اوہہ آپ کا تعلق بھی کراچی ہے؟
جی میں کراچی میں ہی رہتا ہوں ، تعلق یہی ہے کراچی سے ورنہ تو
فطرت نے مجھے بخشے ہیں جوہر ملکوتی
خاکی ہوں مگر خاک سے رکھتا نہیں پیوند
تو اس طرح تو ہے سارا جہاں ہمارا ۔ ویسے کراچی میں عام رواج ہے لوگوں سے ملتے ہیں تو پوچھتے ہیں " تعلق کہاں سے ہے "
اس جملے سے مراد یہ ہوتی کہ حجرت سے پہلے آباو اجداد ہندوستان کے کس علاقے میں رہتے تھے ۔ جواباََ اپنے والد ، دادا، پر دادا تک کا شجرہ سامنے رکھنا پڑتا ہے ۔ پھر اسکے بعد ایک ایک شہر یا علاقہ (جو میسر آسکے) یا بعض اوقات تو ڈاکخانے کی سطح تک قریب آنے کی کوشش کی جاتی ہے ، جیسے کسی نے جواب دیا "جی ہم یوپی سے ہیں"
یوپی میں کہاں ؟
جی اگرہ کے !
اچھا اچھا ہم اندور کے ہیں ۔ وہاں اگرہ میں امی کی خالہ رہتی تھی۔
اچھا کس جگہ؟
موتی باغ کی طرف !
وہاں فاروقی صاحب کے ابو کا مطب بھی تو تھا نہ!
جی جی ہوگا میں کبھی گیا نہیں وہاں
ارے بڑوں نے تو دیکھا ہوگا
جی ابو بتاتے تو ہیں کہ کوئی حکیم تھے وہاں فاروقی کر کے
ارے یہ اپنے اجمل فاروقی صاحب ہیں نا ، ان ہی کے تو والد تھے
اچھا اچھا !
یہ آجائیں ابھی ، آپ کی ملاقات کرواتےہیں ان سے ۔۔۔۔ لو وہ آگئے۔۔۔ آجائیں اجمل بھائی آجائیں ، آپ کے پڑوسی آئے ہیں ملنے آپ سے ۔
میرے پڑوسی ؟
جی جی موتی باغ کے ہیں نا آپ ؟
جی جی
تو یہ وہیں تو رہتے تھے عارف بھائی اپنے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پھر ایک سلسلہ شروع۔۔۔۔ الغرض ہر ملاقات پر اسی نوعیت کی باتیں ہوتی ہیں، اسی لیے کراچی کا ایک محاورہ اسی پس منظر میں ہے
"ڈاکخانے ملانا" یعنی مذکورہ بالا انداز سے جان پہچان کرنا۔

خاص طور سے یہ گفتگو تب دیکھی جائے جب خواتین میں رشتے کی بات چیت چل رہی ہو ۔ ایک الگ دنیا ہے ۔ بہت پُر لطف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔