کیسی وفا و الفت کھاتے عبث ہو قسمیں (میر)

منیب فیض

محفلین
کیسی وفا و الفت کھاتے عبث ہو قسمیں
مدت ہوئی اٹھا دیں تم نے یہ ساری رسمیں

ساون تو اب کے ایسا برسا نہیں جو کہیے
روتا رہا ہوں میں ہی دن رات اس برس میں

گھبرا کے یوں لگے ہے سینے میں دل تڑپنے
جیسے اسیر تازہ بیتاب ہو قفس میں

جانکاہ ایسے نالے لوہے سے تو نہ ہوویں
بیتاب دل کسو کا رکھا ہے کیا جرس میں

اب لاغری سے دیں ہیں ساری رگیں دکھائی
پر عشق بھر رہا ہے ایک ایک میری نس میں

اے ابر ہم بھی برسوں روتے پھرا کیے ہیں
دریا بندھے پڑے ہیں وادی کے خار و خس میں

کیا میرؔ بس کرے ہے اب زاری آہ شب کی
دل آ گیا ہے اس کا ظالم کسو کے بس میں
 
Top