کرکٹ 2015 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچوں کا شیڈول جاری

کرکٹ 2015 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچوں کا شیڈول جاری

141202000138_world_cup_trophy_640x360_afp.jpg

کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا میچ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے مابین ہو گا
آئی سی سی یعنی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے وارم اپ میچوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی نے عالمی کپ کے دوران کھیلے جانے میچوں کے ٹائم ٹیبل بھی جاری کیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کے مقابلوں سے پہلے مجموعی طور پر 14 وارم اپ میچ کھیلے جائیں گے۔
یہ میچ 8 سے 13 فروری تک میلبرن، سڈنی، کرائسٹ چرچ اور ایڈیلیڈ میں کھیلے جائیں گے۔
پہلا میچ آٹھ فروری کو میزبان آسٹریلیا اور دفاعی چیمپیئن بھارت کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔
نو فروری کو چار میچ کھیلے جائیں گے جن میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ سری لنکا سے، میزبان ملک نیوزی لینڈ کا مقابلہ زمبابوے سے، انگلینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا۔
10 فروری کو ائرلینڈ بمقابلہ سکاٹ لینڈ اور افغانستان کا مقابلہ بھارت سے ہو گا۔
11 فروری کو آٹھ ٹیمیں وارم اپ میچ کھیلیں گی۔ جن میں نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ، سری لنکا بمقابلہ زمبابوے، پاکستان کا سامنا انگلینڈ سے ہو گا جبکہ چوتھے میچ میں متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا مدمقابل ہوں گے۔
12 فروری کو سکاٹ لینڈ کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہو گا جبکہ ائرلینڈ اور بنگلہ دیش مدمقابل ہوں گے۔
13 فروری کو کھیلے جانے والے واحد میچ میں متحدہ عرب امارات کا مقابلہ افعانستان سے ہو گا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق ان میچوں کو شائقین سٹیڈیم میں آ کر دیکھ سکیں گے لیکن اس کے لیے انھیں رقم ادا کیے بغیر پہلے سے ٹکٹ حاصل کرنا ہو گی۔ ٹکٹ حاصل کرنے کے طریقۂ کار کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔
وارم اپ میچ میں کوئی بھی ملک اپنے 15 رکنی سکواڈ کو استعمال کر سکے گا لیکن میدان میں ایک وقت میں 11 کھلاڑی ہی موجود ہوں گے۔
اس کے علاوہ آئی سی سی نے میچ شروع ہونے کے اوقات کی تفصیل جاری کی ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا میچ 14 فروری کو نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے مابین نیوزی لینڈ کے مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے شروع ہو گا اور اس وقت پاکستان میں رات کے تین بج رہے ہوں گے۔
نو فروری کو پاکستان اور بنگلہ دیش کا وارم اپ میچ سڈنی میں پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے جبکہ 11 فروری کو انگینڈ کے ساتھ دوسرا میچ بھی صبح ساڑھے دس بجے شروع ہو گا۔
 
Top