خبر دن کے آنے کی میں لا رہی ہوں

سیما علی

لائبریرین
خبر دن کے آنے کی میں لا رہی ہوں
اجالا زمانہ میں پھیلا رہی ہوں

بہار اپنی مشرق سے دکھلا رہی ہوں
پکارے گلے صاف چلا رہی ہوں

اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں
میں سب کار بہوار کے ساتھ آئی

میں رفتار و گفتار کے ساتھ آئی
میں باجوں کی جھنکار کے ساتھ آئی

میں چڑیوں کی چہکار کے ساتھ آئی
اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں

اذاں پر اذاں مرغ دینے لگا
خوشی سے ہر اک جانور بولتا ہے

درختوں کے اوپر عجب چہچہا ہے
سہانا ہے وقت اور ٹھنڈی ہوا ہے

اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں
یہ چڑیاں جو پیڑوں پہ ہیں غل مچاتی

ادھر سے ادھر اڑ کے ہیں آتی جاتی
دموں کو ہلاتی پروں کو پھلاتی

مری آمد آمد کے ہیں گیت گاتی
اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں

جو طوطے نے باغوں میں ٹیں ٹیں مچائی
تو بلبل بھی گلشن میں ہے چہچہائی

اور اونچی منڈیروں پہ شاما بھی گائی
میں سو سو طرح دے رہی ہوں دہائی

اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں
ہر ایک باغ کو میں نے مہکا دیا ہے

نسیم اور صبا کو بھی لہکا دیا ہے
چمن سرخ پھولوں سے دہکا دیا ہے

مگر نیند نے تم کو بہکا دیا ہے
اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں

ہوئی مجھ سے رونق پہاڑ اور بن میں
ہر ایک ملک میں دیس میں ہر وطن میں

کھلاتی ہوئی پھول آئی چمن میں
بجھاتی چلی شمع کو انجمن میں

اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں
جو اس وقت جنگل میں بوٹی جڑی ہے

سو وہ نو لکھا ہار پہنے کھڑی ہے
کہ پچھلے کی ٹھنڈک سے شبنم پڑی ہے

عجب یہ سماں ہے عجب یہ گھڑی ہے
اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں

ہرن چونک اٹھے چوکڑی بھر رہے ہیں
کلولیں ہرے کھیت میں کر رہے ہیں

ندی کے کنارے کھڑے چر ہیں
غرض میرے جلوے پہ سب مر رہے ہیں

اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں
میں تاروں کی چھاں آن پہنچی یہاں تک

زمیں سے ہے جلوہ مرا آسماں تک
مجھے پاؤ گے دیکھتے ہو جہاں تک

کرو گے بھلا کاہلی تم کہاں تک
اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں

پجاری کو مندر کے میں نے جگایا
مؤذن کو مسجد کے میں نے اٹھایا

بھٹکتے مسافر کو رستہ بتایا
اندھیرا گھٹایا اجالا بڑھایا

اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں
لدے قافلوں کے بھی منزل میں ڈیرے

کسانوں کے ہل چل پڑے منہ اندھیرے
چلے جال کندھے پہ لے کر مچھیرے

دلدر ہوئے دور آئے سے میرے
اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں

بگل اور طنبور سنکھ اور نوبت
بجانے لگے اپنی اپنی سبھی گت

چلی توپ بھی دن سے حضرت سلامت
نہیں خواب غفلت نہیں خواب غفلت

اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں
لو ہشیار ہو جاؤ اور آنکھ کھولو

نہ لو کروٹیں اور نہ بستر ٹٹولو
خدا کو کرو یاد اور منہ سے بولو

بس اب خیر سے اٹھ کے منہ ہاتھ دھو لو
اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں

بڑی دھوم سے آئی میری سواری
جہاں میں ہوا اب مرا حکم جاری

ستارے چھپے رات اندھیری سدھاری
دکھائی دیے باغ اور کھیت کیاری

اٹھو سونے والو کہ میں آ رہی ہوں
 
Top