منظر بھوپالی تم ہو محفل میں تو میری چشم تر دیکھے گا کون - منظر بھوپالی

جان

محفلین
تم ہو محفل میں تو میری چشم تر دیکھے گا کون
چاند کے آگے بھلا داغِ جگر دیکھے گا کون

یاد کے سوکھے گلابوں سے سجا ہے دل کا باغ
زخم یہ گزرے دنوں کے اب مگر دیکھے گا کون

آپ ہی کی ہے عدالت آپ ہی منصف بھی ہیں
یہ تو کہیے آپ کے عیب و ہنر دیکھے گا کون

میں ہی اپنا محتسب بن جاؤں ورنہ دوستو
گمرہ منزل ہوں یا ہوں راہ پر دیکھے گا کون

بجلیاں بھر پاؤں میں آگے زمانے سے نکل
بن گیا جو تو غبار رہ گزر دیکھے گا کون

ایک دن مظلوم بن جائیں گے ظلموں کا جواب
اپنی بربادی کا ماتم عمر بھر دیکھے گا کون

منظرؔ اپنے خون سے اس شاخ کو سر سبز کر
گر زباں مٹ جائے گی تیرا ہنر دیکھے گا کون

منظر بھوپالی​
 
Top