برائے اصلاح: ہمیں کہا، نہ اُسے کوئی پی پلا کے ملے

مقبول

محفلین
محترم الف عین صاحب، دیگر اساتذہ کرام اور احباب سے اصلاح کی گذارش ہے

ہمیں کہا، نہ اُسے کوئی پی پلا کے ملے
جب اُس کو خود ملے واعظ تو لڑکھڑا کے ملے

اسے کہو کہ مجھے بھی تو مسکرا کے ملے
رقیب کو جو ہمیشہ ہی کھلکھلا کے ملے

وُہ کاش مجھ سے ملے فاصلے مٹا کے سبھی
اگر گلے نہ ملے ہاتھ ہی ملا کے ملے

اکیلے ملنے کا اپنا سرور ہے لیکن
مزہ ہے تب کہ وُہ دشمن کو بھی دِکھا کے ملے

ہم اس کو ملنے گئے اس نے جس جگہ بھی کہا
جہاں تھا جان کو خطرہ وہاں بھی جا کے ملے

وُہ مجھ سے عشق کی پوری نماز کیا پڑھتا
اسے تو میرے لیے فرض بھی قضا کے ملے

سنا ہے گرمئ جذبات کا وہ منبع ہے
جہاں سے جھونکے مجھے سرد سی ہوا کے ملے

ہماری پیٹھ میں یہ کس نے چھُرا گھونپ دیا
کہ ہم تو دوستوں کو تھے گلے لگا کے ملے

وہی تو لفظ ہیں مقبول میرا سرمایہ
جو مجھ کو اس سے ،بچھڑتے ہوئے دُعا کے ملے
 

الف عین

لائبریرین
ہمیں کہا، نہ اُسے کوئی پی پلا کے ملے
جب اُس کو خود ملے واعظ تو لڑکھڑا کے ملے
... خیال عجیب ہے، واعظ تو مطلق شراب نہ پینے کا کہے گا، اور عشق بازی سے باز آنے کا بھی، یہ بعید ہے کہ وہ یہ شرط رکھے کہ مھبوب سے ملو ضرور مگر سوبر حالت میں!

اسے کہو کہ مجھے بھی تو مسکرا کے ملے
رقیب کو جو ہمیشہ ہی کھلکھلا کے ملے
... پہلے مصرع میں "تو" زاید لگتا ہے، اور 'مجھے' ملنا بھی محاورہ نہیں
اسے کہو کہ وہ مجھ سے بھی مسکرا....

ہماری پیٹھ میں یہ کس نے چھُرا گھونپ دیا
کہ ہم تو دوستوں کو تھے گلے لگا کے ملے
... پہلا مصرع وزن سے خارج ہو رہا ہے
ہماری پیٹھ میں کس نے چھرا یہ گھونپ دیا
درست بحر ہے
باقی سارے اشعار درست ہیں
 

مقبول

محفلین
ہمیں کہا، نہ اُسے کوئی پی پلا کے ملے
جب اُس کو خود ملے واعظ تو لڑکھڑا کے ملے
... خیال عجیب ہے، واعظ تو مطلق شراب نہ پینے کا کہے گا، اور عشق بازی سے باز آنے کا بھی، یہ بعید ہے کہ وہ یہ شرط رکھے کہ مھبوب سے ملو ضرور مگر سوبر حالت میں!

اسے کہو کہ مجھے بھی تو مسکرا کے ملے
رقیب کو جو ہمیشہ ہی کھلکھلا کے ملے
... پہلے مصرع میں "تو" زاید لگتا ہے، اور 'مجھے' ملنا بھی محاورہ نہیں
اسے کہو کہ وہ مجھ سے بھی مسکرا....

ہماری پیٹھ میں یہ کس نے چھُرا گھونپ دیا
کہ ہم تو دوستوں کو تھے گلے لگا کے ملے
... پہلا مصرع وزن سے خارج ہو رہا ہے
ہماری پیٹھ میں کس نے چھرا یہ گھونپ دیا
درست بحر ہے
باقی سارے اشعار درست ہیں
سر الف عین
دونوں اشعار میں آپکی تجاویز کے مطابق ترمیم کر دی ہے
ترمیم شدہ مطلع آپ کی نظرِ ثانی کے لیے پیش کر رہا ہوں
جو درس دیتے تھے کوئی نہ پی پلا کے ملے
کسی حسیں کو ملے خود تو لڑکھڑا کے ملے
 

الف عین

لائبریرین
سر الف عین
دونوں اشعار میں آپکی تجاویز کے مطابق ترمیم کر دی ہے
ترمیم شدہ مطلع آپ کی نظرِ ثانی کے لیے پیش کر رہا ہوں
جو درس دیتے تھے کوئی نہ پی پلا کے ملے
کسی حسیں کو ملے خود تو لڑکھڑا کے ملے
ہاں، یہ درست لگتا ہے
 
Top