برطانیہ نے اپنے شہریوں کیلیے پاکستان میں سفری شرائط نرم کردیں

جاسم محمد

محفلین
برطانیہ نے اپنے شہریوں کیلیے پاکستان میں سفری شرائط نرم کردیں
ویب ڈیسک جمع۔ء 24 جنوری 2020
1964354-tourist-1579874137-878-640x480.jpg

2015 کے بعد سفری ہدایات میں واضح طور پر کی جانے والی یہ پہلی ترامیم ہیں۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات میں ترامیم کردی ہیں۔

پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات میں ترامیم کردی ہیں، مذکورہ جاری کردہ ترامیم برطانیہ کی جانب سے پاکستان کی امن و امان کی صورتحال کے وسیع پیمانے پر کیے جانے والے تجزیے کے بعد جاری کی گئی ہیں۔

ترامیم میں دیگر ہدایات کے علاوہ اب برطانوی شہریوں کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات بشمول کیلاش اور بموریت جیسی دلفریب وادیوں کے بذریعہ سڑک سفر کو بھی محفوظ قرار دیا گیا ہے جب کہ 2015 کے بعد سفری ہدایات میں واضح طور پر کی جانے والی یہ پہلی ترامیم ہیں۔


برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ میں نے دسمبر 2019 میں پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سفری ہدایات کے تجزیے کو ترجیحی بنیادوں پر رکھا، گذشتہ 5 سالوں کے دوران امن و امان کی بہتر فراہمی حکومتِ پاکستان کی ان تھک کاوشوں کا نتیجہ ہے، مجھے خوشی ہے کہ برطانوی شہری اب پاکستان میں خوبصورت سیاحتی مقامات سے زیادہ لطف اندوز ہوسکیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث جون 2019 میں برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لیے اپنی پروازوں کا دوبارہ سے آغاز کیا جب کہ اکتوبر 2019 میں برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان کا بیرونی دنیا میں تشخص تبدیل ہورہا ہے، معاون خصوصی

دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ برٹش ائیرویز کی بحالی اور شاہی جوڑے کی پاکستان آمد کے بعد برطانیہ نے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کی۔ یہ پرامن، روشن اور محفوظ پاکستان کی علامت ہے، پاکستان دنیا بھر میں سیاحت کے لیے حسین اور پر کشش منزل کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلی کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ فیصلہ نہایت خوش آئند ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا بیرونی دنیا میں تشخص تبدیل ہورہا ہے۔

برطانیہ کی سفری شرائط میں نرمی بڑی پیشرفت ہے، وزیرخارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ کی جانب سے سفری شرائط میں نرمی پر کہا ہے کہ 2015 کے بعد برطانیہ ٹریول ایڈوائزی کے حوالے سے یہ پہلی بڑی پیشرفت ہے اور مثبت ٹریول ایڈوائزی سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے، پرتپاک مہمان نوازی اس سرزمین کا خاصا تعلق ہے، سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
 
Top