دعا لیلتہ القدر۔

ایم اے راجا

محفلین
یا اللہ تیرا بے انتہا شکر کے تونے اپنے اس گناہ گار بندے کو اپنے حضور شرف باریابی بخشا اور شب بھر اپنی رحمتوں سے نوازا اور اپنے گناہوں کا اقرار کرتے ہوئے معافی کا طلبگار ہونے کی توفیق عطا کی اور آنکھوں کو یہ اجازت بخشی کہ وہ تیرے حضور میں اشک بار ہو کر اس گنہگار بندے کی پستی اور تیری بڑائی کو ظاہر کر سکیں اور اس جسم کو لرزنے کی قوت دی تاکہ وہ تیرے سامنے اس بندے کا نہایت کمزور اور تیرا قوی ہونا ظاہر کر سکے، اے میرے مالک و خالق تو اپنے اس کمزور اور گناہ گار بندے کو بخش دے اور میرے باپ ، بھائیوں ، بھابیوں اور انکے بچوں اور میری بیوی اور بچوں اور میرے تمام عزیز و اقارب اور دوستوں کو بھی بخش دے جن کے حق میں اس حقیر و فقیر بندے نے تیرے حضور گڑگڑا کر معافی کی درخواست کی، یا اللہ تو ان تمام مسلمانوں بشمول میرے آبا و اجداد، عزیز و اقارب، دوست احباب بخش دے جو حضرت آدم علیہ السلام سے لیکر اب تک اس دنیا سے گذر چکے ہیں خصوصا میری والدہ ماجدہ کو، تو ان سب کے کبیرہ و صغیرہ گناہوں کو معاف فرما کر قبر کو انکے لیئے باعث راحت بنا دے اور قیامت کے دن ان کو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت سے بہرہ مند فرمانا اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمانا، بے شک تو دعائوں کو سننے والا اور قبول کرنے والا ہے. یا اللہ تو میرے وطن پاکستان پر اور پورے عالم اسلام پر اپنا رحم و کرم فرما بے شک تیرے علاوہ کوئی رحم و کرم فرمانے والا نہیں اور نہ ہی دعائوں کو سننے اور قبول کرنے والا ہر وقت ہر جا حاضر و ناظر ہے. اے اللہ کچھ عجب نہیں کہ تو اپنے اس گناہ گار، بدکار، بد کردار، ذلیل و خوار بندے کی عاجزانہ دعا کو آج کی رات کی برکت سے قبول فرما لے. اے میرے مالک و خالق، اے میرے رب تو مجھے اپنی رحمتوں سے مایوس مت ہونے دے اور شیطان کو مجھ پر غلبا کرنے سے باز رکھ، بے شک تو ہی سیدھی راہ چلانے والا ہے.
آمین یا رب العالمین.
 
Top