رزاق ٹونٹی ٹونٹی ٹیم میں شامل

فخرنوید

محفلین
آئی سی سی نے آل راؤنڈر عبدالرزاق کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہمسٹرنگ کی تکلیف میں مبتلا یاسرعرفات کی جگہ آل راؤنڈر عبدالرزاق کو ٹیم میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی جسے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے منظور کرلیا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ عبدالرزاق پہلے کرکٹر ہیں جو آئی سی ایل چھوڑنے کے فوراً بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے ہیں۔

عبدالرزاق نے بی بی سی سے بات کرتے کہا کہ انہیں دوسال بعد پاکستانی ٹیم میں واپسی پر خوشی ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ آئی سی ایل میں شمولیت ان کی غلطی تھی لیکن اگر اسوقت کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام ان سے بات کرتے تو وہ کبھی بھی یہ فیصلہ نہ کرتے۔

عبدالرزاق نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ آئی سی ایل کے مالی مشکلات میں مبتلا ہونے کے سبب انہوں نے اسے چھوڑ دیا ہے۔

آئی سی سی نے عبدالرزاق کی پاکستانی ٹیم میں واپسی پر کہا ہے کہ قواعد وضوابط کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ نے عبدالرزاق کے خلاف ضروری کارروائی کرلی ہے جس کے بعد اسے ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر کوئی اعتراض نہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عبدالرزاق ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں بھی شامل کئےگئے تھے لیکن اسوقت تک انہوں نے آئی سی ایل سے باقاعدہ کنارہ کشی اختیار نہیں کی تھی لہذا آئی سی سی کے اعتراض پر ان کا نام واپس لے لیا گیا تھا۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت عالمی ایونٹ کے لئے متبادل کھلاڑی کو ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر سے بھی شامل کیا جاسکتا ہے جیسا کہ2007 کے عالمی کپ میں عبدالرزاق کے ان فٹ ہوجانے کے سبب اظہرمحمود کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جو اعلان کردہ ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں تھے۔

بشکریہ: اردو نیوز
 
Top