عبور درد کا سیلِ چناب کس نے کیا - اختر ھوشیارپوری

محمد وارث

لائبریرین
عبور درد کا سیلِ چناب کس نے کیا
خود اپنی جاں کا یہاں احتساب کس نے کیا

زمانہ مجھ سے شناسا نہ میں زمانے سے
میں سوچتا ہوں مرا انتخاب کس نے کیا

جو میں نہیں ہوں تو میرے بدن میں لرزہ کیا
جو وہ نہیں تھا تو مجھ سے خطاب کس نے کیا

میں اس طرح سے کہاں نادم اپنے آپ سے تھا
حضورِ ذات مجھے آب آب کس نے کیا

بہار آتی تو پت جھڑ بھی دیکھ لیتا میں
ابھی سے خواب کو تعبیرِ خواب کس نے کیا

دیئے جلا کے مجھے راستے میں چھوڑ گیا
وہ کون شخص تھا، مجھ کو خراب کس نے کیا

سوال گونجتے رہتے ہیں حرفِ نو کی طرح
جو چپ ہے وہ تو مجھے لاجواب کس نے کیا

وہ ایک لفظ جو سنّاٹا بن کے گونجا تھا
اس ایک لفظ کو اختر کتاب کس نے کیا

اختر ھوشیارپوری
 
Top