پاک نستعلیق بالمقابل گوہر نستعلیق

کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں

مہوش علی

لائبریرین
میں چند مختصر چیزیں بیان کر کے یہ ڈورا شروع کرتی ہوں۔

گوہر نستعلیق کو آپ یہاں ملاحظہ فرما سکتے ہیں (یاد رہے کہ یہ آپکو صرف انٹرنیٹ ایکسپلورر میں نظر آئے گا کیونکہ اسے ایمبیڈ کیا گیا ہے)

http://urduseek.com/node/5


پاک نستعلیق کے چند اہم مسائل کی طرف میں نے پہلے محسن کی توجہ مبذول کروائی تھی۔ بعد میں تقریبا تمام اردو دان طبقہ کی طرف سے بھی یہی مسائل اٹھائے گے۔ ان میں سب سے اہم چیز تھی:

۔ دو لائنوں کے درمیان فاصلہ
۔ نقاط کا مسئلہ کہ وہ کہیں کہیں صحیح نہیں آتے۔

محسن صاحب نے دو لائنوں والے مسئلے کا عارضی حل یہ نکالا کہ صرف فونٹ کی سیٹنگ میں جا کر دو لائنوں کا فاصلہ کم کر دیا۔

مگر اسکا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ بہت سے الفاظ اوپر والی لائن میں گھس کر کٹ جاتے ہیں۔

\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\

میں نے اس سلسلے میں بہت پہلے ایک تجویز دی تھی کہ فونٹ کا "عمودی ڈھلاؤ" Inclination کا زاویہ کچھ زیادہ ہے اور اسے کچھ کم کیا جا سکتا ہے۔ (یا کم از کم کچھ جگہوں پر کم کرنا ممکن ہے)۔

۔ دوسرا یہ کہ کچھ حروف کو ٹھوڑا بدل دیا جائے تو اور بہتر نتیجہ نکل سکتا ہے۔ (مثال کے طور پر حرف "ح" کی ابتدائی، اور درمیانی شکل۔ لفظ "تضحیک" میں آپ دیکھیں کہ درمیانی ح اونچائی کے رخ پر بہت جگہ گھیر رہی ہے۔ )

\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\

میں ذہن میں جو باتیں تھیںِ اُن کے لحاظ سے میں نے گوہر نستعلیق کا مطالعہ کیا، اور میں حیران رہ گئی کہ وہ اُن تمام باتوں کی عملی تعبیر تھی جو میں پاک نستعلیق کے متعلق سوچا کرتی تھی۔

گوہر نستعلیق آپ کے سامنے ہے۔ آپ ذرا اس پر ایک نظر ڈال کر دیکھیں تو آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ:

۔ گوہر نستعلیق میں دو لائنوں کا فاصل بہت ہی مناسب ہے، مگر اسکے باوجود دو لائنیں ایک دوسرے میں نہیں گھستیں۔

۔ گوہر نستعلیق میں عمودی ڈھلوان پاک نستعلیق کے مقابلے میں بہت کم ہے اور حروف base line کے تقریبا متوازی چلتے ہیں (اور اسطرح اونچائی کے رخ پر اُن کی Height کم ہو جاتی ہے۔

۔ اور ذرا گوہر نستعلیق میں "ح" کی درمیانی اور ابتدائی اشکال ملاحظہ کریں کہ کسطرح انہوں نے عمودی خط کے لحاظ سے اسکی اونچائی کم کرنے کی کوشش کی ہے۔

\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\

اصل میں پاک ڈاٹا والوں کے سامنے یہ سوال بہت عرصہ قبل سے موجود تھا کہ وقفہ بین السطور کو کیسے کم کیا جائے۔ اس چیز کا واضح اظہار انکے سب سے پہلے بنائے گئے نستعلیق فونٹ سے ہوتا ہے جو کہ Urdu 98 سافٹویئر کے ساتھ شائع ہوا تھا۔

پاک ڈاٹا والوں کو اردو 98 سافٹویئر کے نستعلیق فونٹ میں ہی یہ کامیابی حاصل ہو گئی تھی کہ وقفہ بین السطور کم کر سکیں، مگر اپنی اس پہلی کوشش میں وہ نستعلیق کی خوبصورتی کو برقرار نہیں رکھ سکے اور بہت سی چیزیں تناسب کے لحاظ سے غلط بیٹھیں۔ اس لیے وہ نستعلیق فونٹ کافی بھدا ہو گیا۔

مگر پاک ڈاٹا والوں نے اپنے اس پہلے نستعلیق فونٹ سے بہت کچھ سیکھا اور ان تمام چیزوں کا مداوا انہوں نے گوہر نستعلیق میں کر دیا۔

\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\

اگر محسن حجازی یا شاکر قادری برادر پاک نستعلیق کو مزید بہتر بنانے میں دلچسپی رکھتے ہوں تو گوہر نستعلیق اور پاک نستعلیق کا مکمل تقابل کر کے چارٹ بنا سکتی ہوں اور اُن کچھ مقامات کی نشاندہی کر سکتی ہوں جہاں کچھ تبدیلیاں کرنا فائدہ مند ہو سکتا ہے۔


گوہر نستعلیق میں انہوں نے نقاط کے مسئلے کو بھی کافی بہتر طریقے سے حل کیا ہے اور اس پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

والسلام
 

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،

مہوش، یہ تجزیہ پیش کرنے کا شکریہ۔ اس کا تفصیلی جواب تو محسن لکھیں گے، میں صرف اتنا عرض کرنا چاہوں گا کہ پاک ڈیٹا والوں کے پاس ٹائپوگرافی اور نستعلیق فونٹ بنانے کا ایک دہائی سے اوپر کا تجربہ ہے اور یہ ان کے جوہر نستعلیق فونٹ کی کوالٹی سے پتا بھی چلتا ہے۔ دوسری طرف میرا ذاتی خیال ہے کہ جوہر نستعلیق کے مقابلے میں پاک نستعلیق فونٹ جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ ہم آہنگ ہے۔ مجھے یہ بات بہت مثبت لگتی ہے کہ محسن پہلے سے موجود سٹینڈرڈز پر اکتفا کرنے کی بجائے خود ان معیارات میں بہتری کے آئیڈیاز لاتے ہیں اور ان پر عملدآمد کرانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ اس کی مثال ان کی اور پال نیلسن کی کمیونیکیشن ہے۔ آج ہو سکتا ہے کہ ڈسپلے کوالٹی کے اعتبار سے جوہر نستعلیق پاک نستعلیق سے آگے ہو۔ لیکن میرا قیاس ہے کہ آنے والے دنوں میں پاک نستعلیق فونٹ آگے نکل جائے گا۔

والسلام
 

قیصرانی

لائبریرین
گوہر نستعلیق کا ایک نقصان یہ بھی ہے کہ اس میں مندرجہ ذیل الفاظ کی درمیانی اشکال درست نہیں‌ہیں۔ اس مضمون کو میں نے ابھی دیکھا ہے انٹرنیٹ ایکسپلورر ورژن 7 کی مدد سے۔ مجھے مندرجہ ذیل چیزیں ایسی محسوس ہوئی ہیں کہ انہیں مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے

درمیانی شکل جو بہتر بنائی جا سکتی ہے وہ ان الفاظ کی ہے
ہ
ل
ت

اختتامی اشکال
ہ


لفظ کی نا متناسب شکل
کیجئے
لینی
تختوں
کہتی
انجمن
پختہ
نسخہ
سینما
بھیجے

نقاط کا مسئلہ
شہر
پیش
ٹپکتے
تشریف
تختے
دقت
تنقید
پیلتے

دوسرا کمرشل سافٹ وئیر اور مفت سافٹ وئیر کی جب بات ہوگی تو ظاہر ہے کہ لوگ مفت کی چیز کی طرف زیادہ مائل ہوتے ہیں‌ :( دوسرا پاک نستعلیق میرا خیال ہے کہ کچھ عرصے تک اپنی اچھی خاصی شکل نکال آئے گا۔ آپ کی کیا رائے ہے؟
 

مہوش علی

لائبریرین
آج ہو سکتا ہے کہ ڈسپلے کوالٹی کے اعتبار سے جوہر نستعلیق پاک نستعلیق سے آگے ہو۔ لیکن میرا قیاس ہے کہ آنے والے دنوں میں پاک نستعلیق فونٹ آگے نکل جائے گا۔

انشاء اللہ۔ ہماری تمام تر نیک خواہشات اور تمنائیں اسی پر لگی ہوئی ہیں۔

\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\

بہرحال، میرا تجزیہ فنی ٹیکنالوجی کے حساب سے نہیں تھا، بلکہ خطاطی کے پہلو کے حوالے سے تھا۔ میرا خیال ہے کہ ہم خطاطی کے حوالے سے جوہر نستعلیق سے کچھ چیزیں سیکھ سکتے ہیں۔

\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\

حقیقت بات یہ ہے کہ مجھے اُس وقت دکھ ہوا جب شمیل نے ای بُک بنائی اور اس میں پاک نستعلیق کے بجائے اردو نسخ ایشیا ٹائپ استعمال کیا۔ اور اس پر کچھ ممبران کی رائے یہ سامنے آئی کہ یہ قیصرانی بھائی کی بنائی ہوئی فائل سے زیادہ بہتر ہے (قیصرانی بھائی نے یہ ای بُک پاک نستعلیق میں بنائی تھی)۔

تو بہت لازمی ہے کہ ہم سوچیں کہ پاک نستعلیق آنے کے باوجود کیوں لوگ نسخ فونٹز کے پیچھے ابھی تک بھاگ رہے ہیں۔

مجھے جو اس کی وجہ نظر آ رہی ہے وہ یہ ہے کہ پاک نستعلیق ابھی 90 فیصد پر پہنچا ہے اور محسن کو ابھی 10 فیصد کام اس پر مزید کرنا پڑے گا۔ مگر یہ 10 فیصد کام اس فونٹ کو کئی سو فیصد عوام الناس میں مقبول بنا دے گا۔

اور یوں بھی میری ناقص رائے یہ ہے کہ نستعلیق فونٹ کا پراجیکٹ کسی بھی اور مشینی ترجمے والے پروجیکٹ سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ اس پراجیکٹ کا ایک اور اہم حصہ ابھی میدان میں نہیں آیا ہے، اور وہ ہے اس کو مکمل طور پر اوپن سورس کرنا۔

[اوپن سورس سے میری مراد یہاں یہ ہے کہ اسکا وولٹ ورک وغیرہ عوام الناس سے شیؑر کرنا وغیرہ۔۔۔۔۔۔ اور اس چیز کی ضرورت مجھے یوں نظر آ رہی ہے کہ شاکر القادری صاحب جیسے حضرات پاک نستعلیق میں بہت سے جدتیں لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اب یہ فنکارانہ صلاحیتیں شاید محسن میں بھی مفقود ہوں۔ چنانچہ اردر کی اصل خدمت پاک نستعلیق تک محدود نہیں رہتیں، بلکہ محسن اپنے جیسے اور بہت سے محسن پیدا کریں تو یہ بہت بہتر خدمت ہو گی۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
جی مہوش بہن، میں ہمیشہ دوسروں سے اچھی اور کارآمد باتیں سیکھنے کا حامی رہا ہوں۔ کہتے ہیں کہ good artists create art and great artists steal it ۔
:p
اسی جملے کو بدل کر یوں لکھا گیا ہے کہ
good programmers write good code, great programmers steal it
:D
بائی دا وے منصور نے پاک نستعلیق ہی نہیں، دوسرے فونٹ استعمال کرکے بھی پی ڈی ایف بنائی ہیں۔ زیادہ فکر مجھے اس بات سے ہوئی تھی کہ پاک نستعلیق فونٹ والی پی ڈی ایف میں سرچ کرنا ممکن نہیں تھا۔ اس معاملے کی مجھے سمجھ نہیں آئی۔
 

قیصرانی

لائبریرین
ایک اور بات جو محسن بھائی نے کہی تھی وہ یہ کہ پاک نستعلیق کی خوبی اس کی خوبصورتی ہو یا نہ ہو، لیکن اس کی سب سے بڑی خوبی اس کی رفتار ہوگی

دوسرا نبیل بھائی جہاں تک پی ڈی ایف میں‌سرچ نہ ہو سکنے کی بات ہے، تو میرے پاس تاہوما کے سوا باقی ہر فانٹ کے اردو ورژن میں ایسا ہو رہا ہے، چاہے وہ پاک نستعلیق ہو چاہے اردو نسخ‌ایشیا ٹائپ
 

نبیل

تکنیکی معاون
میرے خیال میں محسن حجازی کا طریقہ ٹھیک ہے۔ پراجیکٹ کو اوپن سورس کرنے سے پہلے اس کو سٹیبل ریلیز کیا جانا ضروری ہے۔۔ ورنہ اس کی طرح طرح کی fork بننا شروع ہو جائیں گی۔ اس کے علاوہ ابھی ہم لوگوں کو اوپن ٹائپ پر کام سیکھنے میں وقت بھی لگے گا۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
میرےخیال میں سرچ کا مسئلہ کوئی پی ڈی ایف کا اپنا ہی مسئلہ ہے۔ اگر اسی فورم کے پیج کو لیں جس میں ٹیکسٹ پاک نستعلیق میں رینڈر ہو رہا ہے تو اس میں آرام سے ٹیکسٹ سرچ ہو رہی ہے۔ :?
 

قیصرانی

لائبریرین
مہوش بہن، ایک اور بات بھی ذہن میں‌ آئی ہے

میرا خیال ہے کہ نستعلیق فانٹس چاہے جتنے بھی بنائے جائیں، کوئی بھی پرفیکٹ نہیں‌بنے گا۔ کیونکہ اس میں دیگر مسائل بہت ہیں۔ جیسا کہ آپریٹنگ سسٹم کی تبدیلی، رینڈرنگ انجن کے مسائل وغیرہ بہت اہم ہیں۔ اور یہ چیزیں ہر وقت ترقی پذیر حالت میں رہیں گی۔ اور جب تک یہ بنیادی اجزاء‌فائنل نہ ہو جائیں، پرفیکٹ فانٹ کا خواب ہی دیکھا جا سکتا ہے

آپ اس بارے میں کیا کہنا چاہیں گی؟
 

مہوش علی

لائبریرین
قیصرانی نے کہا:
مہوش بہن، ایک اور بات بھی ذہن میں‌ آئی ہے

میرا خیال ہے کہ نستعلیق فانٹس چاہے جتنے بھی بنائے جائیں، کوئی بھی پرفیکٹ نہیں‌بنے گا۔ کیونکہ اس میں دیگر مسائل بہت ہیں۔ جیسا کہ آپریٹنگ سسٹم کی تبدیلی، رینڈرنگ انجن کے مسائل وغیرہ بہت اہم ہیں۔ اور یہ چیزیں ہر وقت ترقی پذیر حالت میں رہیں گی۔ اور جب تک یہ بنیادی اجزاء‌فائنل نہ ہو جائیں، پرفیکٹ فانٹ کا خواب ہی دیکھا جا سکتا ہے

آپ اس بارے میں کیا کہنا چاہیں گی؟

بات آپ کی بالکل بجا ہے، مگر یہ کچھ اور Dimensions ہیں۔

میرا مقصد بیان کرنے کا صرف یہ تھا کہ موجودہ envoirments میں بھی یہ ممکن دکھائی دے رہا ہے کہ پاک نستعلیق کو اس درجے تک بہتر بنا لیا جائے کہ صارفین اس فونٹ کو باقی تمام فونٹز پر ترجیح دیں۔

شاکر القادری برادر کی تحریر بھی میری نظر سے گذر چکی ہے اور اُن کی نظر نے بھی اس عمودی ڈھلوان والے مسئلے کو بھانپ لیا ہے اور وہ گلائفز ایسے ڈیزائن کرنا چاہ رہے ہیں کہ یہ عمودی ڈھلوان کم ہو سکے اور اسکی بجائے افقی سمت میں بے شک حرف کی لمبائی تھوڑی زیادہ ہو جائے۔ [میں یہاں تفصیل میں نہیں جانا چاہتی، مگر افقی سمت میں حرف کی لمبائی تھوڑا بڑھانے سے امید ہے کہ نقطوں کا مسئلہ بھی بہت حد تک حل ہو جائے گا]

ابتک پاک نستعلیق One Man Show ہے۔ اس پر ستم یہ کہ مشینی ترجمہ کاری کا غلغلہ بلند ہے۔ میری امیدیں کچھ ڈگمگا رہی ہیں، کیونکہ اس پراجیکٹ کی رفتار ہماری بلند خواہشات سے پہلے ہی کچھ کم رہی ہے (یہ ہماری بلند خواہشات کا قصور)۔ مگر کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں کہ ٹیم کی صورت میں کرنے سے کامیابی کے امکانات زیادہ ہو جاتے ہیں۔

چنانچہ، اگر بالکل پبلک کرنا بھی مشکل ہو، تو کم از کم کوشش کر کے شاکر القادری برادر کو اپنی فونٹ میکنگ ٹیم کی شمولیت ہی عطا کر دی جائے۔

\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\

باقی یہ کہ یہ چیز گوہر نستعلیق والوں کی نقل شاید نہیں کہلائی جا سکتی کیونکہ انہوں نے اپنا فونٹ کبھی پبلک نہیں کیا۔ مگر جو آئیڈیا اُن کے ذہن میں تھا، وہ ہمارے ذہنوں میں بھی ہے، اور اُس کوعملی جامعہ پہنانا اُنکے فونٹ کی نقل نہیں کہلائی جا سکتی۔

اور یہ پاک نستعلیق کی پہلی ریلیز ہے۔ اور جس طرح پاک ڈاٹا والوں نے اپنے پہلے نستعلیق فونٹ سے چیزیں سیکھ کر دوسرے نستعلیق فونٹ میں صحیح کی تھیں، اسی طرح پاک نستعلیق بھی اپنی دوسری ریلیز میں ان خامیوں پر قابو پا لے گا۔انشاء اللہ۔
 

محسن حجازی

محفلین
1چند ایک امور کی طرف توجہ مبذول کروانا چاہوں گا۔
فونٹ کا نام گوہر نستعلیق نہیں جوہر نستعلیق ہے۔
دوم:
میرے والدین کی شادی سے بھی 2 سال قبل کاشف حسام نستعلیق نظامی کے نام سے ایک پراڈکٹ ریلیز کر چکے تھے۔ آپ اس بات سے میری عمر اور ان کے تجربے کا اندازہ بخوبی کر سکتے ہیں۔ مجھے نستعلیق پر کام کرتے ہوئے جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں۔
سوم:
پاک نستعلیق کے بارے میں میں کسی خود ستائی کا شکار نہیں، آپ کے لیے یہ امر باعث حیرت ہوگا کہ پاک نستعلیق کوئی اور استعمال کرتا ہو نہ ہو، میں خود استعمال نہیں کرتا! باوجود اس کے کہ یہ میری تخلیق ہے، بد صورت تخلیق ہے۔ لہذا اس پر میں قطعی کوئی اصرار نہیں کروں گا کہ پاک نستعلیق کوئی سعی کامل ہے۔ کیوں؟ اس سے پہلے آپ کو ایک بات دیکھنا ہوگی۔ میں ایک تیسری دنیا کے تیسرے درجے کی جامعہ کا تیسرے درجے کا معمولی سا طالب علم ہوں (میرا تعلیمی ریکارڈ کوئی قابل رشک نہیں۔۔۔) جسے قسمت کے ہیر پھیر نے اس کرسی پر لا بٹھایا ہے۔ میں اپنے ما تحت سے بھی یہی کہتا ہوں کہ پاک نستعلیق محض کوڑا کرکٹ سے زیادہ نہیں صرف میرے لیے باعث مسرت بات یہ ہے کہ جس چیز کے لیے کسی قسم کی کوئی مدد دستیاب نہ تھی، میں نے طویل و ضخیم تکنیکی کاغذات کے پلندے پر دیدہ ریزی کر کے اس میں جیسے تیسے نستعلیق کو فٹ کیا اور ایک قابل استعمال فونٹ بنا کر دے دیا اب تم لوگوں کا کام ہے کہ میرے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے میری رہنمائی میں اس کی اشکال میں بہتری لاؤ۔ وغیرہ وغیرہ۔ یہی ڈاکٹر درانی کا موقف ہے فونٹ کے بارے میں۔ فرماتے ہیں کہ بھائی لولا لنگڑا تم نے بنا ڈالا اب لوگ اس کی نوک پلک سنوارتے رہیں آگے ورژن آتے رہیں۔۔۔
چہارم:
ون مین شو۔۔۔۔ جی ہاں یہ ون مین شو ہی ہے لیکن اب نہیں۔ ون مین شو تکنیکی حوالوں سے ضرور تھا ورنہ پورے ادارے کا زور اس کاوش میں شامل حال رہا ہے۔ اب تو کافی عرصے سے میرے ماتحت جناب ظہور احمد سولنگی کے زیر انتظام ہے اور اس میں تمام کی تمام اشکال کو بدلا جا رہا ہے۔ ظہور سے میں نے کہا کہ دو کے جوڑ کی تمام اشکال بدل دیں اس کا طریقہ وضع کر کے دیا اور پہلی مارچ کی تاریخ مقرر کی اس کام کے لیے۔ الحمد اللہ وہ 10 فروری کو اپنا کام مکمل کر چکے ہیں اور پھر میں نے ان سے کہا کہ اس کی ٹھوک بجا کر ٹیسٹنگ کریں۔ 23 مارچ تک تمام اشکال بدلنے کا ٹارگٹ تھا لیکن یہ کام بہت پیچیدہ ثابت ہوا اور ہمیں اپنا دائرہ کار محدود کرنا پڑا۔ ظہور پر بھی اعصابی تھکن کے کچھ آثار میں نے دیکھے بطور خاصSea Sickness تو اب ایک آدھ ہفتہ قرآنی فونٹ یا اور چیزوں کے بارے میں ان سے بات کروں گا تاکہ کچھ فریش ہو جائیں تو دوسرا حملہ کیا جا سکے۔
پنجم:
مہوش، آپ کی چند باتوں کا جواب دینا چاہوں گا۔ پاک نستعلیق میں پہلے تمام تر زور تھا تکنیک پر۔ میں نے کبھی سوچا ہی نہیں کہ یہ نظر کیسا آئے گا۔ بس یہ کہ" نستعلیق نما" ہو تب بھی ٹھیک ہے پہلے اوپن ٹائپ مجھے سیکھنا بھی تھا اور کرنا بھی تھا۔ کیوں کہ میں یہ سب چیزیں جانتا نہیں تھا ٹھیک؟ اب آج کل جو کام ہو رہا ہے وہ سب کا سب خطاطی کے حوالے ہی سے ہو رہا ہے۔ میں نے ظہور سے کہہ رکھا ہے کہ بے شک اب شکلیں بے شمار ہو جائیں، ڈال دو بس! ان کو ہینڈل کرنا میں جانوں میرا کام مجھ سے پوچھ لینا جو بھی مسئلہ ہو۔
دوسری بات ایک اور۔ براہ کرم خود ستائی میں نہ لی جائے۔ میں پیغمبرانہ مزاج کا آدمی ہوں۔ یعنی مروجہ نظام سے مکمل انحراف کا داعی! آج کل Cultural Onslaught کا بڑا چرچہ ہے لیکن یہ صرف Cultural نہیں بلکہ میں کہتا ہوں ہماری تہذیب کو Technical Onslaught کا سامنا بھی ہے۔ وہ لوگ ہمیں مجبور کرتے ہیں کہ جس طرح جس انداز سے جو چیزوں کا حل انہوں نے دریافت کیا ہے بس وہی صحیح ہے اور ہم بھی اپنے تکنیکی مسائل اسی فریم ورک میں فٹ کر کے حل کریں۔ اس کے علاوہ اگر کوئی حل ہے تو وہ Well Thought نہیں صرف مغربی دماغ ہی اعلی ذہانتوں کے حامل ہیں اور ایجاد و اختراع پر انہی کی اجارہ داری ہے دوسرے ذہنی اعتبار سے کم تر ہیں وہ اس میعار پر نہیں سوچ سکتے۔ میرے پاس ایک درجن سے زائد ایسی مثالیں موجود ہیں لیکن صرف ابھی زیر نظر مسئلے سے متعلق ایک مثال عرض کرتا ہوں۔
OpenType.... نام ہے سیدھا سیدھا لاطینی ٹائپوگرافی کے منطقی ارتقاء کا۔۔۔۔ اس میں جب نستعلیق کو فٹ کیا جاتا ہے تو وہ ہوتا نہیں۔ تین بڑے مسئلے ہیں جو سامنے آتے ہیں۔
نقطوں کا مسئلہ
بڑی ے کے پیچھے ٹکرانے کا مسئلہ
الفاظ کے مابین وقفہ۔
اوپر کے دو مسئلوں سے تو آپ بخوبی واقف ہوں گی۔ تیسرا کیا ہے؟ ذرا کسی بھی نستعلیق فونٹ میں لفظ نفیس نستعلیق ساتھ ساتھ لکھ کردیکھیے بعد المشرقین نظر آئے گا۔ یہ ہے الفاظ کے مابین وقفے کا مسئلہ۔ ٹھیک؟ حل کیا ہے؟ اگر اوپن ٹائپ کے پروہتوں سے پوچھو تو کہتے ہیں کہ ایسے تمام جوڑے جو ٹکراتے ہیں انہیں درج کرکے ان کے مابین وقفے کی قیمتیں درج کر دیجیے! یہی باقی کے دو مسئلوں کے لیے تجویز فرماتے ہیں۔ اس کا نتیجہ فونٹ کی رفتار بیٹھ جانے کی صورت میں ہوتا ہے۔ اور پاک نستعلیق کی instructions کا 70 فیصد سے زائد حصہ صرف پہلے دو مسائل سے نبٹنے کے لیے ہے! آپ مجھے خود بتائیے کہ کیا یہ منطقی حل ہے؟ اربوں امتزاجات ممکن ہیں کس کس کا لکھیں گے؟ میں نے بڑی ے کے مسئلے کے لیے 76 ارب سے زائد Colliding Pairs دریافت کیے اور پھر انہیں مختلف طریقوں سے فلٹر کرتا ہوا 10 ہزار تک لایا اور اب جو پاک نستعلیق آپ کے پاس موجود ہے اس میں 1500 ایسے Colliding Pairs موجود ہیں کیوں کہ صرف کثیرالاستعمال الفاظ کو شامل کیا گیا۔
اب جو مائکروسافٹ میں ان Specifications کی Defination کے لیے بیٹھے ہیں جب ان سے میں نے انہی کی زبان میں بات کی تو جواب آیا کہ صاحب Better you analyze these colliding pairs carefully and have some detailed analysis of your scirpt before you attempt anything else. کم سے کم یہ بات مجھے تو طمانچے سے کم محسوس نہیں ہوئی یعنی کہ میں بیٹھا بیٹھا ہوائی چھوڑ رہا ہوں؟ کیا میں نے پہلے تمام پہلو نہ دیکھے ہوں گے؟ کیا یہ بصیرت صرف آپ ہی کے پاس ہے؟ پھر میں نے ایک نہایت ٹیکنیکل جواب لکھا اور پال نیلسن کو بتایا کہ میں بے شمار شماریاتی تجزیاجات اس ضمن میں کر چکا ہوں، اوپر نیچے کے نقطوں کی تعداد و تناسب تک گن چکا ہوں سب میرے علم میں ہے اس کے بعد میں اس نقطہ نظر پر پہنچا ہوں کہ اوپن ٹائپ میں چند اضافوں کی ضرورت ہے تاکہ نستعلیق کے مختلف انداز مناسب طور سے رینڈر کیا جا سکے۔ تب وہ صاحب کچھ قائل ہوئے لیکن تاحال جواب ندارد۔۔۔۔
مہوش بہن اس حوالے سے میری پالیسی ویٹ اینڈ سی کی ہے۔ میں کہہ رہا ہوں کہ فی الحال صرف اشکال کے میعار کو بہتر کریں پھر جب کچھ اسٹینڈنگ بنے تو اوپن ٹائپ کو بھی تبدیل کروا کر ان مسئلوں سے جان چھڑائی جائے۔ آپ نے کلک خطاطی کا سافٹ وئیر دیکھا ہوگا؟ میں اس میعار تک جانا چاہ رہا ہوں کہ ایسا کام بھی انٹر نیٹ پر یونیکوڈ میں ہو سکے۔۔۔ لیکن وہاں تک لے جانے کے لیے اوپن ٹائپ کو غشی پڑ جاتی ہے۔۔۔ فی الحال میں ایک Joining System پر کام کررہا ہوں جس کے سبب شاید ویسی خطاطی ممکن ہو سکے لیکن اس میں نقطوں اور الفاظ کے مابین وقفے کے مسائل شاید حل نہ ہو پائیں۔۔۔ پاک نستعلیق میں اگر کوئی چیز قابل تعریف ہے تو اس کی رفتار ہے جس کا اندرونی سبب راقم الحروف کا وضع کردہ Joining System ہے۔
ششم:
جی ہاں مجھ میں فنکارانہ صلاحیتوں کی شدید کمی ہے میں Asthetic Sense سے عاری ہوں۔ میری مشینی ترجمہ کاری میں مشغولیت کا سبب میں خود نہیں بلکہ ڈاکٹر درانی ہیں۔ شہرت یہ بن گئی ہے کہ جو کام بہت پیچیدہ ہو، محسن کے ذمے ڈال دو ملنگ آدمی ہے عالم جذب میں رہتا ہے کچھ نہ کچھ کر لے گا۔ اور میرا حال یہ ہے کہ "بھائی پہلے یہ بتاؤ مجھے پانی میں دھکا کس نے دیا؟"
ہفتم:
پی ڈی ایف میں سرچنگ کا مسئلہ ان کا اپنا ہے فونٹ کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ دوم یہ کہ Sort Order بھی اردو کا کمپیوٹر پر موجود نہیں کبھی Excel میں اردو ناموں کی سارٹنگ کر کے چیک کریں کیا ہوتا ہے؟ اس کے لیے میں یونی کوڈ سے بات چیت کے لیے وقت نہیں نکال پا رہا کیوں کہ لیپ ٹاپ نہ ہونے کے سبب بہت سے کام جو فارغ اوقات میں کیے جا سکتے ہیں نہیں ہو پا رہے دیکھیے جیسے ہی ہمیں اپنے آجر کی طرف سے یہ سہولت ملتی ہے، اس سمت میں قدم اٹھائیں گے۔


والسلام،
ایک ادنیٰ سا مزدور۔۔۔
 

قیصرانی

لائبریرین
بہت خوب محسن بھائی، صرف آپ کے دستخط دیکھ کر افسوس ہوا۔ پرانے دستخط اتنے برے تو نہیں تھے؟ :D
 

دوست

محفلین
کیا کہنے حضور جب بھی آتے ہیں ایک بار اچھی طرح طبیعت صاف کردیتے ہیں۔
سبحان اللہ۔
بہت اچھے۔
اور یہ تو ہم ہی جانتے ہیں کہ آپ کتنے ادنٰی مزدور ہیں۔ :)
 

مہوش علی

لائبریرین
محسن،
آپ واقعی پیغمبرانہ مزاج ہیں۔ (ورنہ باقی حضرات کی ناک اس مقام پر پہنچ کر بہت اونچی ہو جاتی ہے اور دوسروں کی باتوں کا جواب دینا تو درکنار، وہ اُن کی طرف دیکھتے ہی نہیں)۔

۔ آپ کا یہ انکسارانہ مزاج مجھے بہت پسند ہے۔ جیتے رہیئے۔

۔ آپکے جواب دے کافی چیزیں واضح ہوئی ہیں (بلکہ تقریبا تمام چیزوں کا تسلی بخش جواب سامنے آ گیا ہے)۔

۔ فنکارانہ صلاحیتوں کے حوالے سے میرے بیان کو personal نہ لیجئے گا کیونکہ اس حوالے سے یقینا آپ مجھے سے بہت آگے ہیں، مگر میرا مقصد صرف میرٹ کے حوالے سے بات کرنا تھا اور یقینا آپ مجھ سے متفق ہوں گے کہ شاکر صاحب کو اللہ تعالیٰ نے بہت فنکارانہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔

۔ ظہور احمد سولنگی صاحب سے آپ نے ابھی تک تفصیلی تعارف نہیں کروایا تھا۔ مجھے اب محسوس ہو رہا ہے کہ ظہور احمد سولنگی صاحب وہ فنکارانہ لنک ہیں جس کو میں Miss کر رہی تھی۔ کیا یہ ممکن ہے کہ آپکی وساطت سے ہم ظہور صاحب سے درخواست کر سکیں کہ وہ بھی محفل کو اپنی آمد سے رونق بخشتے رہیں؟

۔ اور آخر میں یہ بات کہ اگرچہ کہ تمام باتوں کا جواب مل چکا ہے، لیکن ایک چیز تشنہ ہے۔ میں یہ کفرمیشن چاہ رہی تھی کہ پاک نستعلیق کی جس عمودی ڈھلوان کا ذکر میں کر رہی تھی، یہ چیز آپ نے نوٹ فرما لی ہے اور ظہور صاحب خطاطی کرتے وقت اس چیز کو مدنظر رکھیں گے۔ (یا پھر اس حوالے سے آپ نے کوئی اور حل تجویز کیا ہے تو وہ بھی فرما دیں)۔
دیکھیں، یہ ساری گفتگو خطاطی کے حوالے سے شروع ہوئی تھی اور اگر پاک نستعلیق کی اگلی ریلیز میں ہمیں یہی چیز دوربارہ دیکھنے کو ملی تو کچھ مایوسی ہو گی۔ گفتگو کا سارا نچوڑ یہ تھا:

۔ ڈھوانی زاویہ کسی طرح کم کیا جائے تاکہ بین السطور وقفہ کم کیا جا سکے
۔ کچھ حروف کی درمیانی اشکال ایسی ہیں کہ عمودی حوالے سے کافی فاصلہ لے جاتی ہیں۔ جوہر نستعلیق میں ان درمیانی اشکال کی ایسی شکلیں استعمال کی گئی ہیں جن سے یہ مسئلہ کافی حد تک حل ہو جاتا ہے۔ چنانچہ ظہور احمد سولنگی صاحب جوہر نستعلیق کا بھی ایک دفعہ معائینہ کر لیں (مثلا صرف "ح" کی درمیانی شکل کبھی اتنی موٹی ہو جاتی ہے کہ بہت ساری مشکلات اسکی وجہ سے پیدا ہو رہی ہیں)۔

یہ دو بہت چھوٹی سی گذارشات تھیں۔ پتا نہیں خطاطی کے حوالے سے یہ قابلِ اعتناء بھی ہیں یہ نہیں، بہرحال مجھے یہ یقین چاہیے تھا کہ میں جو کچھ دیکھ رہی ہوں، وہ آپ تک پہنچا دوں۔

والسلام۔
 

محسن حجازی

محفلین
نبیل بھائی، قیصرانی بھائی، شاکر بھائی!
آپ سب کا بہت بہت شکریہ کہ آپ نے خاکسار کی رائے کو وقعت و اہمیت بخشی۔
مہوش،
فنکارانہ صلاحیتوں سے عاری ہونے کی بات میں‌نے ذاتی طور پر نہیں لی بلکہ یہ حقیقت ہے کہ میں ڈرائنگ وغیرہ کے معاملوں میں بہت کم زور ہوں خصوصا بہت بد خط ہوں۔
پاک نستعلیق کے سلسلے میں جو بات عمودی ڈھلان کی آپ نے کی تو اس میں کچھ یوں ہے کہ بجائے رسم الخط کا سر جھکانے کے، ٹیکنالوجی کا دھارا موڑنے کی کوشش کی جائے۔ پاک ڈیٹا والوں کو اپنا فونٹ بیچنا تھا اس لیے انہوں نے سمجھوتے کر کے بھی فونٹ کھڑا کر ہی لیا لیکن ہمیں (مجھے، آپ کو، نبیل بھائی کو ہم سب کو) اپنا فونٹ بیچنا نہیں ہے اس لیے ہم اس بات پر ہی اصرار کریں گے کہ ہماری روایتی خطاطی جوں کی توں کمپیوٹر پر رینڈر ہونا چاہیے خواہ کچھ بھی کرنا پڑے۔ خواہ اس کے لیے خصوصی سرکٹس اور چپس ڈیزائن کرنا پڑیں!
مزید یہ کہ آپ کی تجاویز بالکل بالکل بجا اور درست ہیں خصوصا ح کی درمیانی شکل والی شکایت تو مجھے خود بھی ہے۔ اس طرح ح کی وہ شکل دیکھیں جو و کے ساتھ لگتی ہے۔ کیسے نیچے ٹکرا رہی ہے؟ اس دفعہ ہم نے اس کے کان پکڑ کر سیدھے کیے ہیں۔ یعنی دو کے جوڑوں کی تمام اشکال تبدیل کر دی ہیں۔ باقی بھی ایجنڈے میں شامل ہیں انشاءاللہ۔
جو بھی موازنہ جات آپ پیش کرنا چاہیں میں بخوشی قبول کروں گا۔ میں آپ کے تجزیہ جات کی قدر کرتا ہوں بلکہ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ بسا اوقات آپ کی آراء چونکا دینے والی ہوتی ہیں۔ میں نے آپ سی صائب الرائے و صاحب ذہن خواتین بہت کم دیکھی ہیں اور میں آپ کی اور خاندان اردو محفل (جس میں کہ ہم سب داخل ہیں) کے تمام اراکین کی آراء کھلے دل سے سنتا ہوں۔

والسلام،
محسن شفیق حجازی
 
بہت عمدہ محسن ،

لطف آ گیا جواب پڑھ کر اور زیادہ لطف اس بات سے آیا کہ مہوش نے جتنی تفصیل سے سوالات کیے تھے اس سے زیادہ تفصیل سے جواب مہیا کرکے کم از کم پچھلا ایک سالہ ریکارڈ‌ توڑا ہے یعنی مہوش سے زیادہ تفصیل میں جا کر :lol:

جتنی دلجمعی اور مستقل مزاجی سے کام کے ساتھ ساتھ سوالوں کے جواب دیتے ہو وہ لائق صد تحسین ہے۔ ویسے بہت کسر نفسی سے کام لیا ہے یہ کہہ کر کہ فنکارانہ صلاحیتیں نہیں ہیں باقی چیزوں کا تو نہیں پتا مجھے مگر گفتگو کی فنکارانہ صلاحیتیں تو اظہر من الشمس ہیں :)

کام ہی گفتگو بھی دلچسپ کرتے ہو ، تکنیکی گفتگو میں کہیں کہیں ادبی مزاح کا تڑکا لگا کر۔ ہاں یاد آیا کچھ دھیان لغت کی طرف بھی کیا تھا اس پر ابھی بھی دھیان ہے کیا؟
 

محسن حجازی

محفلین
محب بھائی ذرہ نوازی ہے آپ کی ورنہ من آنم کہ من دانم۔۔۔(کہیں فارسی دانی کے چکر میں الٹا تو نہیں لکھ گیا؟)
ڈکشنری والے منصوبے پر بہت توجہ ہے۔ مرکز فضیلت برائے اردو اطلاعیات میں مورخہ 9، 10 اور 11 مارچ کو اردو کمپیوٹیشنل گرائمر کی تشکیل کے حوالے سے ایک ورکشاپ کروائی جا رہی ہے اس سلسلے میں اردو صرف و نحو کے ممتاز ماہرین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ آج کل میں ایسی ورک بکس تیار کرنے میں لگا ہوا ہوں جو ان شرکاء کے علم و تجربے کی روشنی میں بھروائی جا سکیں اور اردو کے لیے مشینی سطح کی گرائمر تیار کی جا سکے۔
 

wahab49

محفلین
محسن بھائی زبردست۔
اللہ آپ کی تمام کوششیں بارآور کرے۔ آمین
بہر حال آپ کو پہلا جواب لاجواب ھے ۔ پڑھ کر مزہ آ گیا۔ بہت نرالا انداز پایا ھے محترم نے۔ ایسے شیدائی ھی کچھ کر پاتے ھیں۔ ورنہ جو گرجتے ھیں وہ برستے کب ھیں۔
اللہ آپ کو اس کار خیر کا اجر دے۔ آمین۔
 
کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
Top