’سمت‘ سہ ماہی ویب زین کے تازہ شمارے کا اجراء

الف عین

لائبریرین
عزیزان گرامی

’سمت‘آن لائن جریدے کا تازہ شمارہ حاضر ہے۔ یہ ۲۳ واں شمارہ ہے بابت جولائی تا ستمبر ۲۰۱۴ء۔

http://samt.bazmeurdu.net/magazine-سَمت-آن-لائن-ادبی-جریدہ#.UlaLyOdHJEE

اس شمارے میں اردو ادب میں پہلی بار ایک ہندی صنف کا جائزہ لینے کی کوشش کی گئی ہے۔ غزل وہ کافر صنف سخن ہے جس کی زلفوں کے اسیر اردو فارسی اور عربی کے علاوہ دوسری زبانوں میں بھی بڑھتے جا رہے ہیں، چنانچہ ہندوستانی زبانوں اور بالخصوص ہندی نے بھی اسے قبول کیا تو کوئی تعجب کی بات نہیں۔ لیکن ہندی غزل کس طرح اردو غزل سے الگ ہے؟ کیا اردو غزل کو ہی دیو ناگری میں لکھ کر ہندی غزل کہا جا سکتا ہے، یا محض کچھ ہندی لفظیات استعمال کرنے سے اردو غزل ہندی غزل میں تبدیل ہو سکتی ہے؟ یہ اور اس قسم کے دوسرے سوالات اردو اور ہندی شاعروں کے ذہنوں میں پیدا ہونے فطری ہیں۔ لیکن اس شمارے کے مشمولات شاید ان باتوں کا جواب دینے کی بجائے مزید سوالات اٹھاتا ہے۔

اردو میں پہلی بار ہندی غزل پر ہندی کے معروف ادیبوں کے مضامین (پران شرما، رویندر پربھات، ویریندر جین، سیوا رام ترپٍاٹھی)، مضامین سے اقتباسات (گوپال داس 'نیرج'، ڈاکٹر امبر، ادے پرتاپ سنگھ، دشینت کمار) کے علاوہ ہندی غزلوں کا ایک جامع انتخاب بھی شامل ہے جس میں دشینت کمار، دویندر دُوِج، طفیل چترویدی، آلوک شریواستو، عدم گونڈوی، کاظم جرولی اور مینک اوستھی کی پانچ پانچ غزلیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ امید ہے یہ اردو ادب میں ایک نئی جہت کا اضافہ ہو گا۔

اس گوشے کے علاوہ یاد رفتگاں کے تحت رؤف خیر اور امتیاز احمد کے بالترتیب خوشونت سنگھ اور خواجہ جاوید اختر کے نذرانے، قرۃ العین حیدر پر ابو الکلام قاسمی کا خاکہ، اسیم کاویانی کا شجاع خاور کی شاعری پر اور نسیم انجم کا اردو میں تصورِ زن پر مضامین، فریوز عابد اور جلیل حیدر لاشاری کے دو افسانے، مطالعۂ کتب کےتحت ڈاکٹر سلیم خان اور غلام شبیر رانا کے مضامین، اعجاز گل، دانیال طریر، ارشد خالد، منصور آفاق، سید انور جاوید ہاشمی اور اصغر شمیم کی نظمیں غزلیں اور کتب و رسائل پر تبصرے شامل ہیں۔

امید ہے کہ شمارہ پسند آئے گا۔

اپنی رائے اور تخلیقات سے نوازتے رہئے۔

اعجاز عبید، مدیر اعلیٰ
 
آخری تدوین:
Top