مصباح پچاس لاکھ روپے میں بکے

فر حان

محفلین
ڈی ایل ایف انڈین پریمیئر لیگ یعنی آئی پی ایل کی ٹوٹئنٹی 20سیریز کے لیے کھلاڑیوں کی دوسری نیلامی میں بنگلور کی رائل چیلنجر ٹیم نے پاکستانی کھلاڑی مصباح الحق کو پچاس لاکھ روپے میں خریدا ہے۔
لیکن پاکستان کے مستند بلے باز محمد یوسف پر کسی بھی ٹیم نے بولی نہیں لگائی۔ منگل کے روزممبئی میں مختلف ممالک کے اٹھارہ کھلاڑیوں کی نیلامی ہونی تھی جس میں مصباح کے علاوہ پاکستان کے سہیل تنویر، سلمان بٹ، محمد یوسف، محمد حفیظ اور یاسر حمید کے نام شامل ہیں۔ سہیل تنویر کو جے پور کی ٹیم نے خریدا ہے۔

سلمان بٹ اور محمد حفیظ کو کولکتہ کی ٹیم نے لیا ہے لیکن دلچسپ پہلو یہ ہے کہ محمد یوسف کو کسی نے نہیں خریدا۔

محمد یوسف نے سب سے پہلے انڈین کرکٹ لیگ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا لیکن اب وہ آئی پی ایل کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں۔ معاہدے کی خلاف ورزی کے الزام میں آئی سی ایل نے ان کے خلاف مقدمہ کر رکھا ہے اور ابھی وہ اس بے یقینی کی صورت حال میں ہیں کہ آیا انہیں کھیلنے کی اجازت ہوگی یا نہیں۔

ادھر کولکتہ میں بالی وڈ کے اداکار شاہ رخ خان نے اس سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ٹیم کا نام ’ کولکتہ نائٹ رائڈر‘ ہے جس کی کپتانی سابق ہندوستانی کپتان سورو گنکولی کریں گے۔ اس ٹیم میں شعیب اختر، ایشانت شرما اور اجیت اگرکر جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔
شاہ رخ خان کی ٹیم کا ڈریس سنہرے اور کالے رنگ کا ہوگا۔

انڈین پریمیئرلیگ کا انعقاد ہندوستانی کرکٹ بورڈ یعنی بی سی سی آئی کر رہی ہے۔ ٹوئنٹی 20 اس پہلی لیگ میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس میں شاہد آفریدی، اینڈریوسائمنڈ اور مہندر سنگھ دھونی جیسے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ اس کی شروعات اٹھارہ اپریل سے ہوگي اور بی سی سی آئي چاہتی ہے کہ ٹورنامنٹ کی شروعات سے تیس روز قبل تمام ٹیمیں اپنے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیں۔
 
Top