قوم کے شیخ چلیوں کے خواب اور انڈوں کا نقصان

زیرک

محفلین
قوم کے شیخ چلیوں کے خواب اور انڈوں کا نقصان
جب حکمرانوں کے پاس دکھانے کو کچھ نہیں بچتا تو وہ کبھی 200 ارب کی گیس نکال لاتے ہیں، کبھی 2 سو سال کی ضرورت سے زائد تیل کے ذخائر کی خوش کن خبروں کی چورن نما پھکی کھلائی جا سکے تاکہ پھکی سے پیدا ہونے والی گیس کے زیر اثر انہیں سہانے خواب دکھائے جا سکیں۔ قصہ مختصرجیسے قوم کو سونے تانبے کے ذخائر نہیں ملے ویسے ہی تیل اور گیس کے ذخائر بھی نہیں ملیں گے (میرے منہ میں خاک)۔ میں تو یہ کھیل سمجھ گیا، عوام بھی اس بات کو جتنی جلدی سمجھ اتنا بہتر ہو گا۔ اگر آپ مہاتما تقریر جھاڑ خان کی امید دلانے والی بات پر یقین کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کیجیئے لیکن نواز شریف کی چنیوٹ والی تقریر لازمی ذہن میں لائیے گا، اور وہاں سے کیا نکلا یہ بھی یاد رکھیئے گا پھر دونوں کا تقابل کرنے میں آسانی ہو جائے گی۔ ریکوڈک میں حکومتی اور عدالتی نااہلی کی وجہ سے ہم پر 6 ارب ڈالر کا جرمانہ کیا جا چکا ہے، یعنی افتخار چودھری کی ہر معاملے میں ٹانگ اڑانے کی خواہش اور کنٹریکٹ کی جزیات میں حکومتی نااہلی کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ وہاں سے کچھ ملنا ملانا تو خیر دور کی بات ہے الٹا ہمیں بین الاقوامی عدالت سے خطیر جرمانہ ضرور ہوا ہے، گویا کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے، اور ہماری قوم کو یہ گلاس یا بارہ آنے 6 ارب ڈالر میں پڑے ہیں۔ عمران خان کے آف شور ڈرلنگ کے سہانے خواب پر بھی خطیر سرمایہ صرف ہوا اور وہاں سے ایسا کچھ بھی نہیں نکلا جو ہماری آئندہ دو سو سال کی ضرورت کو پورا کرے۔ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ ان کی وجہ سے برکت ہی اٹھ جایا کرتی ہے اور پاکستان میں ایسا ہی ہو رہا ہے۔ ہماری معاشی حالت ایسی ہے کہ کوئی ہمیں ادھار تیل دینے پر تیار نہیں کیونکہ ہم نقد ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے، سعودیہ نے ادھار کی بجائے کولیٹرل بیس پر 12 بلین ڈالر کا تیل دینے کا وعدہ کیا ہے جس کے لیے ہمیں بلوچستان کے کچھ قیمتی ذخائر کی تلاش کے حقوق سعودی عرب کو دئیے ہیں۔ پتہ نہیں اس میں قوم کا کیا قصور ہے کہ اللہ نے ہمیں بہترین زرخیز زمین اور معدنی وسائل تو ضرور دئیے ہیں لیکن ہمیں ناکارہ اور کھوہ وژن لیڈرشپ دے کر ان ذخائر کو ٹھکانے لگانے کی سزا بھی دی ہے۔ قصہ مختصر ہر دور کا جائزہ لیں تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ یہاں شیخ چلیوں کی حکومت برسر اقتدار ہے جو خواب اتنے بلند و بالا دیکھتے ہیں کہ جب گرتے ہیں یا کسی طاقتور کی لات پڑتی ہے تو ذخائر کے انڈے ٹوٹ پھوٹ جاتے ہیں۔
 
Top