شکر قند کے گلاب جامن

عندلیب

محفلین
شکر کھاؤ ، شکر مت کھاؤ
بچے اردو الفاظ کا کوئی زبانی کھیل کھیل رہے تھے۔ اور دونوں بھائی مل کر چھوٹی کو ستا رہے تھے۔ دونوں کا کہنا تھا کہ جملہ صحیح ہے جبکہ چھوٹی بیٹی کا اصرار تھا کہ ایک ہی جملے میں کھاؤ اور نہ کھاؤ کیسے آ سکتا ہے؟ وہ اپنی فریاد لے کر ہمارے پاس آئی کہ دونوں سے وضاحت طلب کی جائے۔ جبکہ جملہ دراصل یوں تھا:
شکر کھاؤ ، شک کر مت کھاؤ
بہرحال بچے لفظ شکر پر جملے بازی کر رہے تھے۔
"شکرخورے کو خدا شکر ہی دیتا ہے"
ایک کونے سے ہمارے میاں جی کی آواز گونجی۔
بچے مطلب پوچھنے دوڑے گئے۔ اور میاں جی نے ہماری طرف اشارہ کرکے کہا کہ اب دیکھو کل چھٹی ہے اور آج جو ہم بازار سے شکرقند لائے ہیں، اس کے گلاب جامن بنیں گے اور یوں ہم سب شکرقند کے گلاب جامن کا مزا لیں گے۔
یہ ہمارے میاں جی کی روایتی ڈیڑھ ہشیاری تھی۔۔۔ بچوں کو محاورہ سمجھانے کے بہانے اپنی شکرخوری کی تسکین چاہتے تھے۔
مگر بچوں کو شکرقند کے گلاب جامن کا آئیڈیا بھا چکا تھا۔ لہذا تیار کرنے کے بعد اس کی ترکیب بھی آپ سب کے لیے پیش ہے۔

ترکیب :
درمیانے سائز کے دو عدد شکر قند کو ابال کر ان کا چھلکا نکال دیں۔
پھر ایک برتن میں 250 گرام کھویا، دو چمچے میدہ اور ایک چٹکی کھانے کا سوڈا ڈالیں اور انہیں ابلے ہوئے شکرقند کے ساتھ اچھی طرح گوندھتے ہوئے یک جان کر لیں۔
اب یک جان کیے ہوئے اس مواد سے درمیانے سائز کے گولے بنائیں، پھر انھیں گھی یا تیل میں سنہرے ہونے تک فرائی کریں۔
اس کے بعد ان تمام فرائیڈ گولوں کو ایک تار کی چاشنی میں ڈال کر ایک دو گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔
اس کے بعد کے عمل سے تو آپ سب بخوبی واقف ہوں گے۔
akaidl.jpg
 

سین خے

محفلین
بہت خوب :)

میں نے پہلی بار شکر قند سے بنی گلاب جامن کی ریسیپی دیکھی ہے۔ بہت ہی آسان ہے۔ ضرور ٹرائے کروں گی۔ بہت شکریہ :)
 

عندلیب

محفلین
شکر قندی میں بال بھی ہوتے ہیں اور بعض اوقات بڑے بڑے اور سخت قسم کے ان کا کیا علاج کیا جائے؟
بھایٔ ، کچھ بال بڑے ہوں تو چن کر نکالے جا سکتے ہیں ، اور جو باریک ہوں، شکر قند کو ابال کر ہتھیلی کی مدد سے اچھی طرح مسل لیا جاۓ تو مسٔلہ نہیں ہوگا۔
 
بھایٔ ، کچھ بال بڑے ہوں تو چن کر نکالے جا سکتے ہیں ، اور جو باریک ہوں، شکر قند کو ابال کر ہتھیلی کی مدد سے اچھی طرح مسل لیا جاۓ تو مسٔلہ نہیں ہوگا۔
یعنی کافی محنت طلب کام ہے ۔
سادے گلاب جامن نا کھا لئے جائیں!!
 
Top