حکومتی وزرا وقتی سیاسی فائدے کے لئے جماعت احمدیہ کے خلاف نفرت پر مبنی مہم چلا رہے ہیں

جاسم محمد

محفلین
حکومتی وزرا وقتی سیاسی فائدے کے لئے جماعت احمدیہ کے خلاف نفرت پر مبنی مہم چلا رہے ہیں: ترجمان جماعت احمدیہ
11/11/2019 نیوز ڈیسک


جماعت احمدیہ پاکستان کے ترجمان سلیم الدین نے موجودہ سیاسی تناؤ میں وقتی سیاسی مفادات کے حصول کے لیے محب وطن اور پر امن جماعت احمدیہ کے خلاف نفرت آمیز مہم کو بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے پاکستان میں احمدیوں کے خلاف جھوٹے اور شرانگیز بیانات دے کر اشتعال انگیزی کی جا رہی ہے جس میں گذشتہ چند مہینوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ حد تو یہ ہے کہ وفاقی وزرا اور ریاستی ٹی وی چینل اس میں پیش پیش ہے۔

ترجمان نے کرتارپور راہداری کی بارے میں جھوٹے پراپیگنڈے پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی کے تبصرے کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے نجی ٹی وی چینل ہم نیوز پر کہا کہ ’میں لعنت بھیجتا ہوں ان پہ، اور عمران خان بھی لعنت بھجتا ہے قادیانیت پہ‘۔

ترجمان جماعت احمدیہ نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ کیا یہ حکومت کا موقف ہے جو وفاقی وزیر نے بیان کیا؟ اعظم سواتی کس کی ترجمانی کر رہے ہیں؟ وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے اپنی اور اپنی حکومت کی پوزیشن واضح کریں۔

ترجمان نے وفاقی وزیرکے توہین آمیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف وزیر اعظم پاکستان کرتارپور راہداری کا افتتاح کر کے دنیا کویہ پیغام دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان کی حکومت اقلیتوں کے لیے آسانیاں پیدا کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف ان کے اپنے وزیر اپنے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کی جانب سے محب وطن احمدیوں کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کر رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ حکومتی ارکان کی جانب سے احمدیوں کے خلاف نفرت پھیلانا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے حصہ ہے کیونکہ اس سے قبل امام جماعت احمدیہ سے ایک جعلی خط منسوب کرنے کی کوشش کی گئی اور اس سے قبل سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی نے برساوں پرانی جھوٹی ویڈیو نشر کی۔

خدشہ ہے کہ اس نفرت آمیز مہم کے نتیجے میں احمدیوں کے خلاف پر تشدد واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ حکومت وقت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ احمدیوں کے خلاف جاری اس جھوٹی اور بے بنیاد مہم کو روکیں جس میں ان کے وزیر بھی شامل ہیں۔
 
Top