وقت وقت کی بات ہے

تاریخ خُود کو دُہراتی ہے ۔ یہ جُملہ بَچپَن میں پڑھا تھا ۔ پِھر عُمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ مُطالِعے میں بھی اِضافہ ہُوا تو یہ مُعِمّہ حل ہوتا گَیا ۔ اور معلُوم ہُوا کہ ایک جیسے واقِعات تاریخِ اِنسانی میں بار بار پیش آتے رَہے ہیں ۔ مَثَلاً ،

1 - قَدیم یُونانی صَنَمیات کے مُطابِق ہیرو نام کی لڑکی اَپنے محبُوب لِیانڈَر سے مِلنے دریا پار کر کے جاتی تھی ۔ ایک روز دریا طُغیانی پر تھا تو وُہ ڈُوب گَئی ۔

یہی قِصّہ گُجرات کے شیشہ بازار میں واقع ایک گلی کی رِہائشی، ایک کُمہار کی بیٹی سوہنی کا ہے ، کہ جو دریائے چَناب کے پار ، وَزیر آباد والے کِنارے پر رہنے والے اَپنے محبُوب مہینوال سے مِلنے گھڑے کے سَہارے دریا پار کر کے مِلنے جاتی تھی اور ایک روز اُس کے باپ نے کَچّا گھڑا رکھ دِیا ۔ سوہنی دریا پار نہ کر سکی اور دریا میں ڈُوب کر مَر گَئی ۔

2 - قَدیم یُونانی صَنَمیات کا ایک کِردار تھیسِئَس ڈیڈالَس نامی بَلا کو قَتل کرنے بُھول بُھلَئّیاں میں داخِل ہُوا تو شاہ مائنوس کی بیٹی شہزادی آریانے نے اُسکی مَدَد کی ؛ اُسے ڈیڈالَس کو مارنے کے لِئے تَلوار مُہَیّا کی ، اور بُھول بُھلَئّیاں سے واپَس آنے کے لِئے ڈور کا ایک سِرا تھیسِئَس کو پکڑا دِیا اور خُود باہِر بَیٹھ کر ڈور کا گولہ کھولتی رَہی ۔ آریانے نے اَپنے باپ سے غَدّاری اِس لِئے کی کہ وُہ تھیسِئَس پر دِل ہار بَیٹھی تھی ، اور تھیسِئَس نے وعدہ کِیا تھا کہ اگر وُہ کامیاب لوٹ آیا تو آریانے کو اَپنے ساتھ اَپنے وَطَن لے جائے گا ۔ لیکِن وُہ اُسے چھوڑ کر دَغا دے کر چَلا گَیا ۔

یہی قِصّہ تاریخ میں پِھر پیش آیا جب ٹرائے کی تَباہی کے بعد جان بَچا کر نِکال جانے والے روم کی سَلطَنَت کے بانی ، اینیس نے کارتھِج کا سَفَر کِیا تو وَہاں کی مَلِکہ ڈِڈو اُس پَر عاشِق ہو گَئی ۔ اینیس نے بھی اُس سے وعدہ کِیا تھا کہ اُسے اَپنے ساتھ لے جائے گا ، لیکِن دیوتاؤں کی یہ مرضی نہ تھی اور وُہ بھی ڈِڈو کو دَغا دے کر اکیلا چھوڑ گَیا ۔

3 - پِھر جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ شہزادے سَلیم کو اَپنی زُلفوں کے جال میں پھانسنے والی اَنارکَلی نامی کَنیز کو بادشاہ اَکبَر نے دیوار میں چُنوا دِیا تھا ۔

اِسی طرح ، قَدیم یُونان کی ایک شہزادی اینٹیگون کو بھی بادشاہ نے ( جو اینٹیگون کا مامُوں تھا ) دیوار میں زِندہ چُنوا دِیا تھا ۔ وَجہ یَہاں بھی وُہی تھی کہ اینٹیگون اور اُس کے مامُوں کے بیٹے کے دَرمیان گہرا عِشق تھا ۔

مَزید یہ کہ قَدیم ہِندی صَنَمیات میں چَمپا کَلی نام کی غَریب لڑکی کو بھی راجکُمار سے عِشق کی پاداش میں زِندہ دیوار میں چُنوا دِیا گَیا تھا ۔

4 - حِکایاتِ بَنی اِسرائیل میں ایک سُورما سیمسَن کے بَڑے بَڑے بال تھے اور وُہ گَدھے کے جَبڑے کی ہَڈّی کو بہ طَورِ ہَتھیار اِستِعمال کرتا تھا اور اکیلا ہی سینکڑوں پر بھاری تھا ۔ اُس کی قُوَّت کا راز معلُوم کرنے کے لِئے دُشمَنوں نے اُس کی بیوی کو ساتھ مِلا لِیا ، جِس نے رات کو عیش کے لمحات میں اَپنے شوہَر سے اُس کی بے پَناہ طاقَت کا راز معلُوم کر لِیا ۔ اور پِھر دُشمَنوں کے کہنے پر ایک رات جب وُہ گہری نیند میں تھا ، اُس کے دَراز بال قینچی سے کاٹ ڈالے ۔ صُبح دُشمَنوں نے اُس پر حَملہ کِیا اور چُونکہ اُس کی طاقَت سَلب ہو چُکی تھی ، سو وُہ گَرِفتار ہو گَیا ۔

قَدیم یُونانی صَنَمیات کا ایک کِردار ، طاقَت کا دیوتا ہرکولیس کِسی بَلا ، دیوتا ، جانوَر یا اِنسان ، حَتّیٰ کہ موت سے بھی شِکَست نہ کھاتا تھا ۔ اُسکی موت اُس کی بیوی کی وَجہ سے پیش آئی ۔ وُہ یُوں کہ اُس کی بیوی کی عِزَّت لُوٹنے کی کوشِش کرنے والے سینٹارَس کو جب ہرکولیس نے زہر میں بُجھے تیر سے مر دِیا تو سینٹارَس نے مرنے سے پہلے اُس کی بیوی کو قائل کر لِیا کہ اُس کا خُون کِسی شیشی میں محفُوظ کر لے ، اور جب کَبھی اُسے لَگے کہ اُس کا شوہَر کِسی دُوسری عَورَت میں دِلچَسپی لینے لَگا ہے تو اُس خُون کو ہرکولیس کو پِلا دے ، وُہ پِھر سے اُس کی طَرَف لَوٹ آئے گا ۔ پِھر ایک بار جب ڈیانیرا کو ایسا لگا کہ ہرکولیس اُس سے بے وَفائی کر رَہا ہے تو اُس نے ہرکولیس کے جُبّے پر سینٹارَس کو خُون لَگا دِیا جِس کے زہر نے ہرکولیس کو مُہلِک خارِش میں مُبتِلاء کر ڈالا اور وُہ مر گَیا ۔

5 - رَوایَت ہے ( اَگَرچہ یہ رَوایَت مُتَنازِعہ ہے ) کہ یَزید کے دربار میں جب اِمامِ عالی مَقام سَیِّدنا حُسَین ( رَضئَ اللّٰہ تَعالیٰ عَنہُ ) کا کَٹا ہُوا سَر پیش ہُوا تو اُس نے اَپنی چھاتی پیٹ ڈالی تھی اور کہنے لَگا کہ

میں یہ تو چاہتا تھا کہ کِسی نہ کِسی طرح اِمامِ عالی مَقام کو میری بیعت پر آمادہ کِیا جائے ، لیکِن ایسا ہَرگِز میری مَنشاء نہ تھی ۔

اِنگلِستان کے بادشاہ ہنری دوم کے ذہن میں دُوسری شادی کا سَودا سَمایا تو مُلک کے سب سے بڑے پادری نے مُخالفَت کی ۔ کُچھ عرصہ بعد پادری مر گیا ۔ بادشاہ نے یہ سوچ کر اپنے لنگوٹِئے دوست ٹامَس بیکِٹ کو مُلک کا سب سے بَڑا پادری مُقَرّر کر دِیا کہ وُہ اُس کی خواہِش کی تکمیل کی کوئی راہ نِکالے گا ۔ لیکِن ٹامَس بیکِٹ نے بھی وُہ مُخالفَت کی کہ بادشاہ کی ناک میں دَم کر دِیا ۔ ایک دِن دربار میں بَیٹھے بادشاہ نے بولا :

کوئی اُسے سَمَجھا نَہیں سکتا ؟

چار سِپاہی گَئے اور پادری کا سر قَلَم کر ڈالا اور بادشاہ کے دَربار میں لا کر پیش کر دِیا ۔ بادشاہ نے چاروں سِپاہِیؤں کو جیل میں ڈال دِیا۔ اور پادری کا مَزار بَنا کر اس کا سالانہ عُرس مَنانے کی رَسم جاری کر دی ۔

6 - کربَلا میں اِمامِ عالی مَقام نے خُطبہ اِرشاد فرمایا تو مُخالِف لَشکَر سے حُر نِکَل کر اِمام کے لَشکَر میں شامِل ہو گَیا ، وُہ جان گَیا کہ یہ اھلِ حَق کا لَشکَر ہے اور اِبنِ زیاد کی فوج باطِل پر ہے ۔

ایسا ہی کُچھ عَرصہ قَبل ہُوا جب اَغیار کی خُوشنُودی کی خاطِر قِبلہ بَدَلنے والی قَیادَت ، ( جو ہر حالَت میں صَلیبی فوج کا ساتھ نِبھانے پر آمادہ رہتی ہے ) نے سِپاہِ وَطَن کو اَپنے ہی دینی بھائیوں اور اَپنی سَرزَمین کا دِفاع کرنے والے حُرِّیَت پَسَندوں کے خِلاف لَڑنے کا حُکم دِیا تو سینکڑوں مُسلِم سِپاہِیؤں نے کورٹ مارشَل کی سَزا مَنظُور کر لی اَپنے ہی بھائیوں پر بَندُوق نہ چَلائی ۔

7 - شَدّاد نے اَپنی جَنَّت بَنا تو لی ، لیکِن اُس میں قَدَم بھی رکھنا اُسے نَصیب نہ ہُوا ۔

ایسا ہی بے نَظیر بُھٹّو کے ساتھ ہُوا کہ جِس نے اَپنے شوہَر کو لُوٹ مار کی کُھلی چُھوٹ دی اور دونوں مِیاں بیوی نے اَپنے اور اَپنے بَچّوں کے لِئے اَپنی جَنَّت ( سَرے محل ) بَنا لی ۔ لیکِن بے نَظیر کو بھی اُس کی جَنَّت میں قَدَم رکھنا نَصیب نہ ہُوا ۔ ایک رات بھی اُس محل میں نہ سو پائی ، اب قَبر میں سو رَہی ہے ۔

8 - اَصحابِ کَہَف جَب غار میں جا سوئے تو اُن کی تَلاش میں آنے والوں کو اِس بات سے دھوکہ ہُوا کہ غار میں کوئی ہوتا تو یہ کُتّا ( اَصحابِ کَہَف کا کُتّا ) ضُرُور بَھونکتا ۔ اَور وُہ چَلے گَئے ۔

رَسُولِ اَکرَم صَلیّ اللّٰہُ عَلئیہِ وَسَلَّم جَب غارِ ثَور میں تھے تو غار کے مُنہہ پر کَبُوتَری کے گھونسلے میں اَنڈوں اَور مکڑی کے جالے سے بھی تَعاقُب میں آنے والوں کو ایسا ہی دھوکہ ہُوا ، اَور وُہ چَلے گَئے ۔

9 - اَبُوالاَنبِیاء کا آتِشِ نَمرُود سے صَحیح سَلامَت نِکَل آنا

اِسی طَرَح پَرہلاد کا آتِشی اَلاؤ سے زِندہ باہِر نِکَل آنا ، ہِندُؤں کی کُتُب میں رَقَم ہَے ۔
 
Top