منتخب اشعار ۔ مِلائیں ہاتھ تو خوشبو نہ ہاتھ کی جائے ۔ محشر بدایونی

محمداحمد

لائبریرین
محشر بدایونی کے منتخب اشعار

بنے وہ کیسے تماشہ، تہہِ فلک جو چراغ
بجھا دیئے گئے اور روشنی میں رکھے گئے

~~~~~~~~~
میں شعلگیِ ذات سے پہنچا ہوں یہاں تک
بُجھ جاؤں گا جل جل کے تو لو دے گا دھواں تک

~~~~~~~~~
اب ہوائیں ہی کریں گی روشنی کا فیصلہ
جس دیئے میں جان ہوگی، وہ دیا رہ جائے گا

~~~~~~~~~
ہم خس و خاشاکِ آوارہ، گزر گاہوں کا بوجھ
رقص کرنے تیرے کوچے کی ہوا میں‌آئے ہیں

~~~~~~~~~
یک قطرہ خوں بہت ہے اگر چشمِ تر میں ہے
کچھ ہو نہ چراغ تو کہنے کو گھر میں ہے
پژ مُردگیِ گل پہ ہنسی جب کوئی کلی
آواز دی خزاں نے کہ تو بھی نظر میں ہے

~~~~~~~~~
ہوائے شب مرے شعلے سے انتقام نہ لے
کہ میں بجھا تو افق تک دھواں اڑا دوں گ
ا
~~~~~~~~~
کچھ ایسے بھی ہیں تہی دست و بے نوا جن سے
مِلائیں ہاتھ تو خوشبو نہ ہاتھ کی جائے

~~~~~~~~~
نہ جاؤ گھر کے شب افروز روزنوں پہ کہ لوگ
دیا مکان میں جلتا بھی چھوڑ جاتے ہیں

~~~~~~~~~
وہ گھر کے واسطے اب اک چراغ بھی دے گا
وہ جس نے رہنے کو کاغذ کا گھر دیا ہےمجھے

~~~~~~~~~
کلام کرتے ہیں در، بولتی ہیں دیواریں
عجیب صورتیں ہوتی ہیں انتظار میں بھی

~~~~~~~~~
ڈرو اِن سے کہ اِن خستہ تنوں میں
لہو کم ہے، حرارت کم نہیں ہے

~~~~~~~~~
ہم درِ عدل پہ منت کو گئے جتنی بار
اپنے ماں باپ کی قبروں پہ بھی اتنے نہ گئے

~~~~~~~~~
روشن کسی اور اُفق پہ ہوگا
سورج کبھی ڈوبتا نہیں ہے

~~~~~~~~~
فن کے پیمانے سُبک، حرف کے کوزے نازک
کیسے سمجھاؤں کہ کچھ دُکھ ہیں سمندر میرے

~~~~~~~~~
اجازت ہے سب اسبابِ سفر تم چھین لو مجھ سے
یہ سورج، یہ شجر، یہ دھوپ ، یہ سایہ تو میرا ہے

~~~~~~~~~
مجھے بھی ساتھ ہی لے لو، مگر نہیں یارو!
میں سُست رو ہوں تمھاری تھکن بڑھا دوں گا

~~~~~~~~~
ہنر کا حق تو ہوا کی بستی میں کون دے گا
اِدھر میں اپنا دیا جلالوں یہی بہت ہے

~~~~~~~~~
میں اتنی روشنی پھیلا چُکا ہوں
کہ بجھ بھی جاؤں تو اب غم نہیں ہے

~~~~~~~~~
روشنی محشرؔ رہے گی روشنی اپنی جگہ
میں گزر جاؤں گا میرا نقشِ پا رہ جائے گا

~~~~~~~~~​
 

آصف شفیع

محفلین
بہت خوب۔ محشر کے بہت سے اشعار ایک جگہ مل گئے۔ ویسے یہ سلسہ شروع ہونا چاہیئے کہ کسی شاعر کے بہترین یا منتخب پسندیدہ اشعار ایک ہی جگہ مل جائیں ۔ میں نے ایک میگزین میں یہ سلسہ شروع کیا تھا مگر اس کے بعد تسلسل قائم نہ رہ سکا۔احباب فورم پر یہ سلسہ جاری رکھ سکتے ہیں۔
 

محمداحمد

لائبریرین
بہت خوب۔ محشر کے بہت سے اشعار ایک جگہ مل گئے۔ ویسے یہ سلسہ شروع ہونا چاہیئے کہ کسی شاعر کے بہترین یا منتخب پسندیدہ اشعار ایک ہی جگہ مل جائیں ۔ میں نے ایک میگزین میں یہ سلسہ شروع کیا تھا مگر اس کے بعد تسلسل قائم نہ رہ سکا۔احباب فورم پر یہ سلسہ جاری رکھ سکتے ہیں۔

بہت شکریہ آصف شفیع صاحب،

شعراء کے اعتبار سے منتخب اشعار کا سلسلہ واقعی شروع ہونا چاہیے، ہو سکا تو پھر کسی شاعر کے منتخب اشعار پیش کروں گا۔
 

محمداحمد

لائبریرین
بہت شکریہ احمد صاحب

ہم درِ عدل پہ منت کو گئے جتنی بار
اپنے ماں باپ کی قبروں پہ بھی اتنے نہ گئے


شاہ صاحب، انتخاب کی پسندیدگی کا شکریہ۔۔۔!

آج صبح محشر بدایونی کا ایک شعر یاد آگیا، یہاں پہنچا تو دیکھا آپ کا ایک جواب واجب تھا۔ :)
 
Top