سنے جو حالِ غمِ شاہِ دو جہاں کاغذ - سید اصغر حسین فاخر (سلام)

حسان خان

لائبریرین
سنے جو حالِ غمِ شاہِ دو جہاں کاغذ
کرے زبانِ قلم سے نہ کیوں فغاں کاغذ

لکھوں جو حدتِ خورشیدِ روزِ عاشورا
مثالِ سنگ ابھی ہو شرر فشاں کاغذ

دمِ اخیر جو آیا ہے قاصدِ صغرا
نہ روئیں دیکھ کے کیونکر شہِ زماں کاغذ

رقم کروں میں جو احوالِ بخششِ حیدر
تو فیضِ جود سے ہو جائے زر فشاں کاغذ

گلِ ریاضِ نبی کی لکھوں جو رنگینی
نہ کس طرح سے بنے تختۂ جناں کاغذ

رقم کروں جو دلِ بے قرارِ شاہ کا حال
مثالِ برق کرے نالہ و فغاں کاغذ

جو فصلِ گل میں لکھوں تیغِ شاہ کے جوہر
تو مثلِ غنچہ نہ کیونکر ہو زر فشاں کاغذ

تمام صفحہ جو مسطر کشیدہ ہو اس کا
نہ کس طرح سے ہو مانندِ کہکشاں کاغذ

لکھی جو خال و جبینِ مہِ علی کی ثنا
ستارے بن گئے نقطے تو آسماں کاغذ

لکھوں جو حال میں زردیِ جسمِ عابد کا
تو صاف صاف دے خوشبوئے زعفراں کاغذ

لکھوں جو اس پہ میں حرفِ اسیریِ عابد
تو پہنے کیوں نہ دوائر کی بیڑیاں کاغذ

شبیہِ اصغرِ مہ رو اگر قلم کھینچے
تو ٹکرے ٹکرے ہو سب صورتِ کتاں کاغذ

رقم ہو شمہ اگر سوزشِ تپِ سجاد
تو دم میں جل کے کرے نالہ و فغاں کاغذ

لکھوں جو قافلۂ اہلِ بیت کی روداد
فغاں کرے صفتِ زنگِ کارواں کاغذ

مثالِ بید لرزتے ہیں ہاتھ صغرا کے
پئے حُسین جو لکھتی ہے ناتواں کاغذ

مثال دوں ورقِ آفتاب سے فاخر
جو دستیاب کہیں سے ہو زر فشاں کاغذ
(سید اصغر حسین فاخر)
 
Top