غزل: الٰہی کیوں نہیں جاتا یہ میرے جی کا غم؟

Sarwar A. Raz

محفلین
غزل: الٰہی کیوں نہیں جاتا یہ میرے

یاران محفل: آداب!
اس بزم میں پہلی مرتبہ شریک ہو رہا ہوں۔ ایک غزل پیش خدمت ہے۔ اپنی رائے سے آگاہ کر کے شکریہ کا موقع عنایت کیجئے۔
سرورعالم راز “سرور

-----------------------------------------------------------------------------------------------
الٰہی کیوں نہیں جاتا یہ میرے جی کا غم؟
کسی کی یاد، کسی کا جنوں، کسی کا غم!

کروں تو کیا کروں میں تیری کج روی کا غم
تجھے ذرا بھی نہیں میری بے کسی کا غم!

دلیل راہ بھی، منزل بھی اور جرس بھی یہی
عجیب چیز ہے یارو یہ زندگی کا غم

ہم ایسے محو تماشہ تھے ذات میں اپنی
ملا نہ وقت کہ ہوتا ہمیں خودی کا غم

یہ کس نے کردیا سود و زیاں سے بیگانہ؟
نہ دوستی کی خلش ہے نہ دشمنی کا غم

ہزار مرحلے اک راہ زیست میں آئے
کبھی تو غم سے خوشی تھی، کبھی خوشی کاغم

شعور ذات نے وا کر دیا در جاناں
رہی خودی کی شکایت، نہ بیخودی کا غم!

یہ صبح و شام کی زحمت؟ ارے معاذاللہ!
کروں نہ شکوہ اگر ہوکبھی کبھی کاغم

فراز عشق و وفا؟ لا الہ الا اللہ!
یہی کہ آدمی کو ہو تو آدمی کاغم!

خدا نخواستہ “سرور“ تجھے تباہ کرے
تلاش ضبط و سکوں میں خود آگہی کا غم
 

موبی

محفلین
موبی

سرور صاحب آپ کی محفل میںآمد سے بہت خوشی ھوءی۔ یہ محفل سج جاءے تو خوب ھو گا ۔ آپ کی غزل میں کتابت کی دو غلطیاں در آءی ھیں۔ دوسرے شعر میں میری بے کسی ھونا چایءے۔ اور معاذ اللہ ز سے لکہا گیا ھے۔ اپنے افسانے بہی شامل محفل کریں۔
 

Sarwar A. Raz

محفلین
مکرم بندہ موبی صاحب! آداب عرض ہے!

ذرہ نوازی کے لئے ممنون ہوں۔ کتابت کی غلطیاں درست کر دی ہیں۔ یہ آپ کی نوازش ہے کہ مجھ کو ان سے آگاہ کیا۔ آپ نے میرے افسانوں کی فرمائش کی ہے۔ میرا سارا ادبی وشعری سرمایہ اردو نستعلیق میں ہے اور یہ چوپال نسخ پر مبنی ہے۔ افسانوں کو پھر سے ٹائپ کرنا ممکن نہیں ہے۔ اگر کوئی ایسی صورت ہے جس سے نستعلیق بہ آسانی نسخ میں منتقل ہو سکے تو بتائیے ۔ بصورت دیگر یہ کام تقریبا“ نا ممکن نظر آتا ہے۔ آپ کے جواب کا منتظر رہوں گا۔ آپ مجھ سے sarwarraz@sarwarraz.com پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ یا چاہیں تو یہیں جواب دے دیں۔ شکریہ!
اور ہاں! اگر وقت اجازت دے تو میرے website پر تشریف لےجائیں۔ انشا اللہ آپ کو مایوسی نہیں ہوگی!<www.sarwarraz.com>
سرور عالم راز “سرور“
 

موبی

محفلین
موبی

جناب سرور صاحب ۔ میں آپ کی ویب ساءٹ پھلے ھی دیکھ چکا تہا۔ بہت عمدہ کاوش ھے ۔ جہاں تک ان پیج کو یونیکوڈ میں بدلنے کا تعلق ھے، میں اس بارے میں پہلے بہی لکھ چکا ھوں۔ آپ ذیل کی ساءٹ پر جا کر اپنا متن پیش کریں ، تو وہ خود بخود یونیکوڈ میں بدل دیا جاءے گا ۔ http://www.qern.com/servlet/inpageconvert
 
Top