لاہورمیں موسلا دھار بارش، شاہی قلعے کا 180 سال پرانا مرکزی دروازہ گر گیا

جاسم محمد

محفلین
لاہورمیں موسلا دھار بارش، شاہی قلعے کا 180 سال پرانا مرکزی دروازہ گر گیا
ویب ڈیسک منگل 16 جولائ 2019
1745505-lahorerain-1563280815-133-640x480.jpg

نشیبی علاقے زیر آب آنے سے گھروں میں پانی داخل ہوگیا فوٹو:ٹوئٹر

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہوگیا ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں شدید موسلا دھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں سڑکیں تالاب بن گئیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ بہت سے گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

موسلادھار بارش کے باعث لاہور کے شاہی قلعہ کا تاریخی روشنائی گیٹ بھی گرگیا، 180 سال پرانا روشنائی گیٹ شاہی قلعہ لاہورکا مرکزی دروازہ تصور کیا جاتا ہے۔ ڈائریکٹروالڈسٹی آصف ظہیر کا کہنا ہے کہ 180سال پرانا روشنائی گیٹ شدید بارش کے باعث گرا، تاہم گیٹ 3 سے 4 روز میں دوبارہ مرمت کر کے لگادیا جائے گا۔

نکاسی آب کے ناقص انتظامات کی وجہ سے لاہور کے انڈر پاسز جھیل کا منظر پیش کررہے ہیں۔ شدید بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر میں اب تک 150 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے۔ کئی مقامات پر مکانات کی چھتیں گر گئی ہیں جس کے نتیجے میں بہت سے لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔


جناح اسپتال لاہور کی چھتیں بھی ٹپکنے لگی ہیں اور ایمرجنسی پانی میں ڈوب گئی ہے۔ انتظامیہ نے اسپتالوں میں طبی عملے کو چوکس کردیا ہے اور متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں مزید مون سون بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، مردان، بنوں، ہزارہ، ژوب اور کشمیر سمیت مختلف اضلاع میں تیزہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

shahi-gate-lahore-destoryed-1563305770.jpg


محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پشاور، مالاکنڈ اور کوہاٹ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ ملک کے دیگرعلاقوں میں بدستورموسم گرم اورمرطوب رہےگا۔
 
Top