نصیر ترابی غزل : اب صبح کوئی دم ساز نہیں اب شام نہیں دلدار کوئی - نصیر ترابی

غزل
اب صبح کوئی دم ساز نہیں اب شام نہیں دلدار کوئی
یا شہر کے رستے بند ہوئے یا دل میں اُٹھی دیوار کوئی

وہ شہر نہیں ، وہ دور نہیں ، وہ لوگ نہیں ، وہ طور نہیں
سر اپنا اُٹھا کر کون چلے ، کیا سر پہ رکھے دستار کوئی

اب کے تو صبا بھی تنگ آ کر اس وادیِ گُل سے لوٹ گئی
سب نیند میں چلتے پھرتے ہیں کس کس کو کرے بیدار کوئی

شاموں کے جن سے ناتے تھے بے یاد گئے بھی آتے تھے
جب خیر خبر کی شب آئی ، آیا نہ ادھر غم خوار کوئی

اک خیمۂ حلقہ بگوشاں اسے اک سرحدِ بابِ حریفاں تک
سب دور کی باتیں کرتے ہیں ، چلنے کو نہیں تیار کوئی

آواز کی جانب آنکھیں ہیں اس سمت بہ سمت خموشی میں
چُپ چاپ گزرتا رہتا ہے ، رفتار سے بے رفتار کوئی

اب راہ کے پیچ و خم بھی نہیں اب پہلے جیسے ہم بھی نہیں
سارے یہ دلوں کے قصے ہیں پر دل ہی نہیں ہموار کوئی

نازاں تھے بہت تم لفظوں پر کیوں گُم ہو نصیرؔ اس سوچ میں اب
لفظوں سے ورا ہیں خواب یہاں ، ہر خواب میں ہے آزار کوئی
نصیرؔ ترابی
1994ء
 
Top