئے شعر یاد کرنے پڑتے تھے تو جو ٹیچرز یا ابو نے لکھوا دیئے ، میں یاد کر لیتی تھی۔ پھر آٹھویں جماعت میں ہماری اردو کی ٹیچر نے یہ شرط لگا دی کہ تشریح ، مضامین اور سوالوں کے جواب میں بھی کوئی نہ کوئی شعر ضرور شامل کرنا ہے۔ وہ پہلے خود اتنے اچھے طریقے سے شعر پڑھتی اور اس کو تفصیلاً سمجھاتی تھیں اس دوران ہم لوگوں کو نوٹس لینے کی اجازت تو تھی لیکن تشریح اور وضاحت ہمیں گھر سے کر کے لانا ہوتی تھی اور شعر بھی شامل کرنا ہوتے تھے۔ جس نے سب سے زیادہ اور متعلقہ اشعار لکھے وہی جیتتا تھا۔ بس اسی چکر میں شاعری پڑھنے میں دلچسپی ہو گئی۔ مجھے یاد ہے میرے بڑے بھائی اس وقت کالج پڑھتے تھے اور ان کی اردو گرامر کی کتابیں ہر وقت میرے پاس ہوا کرتی تھیں کیونکہ ان میں مختلف اشعار کی تشریح بھی ہوتی تھی اور مزید شعر بھی۔ پھر ہمارے گھر ملٹری کالج کا میگزین عالمگیرین آتا تھا اور اس کے حصہ اردو میں اتنے اچھے اچھے مضامین ہوتے تھے شعروں کے ساتھ تو میں ہوم ورک اور امتحان میں ان سب کو خوب پڑھا کرتی تھی۔ ان ٹیچر نے ہمیں تین سال لگاتار اردو پڑھائی اور میں نے انہی کی بدولت شاعری کوسمجھنا شروع کیا۔ انہوں نے نویں جماعت میں مجھے لائبریری انچارج بنا دیا تو میں نے ہائی سکول کے دو سالوں میں لائبریری میں موجود بچوں کے علاوہ ٹیچرز والی الماریاں بھی کھنگال ڈالیں۔ سب سے پہلی نظم جو مجھے زبانی یاد ہوئی تھی وہ انور مسعود کی پنجابی نظم تھی 'انار کلی دیاں شاناں' اور چائے اور لسی کی لڑائی۔ اور وہ عالمگیرین میگزین میں کسی اردو کے استاد کا انور مسعود کی شاعری کے بارے میں مضمون تھا۔

آپ کے پسندیدہ شاعر
تمام اساتذہ ۔ مرزا غالب ، میر ، میر درد ، حالی، داغ ، آتش، حسرت موہانی ، حفیظ جالندھری۔ اقبال کے ہر شعر میں مجھے معانی کا ایک جہان آباد نظر آتا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے میں نے جگر مراد آبادی کا دیوان پڑھنا شروع کیا تھا اور ان کا کلام بھی مجھے بہت انسپائر کرتا ہے۔
دیگر شعرا میں فیض احمد فیض، احمدفراز ، حبیب جالب ، مظفر وارثی ، انور مسعود اور پیرزادہ قاسم۔
اور بُلھے شاہ کا کون مداح نہیں ہو گا۔

بہت سے ہیں۔ ایک لکھنا ہو تو:
لے سانس بھی آہستہ کہ نازک ہے بہت کام
آفاق کی اس کار گہ شیشہ گری کا

آپ پسندیدہ کلام میں اپنی پسند کا کلام اب کم کم کیوں پوسٹ کرتی ہیں
پسندیدہ کلام کا گوشہ محفل میں میرا سب سے پسندیدہ سیکشن ہے۔ پچھلے کچھ عرصہ سے مصروفیت کچھ ایسی ہو گئی ہے کہ پڑھنے کا موقع بھی کم ملتا ہے۔ اور پوسٹ کرنے کا تو اس سے بھی کم۔ حالانکہ میں نے ابھی بھی بہت سی کتابوں میں نشانی رکھی ہوئی ہے کہ پوسٹ کرنا ہے لیکن جب تھوڑی دیر کے لئے محفل پر آنا ہو تو ٹیگ سسٹم کی وجہ سے پہلے وہاں پوسٹ کرتی ہوں جہاں کسی نے یاد کیا ہو۔ یہ بھی ایک وجہ ہے۔
 
Top