منقب سید
محفلین

پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی شرٹس اتار کر سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب لہرائیں
بھارت کے شہر بھونیشور میں کھیلے جانے والے چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کےسیمی فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں روایتی حریف بھارت کی شکست کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں بھارتی صحافیوں کے مبینہ نامناسب رویے کے باعث پاکستانی کوچ پریس کانفرنس سے واک آؤٹ کر گئے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستانی ہاکی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس میں بھارتی صحافیوں نے اپنی صحافیانہ حدود سے تجاوز کرتے ہوئے غیرمناسب سوال پوچھنا شروع کر دیے تھے۔
شہناز شیخ کے بقول بھارت صحافیوں نے اس اہم میچ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کی وجہ سے ان پر غیر مناسب سوالوں کی بوچھاڑ کی۔
اس سے قبل سیمی فائنل میں فتح کا جشن مناتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی شرٹس اتار کر سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب لہرائیں۔
میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کی جانب سے ہر گول پر سٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں کی جانب سے زیادہ تر خاموشی کا اظہار کیا گیا۔
ہاکی کی عالمی تنظیم ایف آیی ایچ کی جانب سے سرزنش کے بعد پاکستانی ٹیم کے کوچ نے کھلاڑیوں کی رویے پر معافی مانگ لی۔
فیڈریشن آف انٹرنیشل ہاکی کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی کھلاڑیوں کا رویہ فتح کا جشن منانے کے دائرے سے باہر‘ تھا اور ان کی حرکت ایسی نہیں تھے جسے ایف آئی ایچ کے معیار کے مطابق قابل قبول کہا جا سکے۔
تاہم ایف آئی ایچ نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستانی ٹیم پر کسی قسم کی پابندیاں نہیں لگائی جائیں گی، کیونکہ ہو سکتا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے شائقین کے رویے کے ردعمل میں ایسا کیا ہو۔ بین الاقوامی تنطیم کا مزید کہنا تھا کہ شہناز شیخ نے انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ اس قسم کے رویے کا اعادہ نہیں ہوگا۔
پریس کانفرنس کے بعد پاکستانی کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے جس طرح اپنی فتح کا جشن منایا بھارتی صحافیوں کو اس پر اعتراض تھا۔
لنک