روس نے ڈرون حملوں پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کردی

عاطف بٹ

محفلین
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت اورعلاقائی خود مختاری کے خلاف ہیں اور ہم کسی بھی ملک کی خود مختاری کے خلاف ہراقدام کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مسائل اور معاملات پر روس اور پاکستان کا مؤقف یکساں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر کے ساتھ ایک مشترکہ اخباری کانفرنس کے دوران کیا۔ قبل ازیں دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر محترمہ کھر نے ڈرون حملوں کے بارے میں پاکستانی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان حملوں کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ ہے تو اس کے لئے تمام قانونی ذرائع استعمال کرنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا، ہم سمجھتے ہیں کہ ڈرون حملے نہ صرف غیرقانونی اور غیرسودمند ہیں بلکہ یہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف بھی ہیں۔
واضح رہے کہ جناب لاؤروف اپنا دورہء بھارت ملتوی کرکے بدھ کے روز دو روزہ دورے پر اسلام آباد تشریف لائے تھے اور ان کے اس خصوصی دورے کا روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے منسوخ ہونے والے دورہء پاکستان سے دونوں ملکوں کے مابین کسی امکانی خلیج کو پیدا ہونے سے روکنا تھا۔
 
Top