دنیا کے شاندار قلعہ بند شہر

صدیوں سےقلعہ بند دفاعی دیواروں نے دنیا بھر میں شہروں کی حفاظت کی ہے، دنیا کا شاید ہی کوئی ایسا ملک ہو جس نے بیرونی حملہ آوروں سے حفاظت کےلیے دفاعی اقدامات نہ کیے ہوں۔ انگریزوں کو بھی کراچی اور حیدرآباد فتح کرنے کے لیے قلعہ منوڑہ اور پرانا قلعہ فتح کرنا پڑا۔ کولمبیا سے چین اور فرانس تک اب بھی ایسے شاندار قلعہ بند شہر موجود ہیں، جو ماضی کی عظمت کو حال کے ساتھ اس طرح دیدہ زیب بناتے ہیں کہ آپ دیکھ کر حیران ہوجائیں گے۔ یہ قابلِ اعتماد قلعہ بند شہر عظمتِ رفتہ کی بہترین علامت ہیں، جن کا احوال ذیل میں دیا جارہا ہے۔

کارٹجینا، کولمبیا

539655_6821962_magazine.jpg

یہ شہر 'لاس مرال کے نام سے جانا جاتا ہے، کارٹجینا شہر کی دیواریں جنگوں کے دوران صدیوں سے اہم دفاعی مورچہ رہی ہیں۔ شہر کی حفاظت کے لئے دیواروں کی تعمیر16ویں صدی میں شروع ہوئی اور ان کو مکمل کرنے کے لئے تقریباً 200 سال لگ گئے۔ یہ دیواریں اب بھی کارٹجینا کے پرانے ضلع کوجدا کرتی ہیں۔ سات میل طویل ان دیواروں نے قزاقوں ،دشمنوں کے حملوں اورقدرتی طوفانوں کے خلاف مضبوط مورچے کا کام کیاہے۔ کارٹجیناکی ان دیواروں اور قلعہ کا شمار جنوبی امریکا کے سب سے زیادہ جامع قلعوں میں ہوتا ہے۔

تاروڈنٹ، مراکش

539655_6550020_magazine.jpg

مراکش خوبصورت قلعہ بند شہروں سے بھرا ہوا ہے۔ تاروڈنٹ سب کے مقابلے میں زیادہ شاندار ہے۔ ضلع کی حیثیت رکھنے والایہ قلعہ بند شہر بربرآباد کاروں کے مکانات پر مشتمل ہے، جو اعلیٰ ٹیراکوٹا سرخ دیواروں سے گھرا ہوا ہے اور سوس ویلی میں بلند ترین پہاڑیوں کے پس منظر میں قائم ہے۔ اس کی دیواریں جو 16 ویں صدی میں تعمیر کی گئیں، ملک میں سب سے زیادہ اچھی طرح سے محفوظ ہیں۔ دیواروں کے پیچھے بازار، پرسکون دھول سے اٹی سڑکیں اورخاموش مراکشی ثقافت سینکڑوں برس سے یہاں قائم ہے،جسے تاحال کسی نے پریشان نہیں کیا۔

ڈوبرووِنک، کرویشیا

539655_2746283_magazine.jpg

ڈوبرووِنک دنیا بھر میں قلعہ بند شہروں کے لئے پوسٹر ہے۔ جنوب مشرقی یورپ میں واقع یہ خوبصورت قرون وسطیٰ کا شہر ہر سال ہزاروں سیّاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، جو’ایڈریاٹک کا موتی‘دکھائی دینے والی ان سفید دیواروں کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ پرانے ضلع کے اندر دیواروں کے ساتھ تعمیر شدہ ٹاورز، گرجا گھروں اور محلوں نے 1979ء میں یونیسکو سے ڈوبرووِنک کی عالمی ثقافتی ورثہ کی حیثیت منوالی۔ آپ چھتوں کے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے سمندر کے خوبصورت نظاروں سےلطف اندوز ہوسکتے ہیں اور دیوار کے ساتھ متصل دکانوں سے شاپنگ کرسکتے ہیں۔

یارک، برطانیہ

539655_249704_magazine.jpg

شہرِخواب یارک کا دعویٰ ہے کہ یہ برطانیہ میں قدیم ترین اور سب سے طویل قلعہ بندشہری نظاموں میں سے ایک ہے۔ رومیوں نے یہاں پہلی صدی میں حفاظتی دیواروں کی تعمیر کی، جس کے آثار اب بھی باقی ہیں۔ 13ویں صدی کی تعمیرات اب بھی آپ کو یہاں ملیں گی۔ یارک کی شہری دیواریں 3.4کلو میٹر پر محیط ہیں، جو شاندارطرزِتعمیر کی عکاس ہیں اور راستے میں قائم 45 مینار اس کی خوبصورتی کو بڑھاوا دیتے ہیں۔ اس کے کئی داخلی دروازے بھی ہیں۔ مخصوص دنوں میں کئی ٹاورز عوام کے لئےکھولے جاتے ہیں۔

اتچن کالا، ازبکستان

539655_7774730_magazine.jpg

اتچن کالاازبکستان کے سلک روڈ شہروں میں سے ایک کھیوا کے اندرقلعہ بند شہر کا نام ہے۔ اس قلعہ کی ابھرتی ریتلی رنگ کی دیواروں کی لمبائی 2 کلومیٹر تک جاتی ہے ،جوآگے چل کرکئی حصوں میں 10 میٹر بلند ہوجاتی ہے، راستے میں بڑے خمیدہ مینار نصب ہیں۔ اندرونی قدیم شہر کو جس شاندار اندازمیں محفوظ کیا گیا ہے، اکثر اس کی تعریف کی جاتی ہے۔مساجد، بھول بھلیاں اور مینار و محلات راستے دیکھنے والوں کو مسرت سے سرشار کرتے ہوئے ماضی کے اس عظیم دور میں لے جاتے ہیں، جب معماروں نے اس شہر کو تعمیراتی جمالیات کا مرقع بنایا تھا۔

کارکوسن، فرانس

539655_6467964_magazine.jpg

1997ء میں یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیے جانے والے کارکوسن کا شمار یورپ کے عظیم قلعہ بند شہروں میں ہوتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہاں قلعہ بند آبادی رومیوں کی آمدسے پہلے سےموجود ہے لیکن آج ہم بڑے دفاعی مورچے پر مبنی قرون وسطیٰ کے دور کا قلعہ ملاحظہ کرتےہیں۔ حفاظتی دیوار پرانے شہر کے ارد گرد 2 میل تک چلی جاتی ہے، اس کے ساتھ 50 سے زائدنگرانی کرنے والے مینار ایستادہ ہیں۔ ان تاریخی دیواروں کو محفوظ کرنے کےلیے جامع تحفظ کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

مڈینا، مالٹا

539655_9611157_magazine.jpg

چھوٹا لیکن کمالِ فن سے بنایا گیا مالٹا میں Mdina، یورپ کے سب سے خوبصورت دیوار نما شہروں میں سے ایک ہے اور ان میں سے چند اصل حالت میں موجود ہیں۔ سائز میں یہ دیواری شہر ایک مربع کلومیٹر سے بھی کم ہے۔ مڈینا کو اکثر 'خاموش شہر کہا جاتا ہے کیونکہ صرف چند گاڑیوں کو اس کی حدود سے گزرنےکی اجازت دی جاتی ہے،یہاں تقریبا 250 لوگ رہائش پذیر ہیں۔ خیال ہے کہ یہ شہر چار ہزار سال قدیم ہے اور کبھی مالٹا کا پرانا دارالحکومت ہوا کرتا تھا۔ آج مڈینا کیتھیڈرلز، محلات اورتنگ گلیوں کا سحر انگیز امتزاج ہے۔

ژیان، چین

539655_2851135_magazine.jpg

ژیان، چین کےعظیم قدیم شہروں میں سے ایک ہے،جو ملک پر حکومت کرنے والی کئی سلطنتوں کے ٹیرا کوٹا جنگجوؤں کا گھر ہے اور شاہراہِ ریشم کا انتہائی مشرقی نقطہ ہے۔ ژیان کی حفاظتی دیواریں دروازوں اور میناروںکی قطار بناتی ہوئی پرانے شہر کے ارد گرد 12 میٹر اونچائی، 15 میٹر چوڑائی اور 14 کلومیٹر لمبائی میں چلی جاتی ہیں۔ یہ منفرد اور متاثر کن دیواریں دنیا بھر کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ سیاحوں کے لیے اس شہر میں سیر و تفریح کے کئی سامان ہیں۔ بہت سے لوگ ان دیواروں پر سائیکل چلاتے ہوئے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔
لنک
 
Top