ٹماٹو کیچپ بنانے کی ترکیب

میرے بیٹے کو ٹماٹو کیچپ بہت پسند ہے اور میں اب آیان کے لیے گھر پر ٹماٹو کیچپ بناتی ہوں اس ترکیب کے تحت، بازار کی کیچپ سے اکثر آیان کا پیٹ خراب ہو جاتا تھا.
ٹماٹو کیچپ بچوں اور بڑوں کی پسندیدہ چیز ہے جو چٹ پٹے سموسوں، پکوڑوں اور فرائز کا لطف دوبالا کردیتی ہے۔
بازار سے ملنے والا کیچپ بعض اوقات ناقص، غیر معیاری اور گلے سڑے ٹماٹروں سے تیار کیا جاتا ہے۔ بہترین کیچپ صرف مشہور برانڈز کا ہوتا ہے جو ذرا سا مہنگا ہوتا ہے۔
لیکن گھبرائیے مت، آج ہم آپ کو گھر میں ہی ٹماٹو کیچپ تیار کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں جو نہایت آسان ہے۔
اجزا
ٹماٹر ۔ سرخ اور پکے ہوئے: 2 کلو
پیاز: 250 گرام
شکر یا چینی: 4 چائے کے چمچ
سفید سرکہ: آدھا کپ
پسی ہوئی لال مرچ: 2 چائے کے چمچ
نمک: 1 چائے کا چمچ
کارن فلور: 1 چائے کا چمچ
ادرک: ایک انچ کا ٹکڑا
ٹماٹو کیچپ بنانے کی ترکیب
ٹماٹر دھو کر چار چار ٹکڑے کرلیں۔
پیاز موٹی موٹی کاٹ لیں۔
ادرک کے باریک ٹکڑے کرلیں۔

ایک تام چینی یا نان اسٹک پتیلی لے کر ٹماٹر، پیاز، ادرک، لال مرچ اور نمک ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ ٹماٹر گل جائیں۔
اب انہیں چمچے سے کچل لیں اور چھلنی سے چھان لیں۔
اس چھنے ہوئے سوپ کو نان اسٹک پتیلی میں ڈال کر چینی شامل کر کے 10 منٹ پکائیں۔ آنچ درمیانی رکھیں۔
اب سرکے میں کارن فلور گھول کر چمچہ چلاتے ہوئے اس سوپ میں ملالیں۔ چمچہ چلاتی رہیں، دو تین ابال آجائیں تو چولھا بند کردیں۔
ٹھنڈا ہونے پر کانچ کی بوتلوں میں بھر لیں اور فریج میں رکھیں۔
مزید سرخ رنگ لانے کے لیے ذرا سی مقدار میں کھانے کا سرخ رنگ بھی شامل کر سکتی ہیں۔
کھٹائی کم کرنے کے لیے سرکے کی مقدار کم کی جاسکتی ہے۔
بشکریہ اردو پکوان
 

یاز

محفلین
جناب یاز ذرا کیچپ نہ بنانے کی ترکیب ہو جائے تو عین نوازش وغیرہ ہوگی-
اس میں کیا مشکل جی۔ لیجئے ترکیب حاضر است۔

کچھ ٹماٹر نہ لیں۔ مقدار کا تعین اس چیز سے ہو گا کہ کتنی کیچپ نہیں بنانی۔ اگر ایک کلو کیچپ نہیں بنانی تو ایک کلو ٹماٹر نہ لیں۔
اس کے بعد حسبِ ذائقہ مرچیں، سرکہ پیاز وغیرہ بھی نہ لیں۔
اس کے بعد ٹماٹروں کے چھوٹے ٹکڑے بھی نہ کاٹیں اور ان کو درمیانی آنچ پہ بھی نہ پکائیں۔
اب کچھ دیر انتظار کریں یا نہ کریں۔ ہر دو صورتوں میں مزیدار کیچپ تیار نہیں ہے۔ نوش وغیرہ نہ کریں، اور مہمانوں کو بھی پیش نہ کریں۔ بلکہ مہمانوں کو مدعو ہی نہ کریں۔
 

سین خے

محفلین
ہم نے بھی پورا بچپن والدہ کا بنایا کیچپ کھایا ہے :) اور اس کا جو مزا ہوتا تھا ویسا مزا آج تک ہمیں کسی بہترین سے بہترین برینڈ کے کیچپ میں نہیں ملا۔ بس ہماری والدہ کبھی کارن فلار سے گاڑھا نہیں کرتی تھیں۔ وہ ٹماٹروں کو بلینڈ کرتی تھیں اور اسے قدرتی طور پر گاڑھا ہونے دیتی تھیں۔
گھر میں بنانے کا فائدہ بہت ہے کیونکہ آپ خود اجزا منتخب کرتے ہیں۔
 
آخری تدوین:
Top