نماز اوابین کے فضائل واحکام

نماز اوابین کے فضائل واحکام

مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر، شمالی طائف (مسرہ)


عوام میں اوابین کی نماز کا بہت چرچا ہے مگر بیشتر اس کی اصل حقیقت سے ناواقف ہیں اور احناف کے یہاں عموما لوگ یہ نماز مغرب کے بعد چھ رکعات ادا کرتے ہیں جبکہ اوابین کی نماز کا وقت یہ نہیں ہے ۔ عوام اور احناف کی اسی غلطی پہ متنبہ کرنے کے لئے میں نے یہ مضمون لکھا ہے ۔

اوابین کا معنی:

اواب مبالغہ کا صیغہ ہے جس کے معنی کثرت سے اللہ کی طرف رجوع کرنے والا ، ذکر وتسبیح کرنے والا، گناہوں پر شرمندہ ہونے والا اور توبہ کرنے والا ہے ۔ اوابین اسی اواب کی جمع ہے۔ قرآن میں اواب اور اوابین دونوں استعمال ہوا ہے، اللہ کا فرمان ہے :

هَٰذَا مَا تُوعَدُونَ لِكُلِّ أَوَّابٍ حَفِيظٍ (ق:32)

ترجمہ: یہ ہے جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا تھا ہر اس شخص کے لئے جو رجوع کرنے والا اور پابندی کرنے والا ہو ۔

اللہ کا فرمان ہے: رَّبُّكُمْ أَعْلَمُ بِمَا فِي نُفُوسِكُمْ ۚ إِن تَكُونُوا صَالِحِينَ فَإِنَّهُ كَانَ لِلْأَوَّابِينَ غَفُورًا (الاسراء:25)

ترجمہ:جو کچھ تمہارے دلوں میں ہے اسے تمہارا رب بخوبی جانتا ہے اگر تم نیک ہو تو وہ تو رجوع کرنے والوں کو بخشنے والا ہے ۔

ایک دوسری جگہ اللہ کا فرمان ہے : وَلَقَدْ آتَيْنَا دَاوُودَ مِنَّا فَضْلًا ۖ يَا جِبَالُ أَوِّبِي مَعَهُ وَالطَّيْرَ ۖ وَأَلَنَّا لَهُ الْحَدِيدَ (سبا:10)

ترجمہ: اور ہم نے داؤد پر اپنا فضل کیا اے پہاڑو! اس کے ساتھ رغبت سے تسبیح پڑھا کرو اور پرندوں کو بھی ( یہی حکم ہے ) اور ہم نے اس کے لئے لوہا نرم کر دیا ۔

نماز اوابین اور چاشت کی نماز دونوں ایک ہیں:

نماز اوابین اور چاشت کی نماز دونوں ایک ہی ہیں ، ان دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ اس سے متعلق کئی احادیث اور ائمہ ومحدثین کے متعدد اقوال ہیں مگر ایک حدیث ہی اس کے ثبوت کے لئے کافی ہے اور قول محمد ﷺ کے سامنے دنیا کے سارے اقوال اور لوگوں کی ساری باتیں مردود ہیں ۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:

أوصاني خليلي بثلاثٍ لستُ بتاركهنَّ ، أن لا أنامَ إلا على وترٍ ، و أن لا أدَعَ ركعتي الضُّحى ، فإنها صلاةُ الأوّابينَ ، و صيامِ ثلاثةِ أيامٍ من كلِّ شهرٍ۔(صحيح الترغيب:664، صحيح ابن خزيمة:1223)

ترجمہ: مجھے میرے خلیل صلی اللہ علیہ وسلم نے تین چیزوں کی وصیت کی کہ میں انہیں کبھی نہیں چھوڑوں گا۔ بغیر وتر پڑھے نہ سوؤں، چاشت کی دوگانہ نہ چھوڑوں کیونکہ یہی اوابین کی نماز ہے اور ہر ماہ تین روزے نہ ترک کروں۔

٭ اس حدیث کو شیخ البانی نے صحیح الترغیب اور صحیح ابن خزیمہ میں صحیح قرار دیا ہے ۔ (حوالہ سابق)

اس حدیث میں نبی ﷺ نے واضح طور پر بتلا دیا کہ صلاۃ الضحی(چاشت کی نماز) ہی صلاۃ الاوابین (اوابین کی نماز) ہے ۔

یہاں ایک اہم بات یاد رکھیں کہ فجر کے بعد سے ظہر کے پہلے تک تین نمازوں کا ذکر ہے ۔ ایک اشراق کی نماز، دوسری چاشت کی نماز اور تیسری اوابین کی نماز۔ ان تینوں نمازوں میں چاشت اور اوابین کی نماز دونوں ایک ہی ہیں اور اشراق کی نماز اول وقت پر ادا کرنا چاشت کی نماز ہے یعنی اشراق اور چاشت کی نماز بھی دونوں ایک ہی ہیں ۔ ہم نے اول وقت پر ادا کرلیا تو اشراق کہلایا اور ظہر کی نماز سے پہلے وسط یا آخر وقت میں ادا کئے تو چاشت کی نماز کہلائی ۔ گویا طلوع آفتاب کے چند منٹ بعد اشراق کا وقت ہے اور یہی وقت چاشت کا بھی ہے مگر اسے ظہر سے پہلے پہلے کسی بھی ادا کرسکتے ہیں ، ظہر سے پہلے وسط یا آخر وقت میں ادا کی گئی نماز کو چاشت کہیں گے پھر اشراق نہیں کہیں گے ۔

نمازاوابین کے فضائل :

چونکہ چاشت کی نماز اور اوابین کی نماز دونوں ایک ہیں اس وجہ سے چاشت کی فضلیت سے متعلق جو بھی احادیث وارد ہیں وہ سبھی اوابین کی بھی فضیلت میں ہیں ۔ چند ایک احادیث ملاحظہ فرمائیں ۔

پہلی حدیث : عَنْ أَبِي ذَرٍّ عَنْ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنَّهُ قَالَ يُصْبِحُ عَلَى كُلِّ سُلَامَى مِنْ أَحَدِكُمْ صَدَقَةٌ فَكُلُّ تَسْبِيحَةٍ صَدَقَةٌ وَكُلُّ تَحْمِيدَةٍ صَدَقَةٌ وَكُلُّ تَهْلِيلَةٍ صَدَقَةٌ وَكُلُّ تَكْبِيرَةٍ صَدَقَةٌ وَأَمْرٌ بِالْمَعْرُوفِ صَدَقَةٌ وَنَهْيٌ عَنْ الْمُنْكَرِ صَدَقَةٌ وَيُجْزِئُ مِنْ ذَلِكَ رَكْعَتَانِ يَرْكَعُهُمَا مِنْ الضُّحَى(صحيح مسلم: 1701)

ترجمہ: حضرت ابو زر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نبی کریم ﷺ سے روایت کی کہ آپ نے فرمایا:صبح کو تم میں سے ہر ایک شخص کے ہر جوڑ پر ایک صدقہ ہوتا ہے۔پس ہر ایک تسبیح (ایک دفعہ "سبحا ن الله" کہنا)صدقہ ہے۔ہر ایک تمحید ( الحمد لله کہنا)صدقہ ہے،ہر ایک تہلیل (لااله الا الله کہنا) صدقہ ہے ہرہر ایک تکبیر (الله اكبرکہنا) بھی صدقہ ہے۔(کسی کو) نیکی کی تلقین کرنا صدقہ ہے اور (کسی کو ) برائی سے روکنا بھی صدقہ ہے۔اور ان تمام امور کی جگہ دو رکعتیں جو انسان چاشت کے وقت پڑھتا ہے کفایت کرتی ہیں۔

دوسری حدیث : عَنْ أَبِي الدَّرْدَاءِ أَوْ أَبِي ذَرٍّ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ أَنَّهُ قَالَ ابْنَ آدَمَ ارْكَعْ لِي مِنْ أَوَّلِ النَّهَارِ أَرْبَعَ رَكَعَاتٍ أَكْفِكَ آخِرَهُ(الترمذي: 486)

ترجمہ: بوالدرداء ؓ یا أبوذر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتاہے: اے ابن آدم ! تم دن کے شروع میں میری رضاکے لیے چار رکعتیں پڑھاکرو، میں پورے دن تمہارے لیے کافی ہوں گا ۔

اس حدیث کو شیخ البانی نے صحیح کہا ہے ۔ ( صحيح الترمذي:475)

تیسری حدیث : عَنْ أَبِي أُمَامَةَ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:مَنْ خَرَجَ مِنْ بَيْتِهِ مُتَطَهِّرًا إِلَى صَلَاةٍ مَكْتُوبَةٍ، فَأَجْرُهُ كَأَجْرِ الْحَاجِّ الْمُحْرِمِ، وَمَنْ خَرَجَ إِلَى تَسْبِيحِ الضُّحَى لَا يَنْصِبُهُ إِلَّا إِيَّاهُ، فَأَجْرُهُ كَأَجْرِ الْمُعْتَمِرِ، وَصَلَاةٌ عَلَى أَثَرِ صَلَاةٍ لَا لَغْوَ بَيْنَهُمَا، كِتَابٌ فِي عِلِّيِّينَ (ابوداؤد:558)

ترجمہ: سیدنا ابوامامہ ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ” جو آدمی اپنے گھر سے وضو کر کے فرض نماز کے لیے نکلتا ہے تو اس کا اجر و ثواب ایسے ہے جیسے کہ حاجی احرام باندھے ہوئے آئے اور جو شخص چاشت کی نماز کے لیے نکلے اور اس مشقت یا اٹھ کھڑے ہونے کی غرض صرف یہی نماز ہو تو ایسے آدمی کا ثواب عمرہ کرنے والے کی مانند ہے ۔ اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کہ ان دونوں کے درمیان کوئی لغو نہ ہو علیین میں اندراج کا باعث ہے ۔

چوتھی حدیث : انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے :من صلى الغداة في جماعة، ثم قعد يذكر الله حتى تطلع الشمس، ثم صلى ركعتين كانت له كأجر حجة وعمرة تامة تامة تامة۔ (صحيح الترمذي: 586)

ترجمہ : جس نے جماعت سے فجرکی نمازپڑھی پھراللہ کے ذکرمیں مشغول رہایہاں تک کہ سورج طلوع ہوگیاپھردورکعت نماز پڑھی ، تو اس کے لئےمکمل حج اور عمرے کے برابرثواب ہے ۔

نمازاوابین کا حکم:

اس نماز کے حکم کے بارے میں اختلاف پایا جاتا ہے ۔ بعض نے اسے سببی نماز کہا کیونکہ اس قسم کے بھی دلائل وارد ہیں جیساکہ کسی نے عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے پوچھا: کیانبی اکرم ﷺ چاشت کی نماز پڑھا کرتے تھے؟ انھوں نے جواب دیا:نہیں الا یہ کہ سفر سے واپس آئے ہوں۔( صحیح مسلم: 1691)

بعض نے سرے سے اس نماز کا انکار کیا بلکہ عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہما نے اسے بدعت کہہ دیا ہے ، یہ بات راوی کی عدم رویت پر محمول کی جائے جیساکہ حافظ ابن حجر نے کہا ہے ۔ بعض علماء نے کبھی کبھار پڑھنے کا جواز ذکر کیا ہے جبکہ شیخ ابن باز نے چاشت کی نماز کا حکم بیان کرتے ہوئے اسے سنت مؤکدہ کہا ہے اور بیشتر علماء اوابین کی نماز کو استحباب پر محمول کرتے ہیں ۔ میری نظر میں بھی استحباب کا حکم اولی واقوی ہے۔ اس سلسلے میں چند دلائل دیکھیں :

(1) ایک دلیل اوپر سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو نبیﷺ کی تین ہمیشگی والی وصیتیں ہیں جن میں چاشت کی نماز بھی مذکور ہے۔

(2) نبی ﷺ کا فرمان ہے: لا يُحَافِظُ على صلاةِ الضُّحَى إلا أَوَّابٌ وهي صلاةُ الأَوَّابِينَ(صحيح الجامع:7628)

ترجمہ: نمازِ اشراق کی صرف اوّاب[رجوع کرنے والا، توبہ کرنے والا] ہی پابندی کرتا ہے، اور یہی صلاۃ الاوّابین ہے۔

یہ حدیث جہاں اس بات کی دلیل ہے کہ چاشت کی نماز اوابین کی نماز ہے وہیں اس میں چاشت واوابین کی نماز پر ہمیشگی کرنے کی بھی دلیل ہے ، اس لئے اس نماز کا انکار کرنا یا اسے بدعت کہنا صحیح نہیں ہے ، بڑے اجر وثواب کا عمل ہے اس پہ ہمیں مداومت برتنی چاہئے۔

نماز اوابین کی رکعات:

اوابین کی نماز کم سے کم دو اور زیادہ سے زیادہ آٹھ رکعات ہیں، نبی ﷺ سے دو رکعت ، چار رکعت اور فتح مکہ کے موقع پر ام ہانی رضی اللہ عنہا کے گھر میں آٹھ رکعت پڑھنا ثابت ہے۔ان تمام احادیث کی روشنی میں مسلم شریف میں باب ہے(بَابُ اسْتِحْبَابِ صَلَاةِ الضُّحَى، وَأَنَّ أَقَلَّهَا رَكْعَتَانِ، وَأَكْمَلَهَا ثَمَانِ رَكَعَاتٍ، وَأَوْسَطُهَا أَرْبَعُ رَكَعَاتٍ، أَوْ سِتٍّ، وَالْحَثُّ عَلَى الْمُحَافَظَةِ عَلَيْهَا)یعنی باب ہے نماز چاشت کا استحباب ‘یہ کم از کم دو رکعتیں ‘مکمل آٹھ رکعتیں اور درمیانی صورت چار یا چھ رکعتیں ہیں‘نیز اس نماز کی پابندی کی تلقین کے بارے میں ۔

بارہ رکعات صلاۃ الضحی والی روایت ثابت نہیں ہے، الترغیب والترھیب(1/320) للمنذری میں ہے جو دو رکعت نماز چاشت ادا کرے اسے غافل میں نہیں لکھا جاتا ، اس میں آگے یہ ٹکڑا بھی ہے "مَن صلَّى ثِنْتَيْ عَشْرةَ رَكعةً بَنى اللهُ له بيتًا في الجنَّة" کہ جو بارہ رکعات (چاشت کی نماز) ادا کرے اللہ اس کے لئے جنت میں ایک گھر بنائے گا ۔ اس حدیث کو شیخ البانی نے ضعیف الترغیب میں (405) میں درج کیا ہے ۔ اور اسی طرح ترمذی میں یہ روایت ہے :" مَن صلَّى الضُّحى ثنتي عشرةَ رَكعةً بنى اللَّهُ لَه قصرًا من ذَهبٍ في الجنَّةِ" یعنی جو چاشت کی بارہ رکعات ادا کرے گا اللہ اس کے لئے جنت میں سونے کا ایک محل تعمیر کرے گا ۔ شیخ البانی نے اس حدیث کو ضعیف الترمذی(473) میں درج کیا ہے ۔

نماز اوابین کا وقت :

نماز اوابین کے وقت سے متعلق مسلم شریف میں ایک واضح حدیث ہے ۔

عَنْ أَيُّوبَ عَنْ الْقَاسِمِ الشَّيْبَانِيِّ أَنَّ زَيْدَ بْنَ أَرْقَمَ رَأَى قَوْمًا يُصَلُّونَ مِنْ الضُّحَى فَقَالَ أَمَا لَقَدْ عَلِمُوا أَنَّ الصَّلَاةَ فِي غَيْرِ هَذِهِ السَّاعَةِ أَفْضَلُ إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ صَلَاةُ الْأَوَّابِينَ حِينَ تَرْمَضُ الْفِصَالُ(صحیح مسلم:1777)

ترجمہ: ایوب نے قاسم شیبانی سے روایت کی کہ حضرت زید بن ارقم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کچھ لوگوں کو چاشت کے وقت نماز پڑھتے دیکھاتو کہا:ہاں یہ لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ نماز اس وقت کی بجائے ایک اور وقت میں پڑھنا افضل ہے۔بے شک رسول اللہ ﷺ نے فرمایا"اوابین(اطاعت گزار،توبہ کرنے والے اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے والےلوگوں) کی نماز اس وقت ہوتی ہے جب(گرمی سے) اونٹ کے دودھ چھڑائے جانے والے بچوں کے پاؤں جلنے لگتے ہیں۔

مسلم شریف میں اس حدیث پہ صلاۃ الاوابین کا باب ہے جبکہ صحیح ابن خزیمہ میں صلاۃ الضحی کا باب ہے اس کی وجہ یہی ہے کہ چاشت اور اوابین دونوں ایک ہی نماز ہیں جیساکہ اسی حدیث میں مذکور ہے کہ لوگ چاشت کی نماز ادا کررہے تھے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اوابین کی نماز یعنی چاشت کی نماز فلاں وقت میں ہے ۔

اوابین کی نماز کا وقت طلوع آفتاب کے چند منٹ بعد سے شروع ہوتا ہے اور ظہر کی نماز سے کچھ دیر پہلے تک رہتا ہے اور گرمی تک مؤخر کرنا افضل ہے جیساکہ اوپر والی حدیث میں مذکور ہے ۔

ترمض کا معنی ہے سورج کی گرمی لگنا اور الفصال کا معنی اونٹ کا بچہ یعنی اوابین کا افضل وقت وہ ہے جب گرمی کی شدت سے اونٹ کا بچہ اپنے پاؤں اٹھائے اور رکھے ۔ یہ دن کا چوتھائی حصہ یعنی طلوع شمس اور ظہر کے درمیان نصف وقت ہے۔

مغرب اور عشاء کی نماز کے درمیان نفل پڑھنا:

مغرب کے بعد دو، چار، چھ ، آٹھ اور بیس رکعات نوافل پڑھنے کی متعدد روایات آئی ہیں ، ان پر ایک نظر ڈالتے ہیں ۔

پہلی حدیث : من صلَّى ستَّ رَكَعاتٍ ، بعدَ المغرِبِ ، لم يتَكَلَّم بينَهُنَّ بسوءٍ ، عدَلَت لَه عبادةَ اثنتَي عَشرةَ سنةً۔ ( ترمذی: 435،ابن ماجہ:256)

ترجمہ:جس نے مغرب کے بعد چھ رکعتیں پڑھیں اوران کے درمیان کوئی بری بات نہ کی تو ان کا ثواب بارہ سال کی عبادت کے برابر ہوگا۔

یہ حدیث سخت ضعیف ہے ، علامہ ابن القیم نے تو موضوع کہا ہے اور شیخ البانی نے متعدد جگہوں پر ضعیف جدا (سخت ضعیف) کہا ہے ۔ حوالہ کے لئے دیکھیں : (المنار المنیف : 40، ضعيف الترغيب:331، السلسلة الضعيفة:469، ضعيف الجامع:5661،ضعيف ابن ماجه:220، ضعيف ابن ماجه:256)

دوسری حدیث: مَن صلَّى ستَّ ركعاتٍ بعدَ المغربِ قبل أن يتكلَّمَ ,غُفرَ لهُ بها ذنوبُ خمسينَ سنةٍ۔

ترجمہ: جس نے مغرب کے بعد بغیر بات کئے چھ رکعتیں پڑھیں تو اس کے پچاس سال کے گناہ معاف کردئے جاتے ہیں ۔

اس حدیث کو شیخ البانی نے بہت ہی ضعیف کہا ہے ۔ (السلسلة الضعيفة:468)

تیسری حدیث:حضرت عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:

رأَيْتُ حبيبي رسولَ اللهِ صلَّى اللهُ عليه وسلَّم صلَّى بعدَ المغرِبِ ستَّ ركَعاتٍ وقال مَن صلَّى بعدَ المغرِبِ ستَّ ركَعاتٍ غُفِرَتْ له ذُنوبُه وإنْ كانت مِثْلَ زَبَدِ البحرِ(المعجم الأوسط:7/191, مجمع الزوائد:2/233)

ترجمہ: میں نے اپنے حبیب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ مغرب کے بعد چھ رکعات پڑھتے تھے اور فرماتے تھے کہ جس نے مغرب کے بعد چھ رکعت پڑھیں تو اس کے گناہ معاف کر دیے جائیں گے اگرچہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہی کیوں نہ ہوں۔

امام طبرانی نے اسے معجم اوسط میں ذکرکرنے کے بعد کہا کہ اس حدیث کو عمار سے بیان کرنے والا اکیلے صالح بن قطن ہے وہ بھی صرف اسی سند سے ۔ اور ہیثمی نے مجمع الزوائد میں اسے ذکر کرنے کے بعد کہا ہے کہ اس میں صالح بن قطن البخاری ہے جس کا ترجمہ مجھے نہیں مل سکا ۔ ابن الجوزی نے اس حدیث کو العلل المتناهية (1/453)میں شامل کرکے کہا کہ اس کی سند میں کئی مجہول راوی ہیں ۔

چوتھی حدیث : مَن صلَّى ، بينَ المغربِ والعِشاءِ ، عشرينَ رَكْعةً بنى اللَّهُ لَه بيتًا في الجنَّةِ(ابن ماجه: 1373)

ترجمہ: جس نے مغرب اور عشاء کے درمیان بیس رکعت نماز ادا کی اللہ اس کے لئے جنت میں ایک گھر بنائے گا۔

اس حدیث کو شیخ البانی نے موضوع کہا ہے ۔ (ضعيف ابن ماجه:255)

پانچویں حدیث : مَن صَلَّى بعدَ المغرِبَ قبلَ أنْ يَتَكَلَّمَ ركعتيْنِ - وفي روايةٍ : أربعَ رَكعاتٍ – ؛ رُفِعَتْ صلاتُه في عِلِّيِينَ.(مسند الفردوس، مصنف عبدالرزاق:4833، مصنف ابن أبي شيبة:5986)

ترجمہ: جس نے مغرب کی نماز کے بعد بغیر بات کئے دو رکعت ، اور ایک روایت میں ہے چار رکعت پڑھی تو اس کی نماز علیین میں اٹھائی جاتی ہے ۔

اس حدیث کو شیخ البانی نے ضعیف کہا ہے ۔ (ضعيف الترغيب:335)

چھٹی حدیث : من صلى أربعَ ركعاتٍ بعد المغربِ كان كالمعقبِ غزوةً بعد غزوةٍ في سبيلِ اللهِ(شرح السنة للبغوی:3/474)

ترجمہ: جس نے مغرب کے بعد چار رکعات ادا کی گویا وہ اللہ کی راہ میں پہ درپہ ایک عزوہ کے بعد دوسرا عزوہ کرنے والا ہے ۔

علامہ شوکانی نے کہا کہ اس کی سند میں موسی بن عبیدہ الزبدی بہت ہی ضعیف ہے ۔ (نیل الاوطار: 3/67)

ابن القیسرانی نے کہا کہ اس میں عبداللہ بن جعفر متروک الحدیث ہے ۔(تذکرۃ الحفاظ:335)

ابن حبان نے کہا کہ اس میں عبداللہ بن جعفر (علی بن مدینی کے والد) ہے جسے آثار کی روایت میں وہم ہوجاتا ہے اسے الٹ دیتا ہے ، اس میں خطا کرجاتا ہے ۔(المجروحین:1/509)

ساتویں حدیث : منْ ركع عشرِ ركعاتٍ بينَ المغربِ والعشاءِ، بُنيَ له قصرٌ في الجنةِ۔(الجامع الضعیر: 8691)

ترجمہ: جس نے مغرب وعشاء کے درمیان دس رکعات نماز ادا کی اس کے لئے جنت میں ایک محل بنایا جائے گا۔

شیخ البانی نے اسے ضعیف کہا ہے ۔ (السلسلة الضعيفة:4597)

سیوطی نے اسے مرسل کہا ہے ۔ (حوالہ سابق)

ان ساری روایات کے بیان کرنے کے بعد اب دو باتیں جان لیں :

پہلی بات یہ ہے کہ یہ تمام احادیث عام ہیں ،ان میں عام نفل نماز کا ذکر ہے ان کا اوابین کی نماز سے کوئی تعلق نہیں ہے بطور مثال اس عنوان کے تحت مذکور پہلی حدیث کو دیکھیں ۔ ترمذی میں اس حدیث کے اوپر باب ہے : "باب مَا جَاءَ فِي فَضْلِ التَّطَوُّعِ وَسِتِّ رَكَعَاتٍ بَعْدَ الْمَغْرِبِ" یعنی باب ہے مغرب کے بعد نفل نماز اور چھ رکعت پڑھنے کی فضیلت کے بیان میں۔

اور ابن ماجہ میں اس حدیث پر باب ہے ۔"بَابُ: مَا جَاءَ فِي الصَّلاَةِ بَيْنَ الْمَغْرِبِ وَالْعِشَاءِ" یعنی باب ہے مغرب اور عشاء کے درمیان کی نماز کے بیان میں ۔

دوسری بات یہ ہے کہ یہ تمام روایات ناقابل اعتماد اور ضعیف ہیں ۔ شیخ البانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں مغرب وعشاء کے درمیان متعین رکعات کے ساتھ جو بھی احادیث آئی ہیں کوئی بھی صحیح نہیں ہے ، ایک دوسرے سے ضعف میں شدید ہیں ۔اس وقت میں بغیر تعیین کے نماز پڑھنا نبی ﷺ کے عمل کی وجہ سے صحیح ہے ۔ (الضعیفہ:1/481)

خلاصہ یہ ہوا کہ مغرب کے بعد رکعات متعین کرکے کوئی نماز نہیں پڑھ سکتے ورنہ بدعت کہلائے گی کیونکہ اس سلسلہ میں کوئی روایت صحیح نہیں ہے البتہ بغیر تعیین کے مغرب وعشاء کے درمیان نوافل پڑھ سکتے ہیں ۔

نماز اوابین اور احناف :

احناف کے یہاں اوابین کی نماز مغرب کے بعد چھ رکعات ہیں اور جن احادیث سے استدلال کرتے ہیں ان کا حال اوپر گزر چکا ہے کہ سبھی ضعیف ہیں اور ان میں سے کوئی بھی نماز اوبین سے متعلق نہیں ہے ۔ بعض آثار سے پتہ چلتا ہے کہ اوابین کی نماز مغرب وعشاء کے درمیان ہے مگر وہ بھی ضعیف ہیں مزید برآں نبی ﷺ کی صریح احادیث کے ہوتے ہوئے ضعیف اقوال کی طرف التفات بھی نہیں کیا جائے گا۔

(1)محمد بن المنکدر سے روایت ہے : من صلى ما بين صلاةِ المغربِ إلى صلاةِ العشاءِ ؛ فإنها صلاةُ الأوابينَ۔

ترجمہ: جس نے مغرب اور عشاء کے درمیان نماز ادا کی وہ اوابین کی نماز ہے۔

اسے شیخ البانی نے ضعیف کہا ہے ۔ (السلسلة الضعيفة:4617)

علامہ شوکانی نے اسے مرسل کہا ہے ۔(نيل الأوطار:3/66)

(2) عبداللہ بن عمر بیان کرتے ہیں : صَلَاةُ الْأَوَّابِينَ مَا بَيْنَ أَنْ يَلْتَفِتَ أَهْلُ الْمَغْرِبِ إلَى أَنْ يَثُوبَ إلَى الْعِشَاءِ۔ (مصنف ابن ابی شیبہ)

ترجمہ: اوابین کی نمازکا وقت اس وقت سے ہے جب نمازی نماز مغرب پڑھ کر فارغ ہوں اور عشاء کا وقت آنے تک رہتا ہے۔

اس کی سند میں موسی بن عبیدہ الزبدی ضعیف ہے ۔

عبد اللہ بن عمر سے یہ بھی مروی ہے : مَنْ صلَّى المغربَ في جماعةٍ ثم عقَّبَ بعشاءِ الآخرةِ فهِيَ صلاةُ الأوَّابينَ۔

ترجمہ: جس نے مغرب کی نماز جماعت سے پڑھی پھر اسے عشاء کی نماز سے ملایا یہی اوابین کی نماز ہے ۔

ابن عدی نے کہا کہ اس میں بشر بن زاذان ضعیف راوی ہے جو ضعفاء سے روایت کرتا ہے ۔(الكامل في الضعفاء: 2/180)

(3) ابن المنکدر اور ابوحازم سے تتجافی جنوبھم عن المضاجع کی تفسیر میں مغرب وعشاء کے درمیان اوابین کی نماز ہے ۔ اسے بیہقی نے سنن میں روایت ہے اور اس کی سند میں مشہور ضعیف راوی ابن لهيعة ہے جبکہ صحیح حدیث میں بغیرلفظ اوابین کے مغرب وعشاء کے درمیان نماز پڑھنا مذکور ہے۔

(4) ابن عباس فرماتے ہیں: الملائكة لتحف بالذين يصلون بين المغرب والعشاء وهي صلاة الأوابين۔ (شرح السنۃ للبغوی ج 2ص439)

ترجمہ: فرشتے ان لوگوں کو گھیر لیتے ہیں جو مغرب اور عشاء کے درمیان نماز پڑھتے ہیں اور یہ اوابین کی نماز ہے۔

(5) بعض مفسرین نے سورہ اسراء میں وارد اوابین کے تحت بھی مغرب وعشاء کے درمیان نماز پڑھنے والے کو ذکرکیا ہے تفسیرابن کثیر میں بھی کئی اقوال میں ایک یہ قول ہے ۔

یہ سارے محض اقوال ہیں جبکہ صریح صحیح مرفوع روایات میں اوابین کی نماز وہی ہے جو چاشت کی نماز ہے اور چاشت واوابین کا وقت طلوع آفتاب کے بعد سے لیکر ظہر سے پہلے تک ہے تاہم گرمی کے وقت ادا کرنا افضل ہے بنابریں نبی ﷺ کےثابت شدہ فرمان کے سامنے ضعیف احادیث اور غیرمستند اقوال کی کوئی حیثیت نہیں ہے اورتحقیق سے بس یہی ثابت ہوتا ہے کہ اوابین کی نماز چاشت کی نماز ہے ان دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے ۔
 
Top