بہادر شاہ ظفر ہر آشنا سے ایسا ہے اب آشنا کا طور - اعلیٰ حضرت بہادر شاہ ظفر

حسان خان

لائبریرین
ہر آشنا سے ایسا ہے اب آشنا کا طور
دو دن میں جیسے بگڑے ہے رنگِ حنا کا طور
تیرے مریضِ عشق کی ہو کیا شفا کا طور
نے کچھ دوا کا ڈھنگ، نہ ہے کچھ دعا کا طور
ہوویں گے فتنے کتنے ہی پیدا جہان میں
گر ہے یہی تری نگہِ فتنہ زا کا طور
مانندِ موج ہم ادھر آئے اُدھر گئے
کس طور سے ہو بحرِ فنا میں بقا کا طور
رکھتا ہے تیرے زیرِ قدم ہر قدم پہ چشم
سیکھا ہے خاک پا نے تری نقشِ پا کا طور
واعظ جو اس پری میں ہے وہ حور میں کہاں
شوخی کی طرز، ناز کا شیوا، ادا کا طور
قاتل کے پاؤں تک نہ گیا بہہ کے خوں مرا
ٹھہرے گا خاک عشق مرے خوں بہا کا طور
پھیریں نہ منہ کسی سے کوئی خوب ہو کہ زشت
یہ ہے مثالِ آئینہ اہلِ وفا کا طور
دکھلایا اے ظفر ہمیں اس پرفریب نے
مہر و وفا کے ڈھنگ میں ظلم و جفا کا طور
(اعلیٰ حضرت بہادر شاہ ظفر)
 
Top