عام پاکستانیوں کو دہشت گرد قرار دینے پر بھارتی ایجنسی ”را“ کو تضحیک کا سامنا

ساجد

محفلین
عام پاکستانیوں کو دہشت گرد قرار دینے پر بھارتی ایجنسی ”را“ کو تضحیک کا سامنا
واشنگٹن (جنگ نیوز) بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ”را“ کی جانب سے پاکستان کے عام دکانداروں اور تاجروں کو خطرناک دہشت گرد قرار دینے کا اقدام ایک طرف پاکستان کو اشتعال دلانے کے مترادف ہے تو دوسری طرف اس اقدام کے بعد بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی کو خود بھارت میں مذاق کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ گزشتہ دنوں ”را“ نے بھارتی حکومت کو ایک انتباہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کالعدم پاکستانی تنظیم لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے پانچ انتہائی تربیت یافتہ دہشت گرد بھارت میں داخل ہوگئے ہیں اور وہ مختلف عمارتوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کریں گے۔ بھارتی میڈیا پر یہ رپورٹ سامنے آنے کے چند ہی گھنٹوں بعد پاکستانی میڈیا نے بتایا کہ بھارتی ایجنسی کی جانب سے جاری کی گئی فہرست اور تصاویر والے افراد میں سے تین لاہور میں دکاندار جبکہ ایک سیکورٹی گارڈ ہے اور یہ لوگ کبھی پاکستان سے باہر نہیں گئے۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ بھارت نے اس طرح کی غلطی کی ہے۔ ایک سال قبل بھی 50/ مفرور بھارتی افراد کی فہرست جاری کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ یہ لوگ پاکستان میں چھپے ہوئے ہیں۔ لیکن ان میں سے دو افراد بھارت میں ہی تھے جبکہ ایک ممبئی جیل میں قید تھا۔
 
Top