تاسف استاد نصرت فتح علی خان کی وفات اور اُن کی یادیں

کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
download.jpg
2_D61_F2_FC00000578-3271115-_Google_paid_tribute_to.jpg
nusrat-fateh-ali-khan.jpg

16 اگست 1997ء کو پاکستان کے نامور موسیقار اور گلوکار استاد نصرت فتح علی خان لندن کے ایک اسپتال میں وفات پاگئے۔
نصرت فتح علی خان کا اصل نام پرویز خان تھا اور وہ 13 اکتوبر 1948ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے تھے۔
تاہم بعد میں ایک بزرگ کے کہنے پر ان نام بدل کر نصرت رکھ دیا گیا تھا۔
موسیقی سے شغف ان کو ورثے میں ملا تھا۔
ان کے آبائو اجداد نے کلاسیکی موسیقی اور بالخصوص قوالی کے حوالے سے بڑا نام کمایا تھا اور انہیں مقبول بنانے میں ان کے والد استاد فتح علی خان نے بے پناہ کام کیا تھا۔
نصرت فتح علی نے موسیقی کی ابتدائی تربیت اپنے والد اور اپنے تایا استاد مبارک علی خان سے حاصل کی اور اپنی پہلی باقاعدہ پرفارمنس اپنے والد کے انتقال کے بعد استاد مبارک علی خان کے ساتھ گاکر دی۔
وہ خاصے عرصے تک روایتی قوالوں کی طرح گاتے رہے مگر پھر انہوں نے اپنی موسیقی اور گائیکی کو نئی جہت سے آشنا کیا اورپاپ اور کلاسیکی موسیقی کو یکجان کردیا۔
نصرت فتح علی خان کی عالمی شہرت کا آغاز 1980ء کی دہائی کے آخری حصے سے ہوا جب پیٹر جبریل نے ان سے مارٹن اسکورسس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم دی لاسٹ ٹیمپٹیشن آف کرائسٹ کا سائونڈ ٹریک تیار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، یہ ان کے فنی سفر کا نیا رخ تھا۔
90 کی دہائی میں انہوں نے پاکستان اور ہندوستان میں اپنی موسیقی کی دھوم مچادی۔ انہیں کئی بھارتی فلموں کی موسیقی ترتیب دینے اور ان میں گائیکی کا مظاہرہ کرنے کی دعوت دی گئی۔
وہ برصغیر سے باہر بھی بے حد مقبول تھے۔ نصرت فتح علی کے مقبول نغمات میں دم مست قلندر، آفریں آفریں، اکھیاں اڈیک دیاں، سانوں اک پل چین نہ آئے اورغم ہے یاخوشی ہے تو کے علاوہ مظفر وارثی کی لکھی ہوئی مشہور حمد کوئی تو ہے جو نظام ہستی چلا رہا ہے سرفہرست ہیں۔
نصرت فتح علی خان کو حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔
اس کے علاوہ انہیں دنیا بھر کے متعدد اعزازات بھی حاصل ہوئے تھے۔
نصرت فتح علی فیصل آباد میں آسودۂ خاک ہیں۔
 
کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
Top