2050ء کا اخبار

قمراحمد

محفلین
2050ء کا اخبار
(ذراہٹ کے۔۔۔۔ یاسر پیر زادہ)

کل کیا ہونے والا ہے ، اس کا علم تو خدا کے علاوہ کسی کو نہیں تاہم آج کل حالات جس ڈگر پر جار ہے ہیں ان کی روشنی میں آج سے تقریباً چالیس سال بعد کا اخبار ضرور ترتیب دیا جا سکتا ہے۔وہ اخبار کیسا ہوگا، چند جھلکیاں ملاحظہ ہوں

اداکارہ میرا کی چوتھی شادی:-
لالی وڈ کی 75سالہ سدا بہار اداکارہ میرا نے چوتھی شادی کر لی ہے۔میرا کی نکاح کی تقریب گزشتہ روز لاہورکے ایک مقامی مدرسہ میں سادگی سے انجام پائی۔ میرا کے تازہ ترین خاوند کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے اور موصوف کی بھی یہ چوتھی شادی ہے۔واضح رہے کہ میرا نے گزشتہ کئی دہائیوں سے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور آج کل وہ عورتوں کے لئے حجاب تیار کرنے والی فیکٹریوں کی ایک ”چین“ چلا رہی ہیں۔ اس نمائندے نے جب ان سے ان کی شادی کے بارے میں تاثرات جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے یہ کہہ کر بات کرنے سے انکار کر دیا کہ وہ نا محرموں سے بات نہیں کرتیں۔ماضی کے سپر سٹار مولوی شان نے میرا کا نکاح پڑھوایا اور انہیں نیک تمناؤں کے ساتھ یہ کہہ کر رخصت کیا کہ ”آج میری بہن اپنے گھر کی ہو گئی۔“ دلہا کی خوشی اس موقعے پر دیدنی تھی۔

بھارت کی ایک اور الزام تراشی:-
بھارت نے پاکستان پر الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ ماہ اس کے خلائی اسٹیشن میں ہونے والی تباہی کا ذمہ دار پاکستان ہے۔بھارت کی وزیرخارجہ کرینہ کپور نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ الزام عائد کیا کہ بھارت کے خلائی اسٹیشن میں ہونے والی دہشت گردی کی منصوبہ بند ی پاکستان میں اجمل قصاب کے پوتے نے کی۔جب ان کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کروائی گئی کہ اجمل قصاب گزشتہ چالیس سال سے بھارت کی تحویل میں ہے اور اس کی شادی بھی نہیں ہوئی تو کرینہ کپورنے اطمینان سے جواب دیا کہ”بچے پیدا کرنے کے لئے شادی کرنا ضروری نہیں!“ واضح رہے کہ اجمل قصاب کو چالیس سال قبل ہونے والے ممبئی حملوں میں کے الزام میں بھارت سے گرفتار کیا گیا تھا۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا اعزاز:-
پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے یوگنڈا کو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سخت مقابلے کے بعد 3-2سے شکست دے دی۔ اس جیت کے بعد پاکستان نے اس سال ہونے والے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلوں میں شرکت کے لئے جگہ بنا لی ہے۔ کرکٹ بورڈ کے چیرمین مولانا محمد یوسف نے اس جیت پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اس جیت کے خاطر خاص طور پر چلہ کاٹا تھا اور داتا صاحب جا کر محفل سماع بھی منعقد کروائی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ٹیم صالح نوجوانوں پر مشتمل تھی جس کی وجہ سے وہ کفار کے لشکر کو ہرانے میں کامیاب رہی۔

”موسیقی زوال کا شکار ہے“ عاطف اسلم:-
ماضی کے نامور گلوکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان میں موسیقی زوال کا شکار ہے اور نئی نسل میں کے گلوکاروں کو موسیقی کی الف بے بھی نہیں آتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے ایکا ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیاجہاں عاطف اسلم آج کل زیر علاج ہیں ۔ عاطف اسلم نے حکومت سے اپیل کی کہ ان کے علاج کے لئے قومی خزانے سے دس کروڑ روپے دئیے جائیں ۔عاطف کے اس بیان پر اپنا شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نئی نسل کے مقبول گلوکا ر ”مانی مونکی“ نے کہا ہے کہ وہ اپنے سینئر ز کا بہت احترام کرتے ہیں لیکن اس قسم کا بیان دینے سے پہلے عاطف اسلم کو اپنے گریبان میں جھانک لینا چاہئے تھا۔مونکی نے کہا کہ اپنے زمانے میں عاطف بھی” سُر“ پیر کے بغیر ہی گاتے تھے لہذا انہیں اب اس وجہ سے تنقید نہیں کرنی چاہئے کہ انہیں کوئی کام نہیں دے رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے پیسے مانگنے کی بجائے عاطف کواپنا علاج ”پلے “سے کروانا چاہئے کیونکہ موصوف نے اپنی جوانی میں کافی پیسہ بنایا تھا۔

ایک نئی تحقیق:-
افغانستان کے ایک مدرسے کی تحقیق کے مطابق مرد، عورتوں کے مقابلے میں زیادہ سخت جان اور عقل مند ہوتے ہیں۔تورا بورا کے ”علماء“ کی ایک تحقیقاتی ٹیم دو سال کی محنت شاقہ کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ عورتوں کے مقابلے میں مردوں میں سوچنے سمجھنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے ۔”ریسرچ“ کے مطابق مرد ،ہر اعتبار سے عورت سے برتر مقام رکھتا ہے اس لئے اسے حق حاصل ہے کہ وہ عورت کی زندگی کے تمام فیصلے کرے کیونکہ عورت میں یہ اہلیت نہیں ہوتی کہ وہ اچھے برے کا ادراک کر سکے۔تحقیقاتی ٹیم نے دوسالوں میں افغانستان کے تمام علاقوں میں تقریباً 15000سے زیادہ مردوں کا سروے کرنے کے بعد یہ رپورٹ جاری کی ہے۔

وکلا تحریک کی کامیابی:-
وکلا تحریک کے سر گرم ارکان نذیر چوہان، رانا شبیر ، شفیق جٹ اور میاں حنیف ایڈووکیٹ نے سول جج مختار احمد کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے تیس دن کے اند ر مذکورہ سول جج کو بحال نہ کیا تو وہ بوریوالہ سے موضع گگو جانے والی سڑک کو بلاک کر کے اس وقت تک دھرنا دیں گے جب تک سول جج صاحب بحال نہیں ہو جاتے ۔اس موقع پر وکلا رہنماؤں نے میڈیا سے بھی گلہ کیا کہ ان کومناسب کوریج نہیں دی جاتی اور اخباروں میں محض اندرونی صفحے پر سنگل کالمی خبر شائع کر دی جاتی ہے جس سے ان ”کاز“ کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے۔

حیرت انگیز بچے کی پیدائش:-
پیرس کے ایک ہسپتال میں ایک عورت نے حیرت انگیز پر ایک بچے کو ”نارمل ڈیلوری “ کے بعد جنم دیا۔تفصیلات کے مطابق لیزا نامی ایک عورت نے کئی سالوں بعد پیرس میں ایک ایسے بچے کو جنم دیا ہے جس کی پیدائش بالکل نارمل طریقے سے ہوئی اور کسی قسم کے ٹیسٹ ٹیوب بے بی یا کلوننگ ٹیکنیک کا سہارا نہیں لیا گیا۔پورے فرانس سے لوگ جوق در جوق اس بچے کو دیکھنے کے لئے آ رہے ہیں جسے فی الحال ڈاکٹروں نے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کے والد کی تلاش جاری ہے اور اس کے لئے ”Anonymous Father Database“ سے مدد لی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ والد کا تعین ہونے کے بعد بچے کی پیدائش سے متعلق تحقیق میں مزید مدد ملے گی۔
 
Top